
افروز عنایت
نومہینے اپنے پیٹ میں سنبھالےدرد سہتی ہے، پھراولاد کی پیدائش کےبعدبھی مشکل منزلیں طے کرتی ہے۔اپنے آرام وسکون کو اولاد پر نچھاور کر دیتی ہے۔ یہ مہربان ہستی ماں
ہے۔
صرف اولاد کے بچپن تک اس کی یہ حالت نہیں ہوتی بلکہ جب تک وہ حیات رہتی ہے۔ اسے اپنے بچوں کی فکردامن گیررہتی ہے، چاہے اس کی اولاد بڑھاپے میں ہی کیوں نہ قدم رکھ چکی ہو۔ سبحان اللہ۔۔۔ یہ ہی خوبی انسان کو دوسری مخلوقات سےافضل کرتی ہے اور اشرف المخلوقات کی سیڑھی پرپہنچاتی ہے۔ پھر اللہ رب العزت نے بھی کائنات کی اس خوبصورت تخليق کی حرمت اور عظمت کا پیمانہ مقرر کر دیا ہےکہ جنت اس ہستی کے قدموں تلے رکھ دی۔ اس ماں کے قدموں تلے رکھی جنت کے حصول کے لیے اولاد پر اس عظیم ہستی کی خدمت محبت و فرمابرداری لازم کردی ہے۔
اس ہستی کو اللہ رب العزت نےایک اورشرف بخشا ہے کہ اپنے بندوں سے اپنی محبت کو ماں کی محبت کی مثال دے کر فرمایا ہےکہ میں اپنے بندوں سے ماں سے بھی ستر گنا زیادہ محبت کرتا ہوں۔ نہ صرف رب کائنات نےماں کی عظمت کو بلند کردیا ہے بلکہ اس ماں کی خدمت فرمانبرداری کرنے والی اولاد کو بھی دنیا وآخرت کی خوشخبری سنائی گئی ہے۔
بد نصیب ہے وہ مسلمان اولاد جواس انعام ربانی کوحاصل کرنےسےمحروم رہے۔ میں آخر میں یہ جملہ ضرور کہوں گی کہ ماں تو اولاد کے لئے دعا کا دروازہ ہے، یہ دروازہ کھلا ہی رہنا چاہیے۔ آمین ثم آمین یا رب العالمین۔ اس ہستی کے درد کو تو میرے نبی کریم کی احادیث مبارکہ سے بھی واضح کر دیا گیا ہے۔
آپ صل اللہ علیہ والہ وسلم فرماتے ہیں کہ میں نماز کےلیےکھڑاہوتا ہوں میراارادہ یہ ہوتا ہےکہ میں نمازلمبی کروں لیکن کسی بچے کے رونے کی آوازسن کرنماز مختصر کردیتا ہوں کہ اس کی ماں کو تکلیف دینا مجھے برا معلوم ہوتا ہے (صحیح بخاری)
بیشک ماں کے لئے اپنی اولاد کی معمولی تکلیف برداشت کرنا بھی بہت مشکل ہے۔وہ خود تکلیف واذیت میں رہ کر بھی اولاد کو سکھ و آرام دیتی ہے۔
رب العالمین نےتو کافرماں باپ کے ساتھ بھی حسن سلوک کی تاکید فرمائی ہے،پھر یقیناً مسلمان ماں باپ کا درجہ کتنا افضل ہوگا۔ سبحان اللہ ۔ غرض کہ اس دھرتی پر رب کائنات کی طرف سے افضل اور بے لوث رشتہ صرف ماں کا رکھا ہےجونہ صرف فرمانبردار اولاد کے لیےہی دعائیں مانگتی ہےبلکہ نافرمان اولاد کو بھی چاہتی ہے اور اس کے لئے دعا مانگتی ہے،یعنی یہ وہ دعا کے دروازے ہیں جو ہر وقت اولاد کے لیے کھلے رہتے ہیں بلکہ میں تو یقین سے کہوں گی ماں کے اس دنیا سے جانے کے بعد بھی اس کی دعائیں اپنی اولاد کے ساتھ ہوتی ہیں اور کام اتی ہیں۔
نگاہ دوڑائیں تو آس پاس اکثریت ایسے لوگوں کی ملے گی جو والدین اور خصوصاً ماں کی دعاؤں اورتربیت سےاعلیٰ مرتبے پر پہنچے ہوں گے۔
اللہ رب العزت سب کی ماوں کو سلامتی اور عافیت کے ساتھ رکھے آمین یا رب العالمین اور اولاد کو اس ٹھنڈی چھاؤں سے مستفید ہونے کی.سعادت نصیب کرے۔ آمین ثم آمین یا رب العالمین۔ آخر میں صرف ایک جملہ کہوں گی کہ اس ٹھنڈی چھاؤں کا کوئی نعم البدل نہیں یہ ماہ مبارک تو ویسے ہی نیکیاں سمیٹنے کی مبارک گھڑیوں سے آراستہ ہے اس لئے ان گھڑیوں میں والدین کوسکھ وارام پہنچا کر بھی آخرت کا اجر ثواب حاصل کرنا چاہیے اور جن کے والدین اس دنیا سے جاچکے ہیں ان کی مغفرت کی دعائیں مانگنا اولاد کا فرض ہے۔ سب کی آولاد کو رب العزت ماں باپ کے لئےصدقہ جاریہ بنائے آمین۔ یہ ہی سب والدین کی تمنا ہے۔




































