
افروز عنایت
نعیمہ!- واہ بھئی واہ تمہاری بہن میرے بھائی کےگھر عیش کی زندگی گزارے اور میں یہاں اس چھوٹے سے گھر میں رہوں،اس سال بھی میرابھائی اپنی بیوی کو پاکستان
ٹورپرلےجارہا ہے،اس مرتبہ تو میں بھی ضرورجاوں گی، کچھ بھی ہو جائے آپ مجھے بھی لے کر جائیں گے-
اقبال !- مجھے آفس سے چھٹی نہیں مل سکے گی ،ہم پھر کبھی کسی دوسرے موقع پرچلےجائیں گے ۔
نعیمہ!--( اپنے بیٹے عارف سے) اگراقبال میری بیٹی کو ٹورپر نہیں لے جاسکتا تو کوئی ضرورت نہیں۔ تم اقبال کی بہن کو گھماؤ پھراؤ--
عارف !- لیکن امی۔۔۔۔
نعیمہ !- میں نے کہہ دیا میری بیٹی نہیں جائے گی تو یہ بھی نہیں جائے گی --- اس طرح دونوں گھرانوں میں سرد جنگ کا سلسلہ جاری تھا ۔ آگ تو اس وقت بھڑک اٹھی جب اقبال کی دوسری شادی کی خبریں گردش کرنےلگیں ،اس سے پہلے کہ اقبال دوسری بیوی کو گھرلاتا، عارف نے بھی دوسری بیوی کا نہ صرف اعلان کردیا بلکہ اسےگھربھی لےآیا پھر تو دونوں گھرانوں میں ایک زوردارجنگ کا سلسلہ شروع ہوگیا،
دونوں طرف سے شرط یہ تھی کہ دوسری بیوی کو گھر سےنکالوآخر بچوں کی وجہ سے خاندان کے بزرگوں کےمشورے پردونوں نے اپنی دوسری بیویوں کو طلاق دے دی۔ لیکن دونوں گھرانوں میں آگے بھی اسی طرح چھوٹی چھوٹی باتوں پر لڑائی جھگڑے اور ریس چلتی رہی جس سے خصوصاً بچے بہت متاثر ہوئےاورپیارومحبت کے رشتوں میں فاصلے بڑھتے ہی گئے۔
اس قسم کےخاندانی فرسودہ روایات کی وجہ سے اکثر وبیشتراسی قسم کی صورتحال سےپورے خاندان کوسامنا کرنا پڑتا ہےجیسا کہ ایک خاتون نے بتایا ہمارے خاندان میں تین طلاقیں اسی وجہ سے ہوئیں کی ایک گھر کی دو بہنوں کےساتھ چچا کے دو بیٹوں سے شادی ہوئی اورچھوٹے چھوٹے مسئلے پربھی لڑائی جھگڑوں نے گھر کا سکون ختم کردیا اور نوبت طلاقوں تک پہنچ گئی۔لیکن کہیں کہیں عقلمندی اور افہام وتفہیم سے ایسے حالات پر بھی قابو پایا جاسکتاہے۔
شازمین اورریحانہ ایک ہی محلے میں رہتی تھی دونوں گھرانوں میں بڑی محبت تھی شازمین کی صرف ایک بیٹی تھی شوہر طلاق دے چکا تھا خود کسی ادارے میں ملازمت کرتی تھی جبکہ ریحانہ اپنے شوہراور بیٹے بیٹی کےساتھ رہتی تھی جب ان دونوں گھرانوں کے آپس کے رشتے کے بارے میں ہمیں معلوم ہوا تو ایک دم سے زبان سے ماشاءاللہ نکلا،رب العزت ان دونوں گھروں کو اسی طرح محبت سے رکھے۔ان سب کا تعلق ایک ہی خاندان سے تھا۔
شازمین کی شادی ریحانہ کےبھائی سے اور ریحانہ کی شادی شازمین کے بھائی سےہوئی لیکن ایک بیٹی کی پیدائش کے بعد شازمین اور اس کے شوہر کے درمیان اختلافات پیدا ہوگئے، جو طلاق پر ختم ہوئے اس طلاق کے لازمی طور پر اثرات ریحانہ کی ازدواجی زندگی پر بھی پڑسکتے تھے، جو دو بچوں کی ماں تھی اوران دونوں میاں بیوی میں جھگڑے شروع ہو چکے تھے لیکن شازمین نےبھائی اور بھابھی کے درمیان اختلافات کی شروعات دیکھی تو اسے بہت دکھ ہوا لہذا اس وقت اس نےافہام وتفہیم اور سمجھداری سے کام لیتے ہوئےاپنے پورے خاندان کےافراد کوجمع کیا اور واضح الفاظ میں یہ اعتراف کیا کہ اس طلاق میں ہم دونوں میاں بیوی کی مرضی شامل تھی کیونکہ اس بندھن کو مزید آگے لے جانا انتہائی غلط ثابت ہوتا اور اس کے منفی اثرات میری بیٹی پر پڑنا لازمی تھے۔ یعنی ہم دونوں قصور وار تھے اور طلاق لازمی تھی---لیکن اب دونوں میاں بیوی(ریحانہ اورسہیل) ایک خوش گوارزندگی گزار رہیے ہیں لہذااس رشتے کو اسی طرح خوش اسلوبی سے جاری رکھیں، ہماری وجہ سے آپ اپنی ازدواجی زندگی خراب نہ کریں ہماری طلاق آپ کی زندگی میں اثرانداز نہیں ہونی چاہیے ۔
اس میٹنگ کے خاطر خواہ نتائج سامنے آئے۔شازمین کےبھائی کا گھر ٹوٹنےسے بچ گیا ---اس طرح ایک عورت کی سمجھداری سےدوسری عورت کا گھر بچ گیا۔اب شازمین پہلےسے بھی زیادہ اپنےبھائی اور بھابھی سے محبت سے ملتی۔
مذکورہ بالا واقعات سے اندازہ لگایا جاسکتا ہےکہ افہام وتفہیم اور سمجھداری سےگھروندے آبادرہتے ہیں کیونکہ اکثر دیکھا گیا ہےکہ ایک عورت ہی دوسری کےگھرکو توڑنےکی سازشیں کرتی ہے۔
آج بھی ہمارے ارد گرد یہ سلسلہ جاری ہے کہ برادریوں میں مذکورہ بالا قسم کے رسم ورواج کی وجہ سے کئی لوگ مشکلات کا سامنا کرنےپرمجبورہوجاتےہیں لیکن اگر اس قسم کی صورتحال میں کوئی ایک ایسا ہوجوبردباری اور افہام وتفہیم سے کام لے تو مسائل حل کیے جا سکتے ہیں۔




































