
افروز عنایت
اس کائنات میں خونی رشتوں میں سب سےحسین اور بے لوث محبت نچھاور کرنے والا رشتہ والدین کا ہےجو اپنی تمام زندگی
اولاد کےلئے وقف کر دیتے ہیں، خصوصا ان کی دعائیں انسان کو گرنےسےبچاتی رہتی ہیں۔ میں اپنی زندگی پرنظر دوڑاتی ہوں تو مجھے ہر مشکل گھڑی میں اللہ رب العزت کے عطا کئےاس خوبصورت سائبان یعنی والدین کی دعاؤں نےسہارا دیا ہے۔ کن کن گھڑیوں کو آپ سے شئیرکروں تمام زندگی ان کی تربیت ان کی دعاؤں کا ساتھ رہا ہے۔
یہ ان دنوں کی بات جب میرے بچے بہت چھوٹےتھےشوہرکا ہاتھ بٹانےکےلئے میرا ملازمت کرنا بھی ضروری تھا ،اچانک ایک رات ،میری طبیعت خراب ہوگئی سینے میں شدید درد اٹھا اوربائیں بازو میں تکلیف اتنی کہ سانس لینا بھی دشوار ہوگیا۔ ساری رات قران پاک کی سورتیں پڑھ کر اپنے اوپر دم کرتی رہی ۔ تھوڑا سا فرق پڑاجیسے تیسے رات گزاری ،صبح ڈاکٹر کے پاس گئی (اس ڈاکٹر سے میری والدہ بھی علاج کروا چکی تھیں اور اپنے پیشےمیں بہت ماہرجانے جاتے تھے )ساری بات سن کر انہوں نے ای سی جی اور کچھ اور ٹیسٹ لکھ کر دیئے عارضی طور پر کچھ دوائیاں بھی دیں ،جب میں نے پوچھا کہ کیا مرض ہے تو کہنے لگے کہ ہوسکتا ہے میرا اندازہ غلط ہو لیکن اپ احتیاط کریں آج کل تو جوانوں کو بھی دل کاعارضہ ہو جاتا ہے گھبرانے کی ضرورت نہیں۔
میرے اسکول میں اورمیرے اپنےبچوں کےبھی سالانہ امتحان ہورہےتھے لہذامیں نے دوائیاں لینی تو شروع کردیں میڈیکل ٹیسٹ وغیرہ کے لئے سوچا کہ بعد میں کرواؤں گی ۔ دوائیوں سے اتنا فرق ہوا کہ درد کی شدت کچھ معمولی سا فرق آیا۔ابھی بچوں کے امتحان ختم ہی ہوئے تھے کہ میری والدہ (اللہ ان کے درجات بلند فرمائے آمین ) کی طبعیت خراب ہو گئی اور انہیں ہسپتال میں داخل ہونا پڑا ،ان کی تکلیف سن کر میں اپنی تکلیف بھول گئی۔ اماں کو میں نے سرسری طور پر اپنی تکلیف کے بارے میں بتایا تھا ۔ایک دن ہسپتال میں اماں کے پاس آپی کے رہنے اور ایک دن میرے رہنے کا فیصلہ کیا گیا۔
تمام رات ڈاکٹرکی ہدایت کے مطابق اماں کا خیال رکھنا ضروری تھا ۔ اس دن حالانکہ مجھے خود بھی سینے میں ہلکا ہلکا سا درد تھا،خیر میں اماں کے آہستہ آہستہ پاؤں دبانے لگی ۔ہم آپس میں باتیں بھی کر رہے تھے۔ انہوں نے مجھ سے میری طبیعت کا پوچھا شاید میرے چہرے سے انہیں کچھ اندازہ ہوا ہو، میں نے بات کو ٹالنے کی کوشش کی کہ ڈاکٹروں کو کچھ سمجھ میں تو نہیں آتا بس ٹیسٹ پر ٹیسٹ کرواتے جاتے ہیں ۔ اب بھلا مجھے ای سی جی وغیرہ کروانے کی کیا ضرورت ہے۔ میری بات پر اماں نے اتنے پراعتماد لہجے میں کہا ،ان شاءاللہ تمہیں کچھ بھی نہیں ہوگا لیکن ایک مرتبہ اپنا مکمل چیک اپ ضرور کروالو۔ اس رات اماں جب تک جاگتی رہیں مجھےدعائیں دیتی رہیں اور خصوصاً فوری ٹیسٹ کروانے کی تاکید کرتی رہیں__
اماں کی زندگی اتنی ہی تھی ،اللہ کی رضا سےاگلے دن ان کا انتقال ہو گیا جوہم سب بہن بھائیوں کے لئے بہت بڑا المیہ تھا جس سے آسانی سے باہر نکلنا مشکل لگ رہا تھا مگر ہر نفس کو موت آنی ہے اور برداشت کرنا ہی پڑتا ہے ۔ دو ہفتے کے بعد مجھے یادآیا کہ مجھے تو اپنے ٹیسٹ بھی کروانے ہیں لہذا میں نے سارے ٹیسٹ کروائے اور تمام رپورٹس لے کر ڈاکٹر کے پاس گئی ۔ ڈاکٹر میری رپورٹس دیکھ کر حیران ہوگیا اورمبارک دی کہ آپ کے سارے ٹیسٹ کلئیر ہیں اور یہ کسی معجزے سے کم نہیں ۔ پھر کہنےلگا آپ کو میں نے اس وقت نہیں کہا لیکن آپ کی حالت سے 90 فیصد آپ کو دل کی تکلیف کا اندیشہ تھا۔
ڈاکٹر کی بات سن کرمیری آنکھوں میں آنسو اگئےکہ بیشک یہ میری اماں کی دعاؤں کی بدولت اللہ رب العزت نے مجھ پر اپنا کرم کیا ہے، سبحان اللہ
آج اس بات کو تقریباً پچیس سال ہوگئے ہیں۔ الحمدللہ مجھے ویسی تکلیف دوبارہ نہیں ہوئی۔ بیشک والدین کی دعائیں ان کے اس دنیا سے جانے کے بعد بھی اولاد کے ساتھ رہتی ہیں۔ یہ سب میرے رب کا ہی کرم ہے۔




































