
افروز عنایت
نومنتخب امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم صاحب کی تقریر کا ایک حصہ سننے کاموقع ملا، جس کا مطلب کچھ اس طرح
سےتھا کہ اللہ کی ہر نعمت اس کےرزق کا ہی حصہ ہے۔
بیشک اللہ نے انسان کو جو کچھ عطا کیاگیا ہے،یہ اس کا عطا کردہ رزق ہی توہے۔انسان اللہ کےاس عطا کیے رزق ہی کی بدولت اپنی زندگی گزارسکتا ہے۔
یہ ناممکن ہے کہ اللہ اپنے بندوں پررزق کے تمام دروازے بند کردے۔ وہ سترماؤں سے زیادہ پیار کرنے والا کیسےاپنے بندوں سے اپنی تمام نعمتیں چھین سکتا ہے۔ ہم اپنے آس پاس نظر دوڑائیں تومعلوم ہوگا کہ کسی نہ کسی طرح اور کسی نہ کسی صورت میں اللہ بندوں کو اپنےرزق نوازتا رہتا ہے۔
مال ،اولاد، ذہانت ،عقل وشعور،صحت،ایمان ،عزت،قوت یہ سب اللہ رب العزت کا ہی توعطا کردہ رزق ہے۔ میں نےاپنےآس پاس بالکل مفلوک الحال گھرانوں کے بچوں کو بھی دیکھا ہےکہ اللہ کی عطا کردہ ذہانت اورطاقت کی بدولت نہ صرف خود مستفید ہوتےہیں بلکہ دوسروں کا حصہ بھی ان تک پہنچاتےہیں۔
اللہ رب العزت کو ان کی یہ ادا بھی بہت پسند آتی ہےجس کی وجہ سےاللہ انہیں مزید نوازتا ہے،ہمارے اس پاس اللہ کے بہت سے ایسے بندے بھی ہیں ،جنہیں اللہ رب العزت نے ان کی ذہانت سےانہیں دین کا علم عطا کیا ہے،وہ اس علم سے دوسروں کو محروم نہیں رکھتے۔ کسی نہ کسی طرح دوسروں تک پہنچاتے رہتےہیں اور یہ بھی حقیقت ہےکہ خلوص نیت سے دوسروں تک علم پہنچانے والوں کےعلم میں اضافہ ہی ہوتا ہے۔ ختصر یہ کہ جب آپ کو کسی ایک چیز کی کمی محسوس ہو تو اپنے اندر اور آس پاس اللہ کی عطا کردہ دوسری نعمتوں کو دیکھو خود بخود زبان پر شکر الحمدللہ کا ورد شروع ہو جائے گا۔
ایک خاتون جواپنے شوہرکی طرف سےسخت تکلیف میں زندگی گزاررہی تھی مگر اسےاپنے دونوں بیٹوں،اپنی صحت اوراللہ کی دوسری عطا کردہ نعمتوں کی وجہ ڈھارس پہنچ رہی تھی ۔ ان اللہ کے عطا کردہ رزق کی بدولت وہ شوہر کی زیادتیوں کو ہنسی خوشی برداشت کررہی تھی۔آج اس کا شوہر اس دنیا میں نہیں ہےلیکن اس کی اولاد نے اسے تمام سکھ وآرام پہنچایا ہے،جس پر وہ اپنے رب کا ہر گھڑی شکر ادا کرتی ہے۔
غرض کہ بندہ جب تک اس دنیا میں رہتا ہے،رب العزت اسےکسی بھی صورت میں رزق نوازتارہتاہے، سبحان اللہ ۔ اس لئےاس قادرمطلق کا ہر گھڑی شکر گزاررہنا چاہیےجو اپنے نیک اور گنہگار بندوں کوبھی ہرقسم کے رزق نوازتا رہتا ہے۔ سبحان اللہ




































