
افروز عنایت
الحمدللہ اللہ رب العزت کی طرف سے عطا کردہ رحمتوں اور برکتوں والامہینہ گزر گیا،ماہ رمضان مسلمانوں کے لئےتربیت نفس کا مہینہ ہے ،جی ہاں
تزکیہ نفس ،جو انسان کو معتبر بنا سکتا ہے ۔اپنے نفس کو نہ صرف پاک وصاف کرنا بلکہ اسے آئندہ کے لئے بھی پاکیزہ رکھنا بلکہ کسی بھی برائی کو قریب بھی بھٹکنے نہ دینا ،یعنی اس ماہ مبارک میں اللہ رب العزت کے حکم سے صرف روزے رکھنا ہی کافی نہیں یا اس ماہ مبارک میں صرف حقوق اللہ اور حقوق العباد کی پاسداری ہی نہیں کرنی بلکہ آئندہ کے لئے بھی اس تربیت کا حق ادا کرنا ہے ۔
یونیورسٹی میں سال ہا سال محنت کرکے میڈیکل کی ڈگری حاصل کرکے اسے الماری میں بند کرکے رکھنے سے کوئی فائدہ نہیں جب تک اس کی پریکٹس جاری نہ رکھی جائے اسےعوام الناس کے لئے استعمال نہ کیا جائے۔ اسی طرح رمضان کے 29 یا تیس دنوں سے حاصل کردہ ڈگری یعنی صائم کے لئے اگے اس ڈگری سے اپنے نفس کو ہر برائی سے بچانے کی اس صلاحیت کو کام میں لانا ہی اصل مقصد ہے ،جس سے ہم غافل ہیں سب کی بات نہیں کر رہی ہوں لیکن اکثر وبیشتر کے ساتھ یہی معاملہ نظر آتا ہے ۔ میں اپنے اس پاس ہی نظر دوڑاتی ہوں تو یہ صورتحال نظر آتی ہے ،مساجد میں نمازیوں کی تعداد کم ہوتی جارہی ہے ۔ تہجد کی ادائیگی کم ہوتی جارہی ہے ۔ اس مبارک مہینے میں بچے بڑے سب دن میں دوتین مرتبہ تلاوت قرآن کرتے ہیں لیکن ماہ رمضان کے بعد ہفتہ میں ایک ادھ بار ہی یہ توفیق حاصل ہوتی ہے، خصوصا نوجوان نسل ،رمضان میں لوگ کثرت سے نوافل اور قضا نماز کی ادائیگی کرتے ہیں لیکن اب وہ بھی ختم ہی سمجھو ،خیر خیرات کا سلسلہ بھی کم ہوتا جارہا ہے ۔
بیشک اس ماہ مبارک میں ہر نیکی کا اجر بڑھ جاتا ہےلیکن اس کا یہ مطلب نہیں کہ ہم دوسرے مہینوں میں نیکیوں سے اپنے آپ کو محروم رکھیں ،اسی طرح ماہ رمضان المبارک میں کچھ نفوس نے اپنی ذات کو بہت سی برائیوں سےدور رکھنے کی کوشش کی تھی ، مثلاً جھوٹ ،غیبت ، لڑائی جھگڑے، گالم گلوچ ،فضول قسم کی سرگرمی ، رشوت ،خیانت ،وغیرہ لیکن ان میں سے اکثریت اپنی پرانی روش پر آگئے ہیں تو پھر وہ تزکیہ نفس تو بیکار گیا جس کی تیس دن مشق کی گئی تھی افسوس بے حد افسوس اگر اس ماہ مبارک کےاصل مقصد کو مسلمان گرہ میں باندھ لیں تو یقیناً وہ ہر قسم کی برائی سے بچ سکتے ہیں۔ اس سلسلے میں ہم سب کو کوشش کرنی چاہیے ۔




































