
افروز عنایت
اکرام !-- دو بیٹیاں ہیں تو اس میں تمہاری بیوی کا کیا قصور، اللہ رب العزت کا شکر ادا کر کہ اس نے تجھے اولاد جیسی نعمت سے نوازا ہے ۔
سلیم !- بابا بیٹوں سے خاندان آگے بڑھتے ہیں۔ اسلام میں تو چار شادیوں کی اجازت ہے ،اگر میں نے دوسری شادی کرلی تو کیا جرم کر لیا اور میں تو بیٹے کی خواہش کی وجہ سے دوسری شادی کر رہا ہوں ۔
اکرام !--( قہقہہ لگاتے ہوئے) تو باپ بن کر سوچ، تیری بیٹیاں اللہ کی رحمت ہیں تیرے لئے ۔آج تو جو کچھ ہے ، ہوسکتا ہے کہ اللہ تبارک تعالیٰ نے تجھے ان بیٹیوں کی وجہ سے نوازا ہو ۔ تیری دوسری شادی کا سب سے زیادہ اثر ان بچیوں پر پڑے گا،ان کے ذہن میں ہمیشہ کے لئے یہ بات بیٹھ جائے گی کہ ہم اپنے باپ کے دل کے لئے سکون اور خوشی کا باعث نہیں تھیں جو ہمارے باپ نے بیٹے کی خواہش کی اور کیا ضروری ہے کہ دوسری بیوی سے تجھے بیٹا پیدا ہو؟
صرف اس مقصد سے دوسری شادی ،افسوس بے حد افسوس اور رہی نسل کی بات تو وہ تو بیٹیوں سے بھی آگے بڑھتی ہے،اس کائنات کی سب سے عظیم تر ہستی ہمارے نبی کریم صلی اللہ علیہ والہ وسلم کی ذات اقدس ہے آپ کی نسل آپ کی بیٹیوں سے ہی آگے بڑھی اور سرداران جنت کی والدہ حضرت فاطمہ زہرہ کو اپکا عکس کہا جاتا ہے۔ سبحان اللہ _
تجھے تو یاد بھی نہیں کہ جب تیری ماں کا انتقال ہوا تھا تو بارہ سال کا تھا تو اپنی ماں کا اکلوتا لاڈلا بیٹا تھا، ماں کے بچھڑنے پر تو سخت بیمار ہوگیا تھا ، اس وقت میں نے نہ صرف باپ بلکہ ماں بن کر تجھے سنبھالا، تب جاکر تو اس گہرے صدمے سے نکل پایا تھا ،اس کے بعد مجھے تیری دادی اور سب نے دوسری شادی کے لئے کہا لیکن میں نے سوچا نہ جانے دوسری عورت تجھے ماں جیسا پیار اور محبت دے سکے یا نہیں؟ میری دوسری شادی تیرے لئے دوسرا بڑا صدمہ نہ بن جائے لہذا میں نے سب کو منع کردیا کہ اب میری تمام خوشیاں اور میرا تمام وقت میرے بیٹے کے لئے ہی ہیں۔ میرے اس فیصلے سے تم پر مثبت اثرات ہوئے اور آج تم ایک کامیاب انسان ہو ۔آج اس کامیاب انسان کو کامیاب باپ بننے کے لئے اپنی خواہشات کو ختم کرنا ہوگا، اگر اج تم ایک کامیاب باپ بننا چاہتے ہو تو ان بیٹیوں کی تعلیم وتربیت پر ان کی ماں کے ساتھ مل کر اپنا وقت لگاو تو یقینا تمہارے لئے بیٹوں سے بڑھ کر یہ راحت کا سبب بنیں گی۔
سلیم کے دل پر باپ کی اس بات نے بہت اثر کیا ۔اس نے دوسری شادی کا ارادہ چھوڑدیااور اپنی پوری توجہ بیٹیوں کی تعلیم وتربیت پر لگادی۔
آنے والے وقت میں اس کی بیٹیوں نے نہ صرف تعلیمی لحاظ سے بلکہ شرافت اور سلیقہ مندی سے اس کے دل کو راحت پہنچائی ۔ بیشک آج اس کی بیٹیوں کو دیکھ کر سب اسکی تعریف کرتے ہیں کہ وہ ایک بہترین باپ ہے ۔ ماشاءاللہ




































