
افروز عنایت
ذوالحج کا بابرکت مہینہ امت مسلمہ کےلیےاپنے الله کی طرف سےایک اور انعامات حاصل کرنےکاموقع ہے کیونکہ ذوالحج سال کے بارہ مہینوں میں بڑی ممتاز حیثیت رکھتا
ہے۔ پارہ عم میں سورہ فجر کی آیت؛؛ الفجر ولیال عشر؛؛ میں اللہ رب العزت نے دس راتوں کی قسم کھائی اور کسی چیز پر رب العزت کا قسم کھانا اس چیز کی عزت اور حرمت پر دلالت کرتا ہے ،تو اللہ نے سورہ فجر میں جن دس راتوں کی قسم کھائی ہے ،اس بارے میں مفسرین کی ایک بڑی جماعت کا قول یہ ہے کہ اس سے مراد ذوالحج کی ابتدائی دس راتیں ہیں ،لہذا اس سے ان دس راتوں کی۔ حرمت عظمت اورعزت کی نشاندہی ہوتی ہے ۔
اسی طرح عشرہ ذوالحج کی فضیلت آپ کی حدیث مبارکہ سے بھی واضح ہے آپ صلی اللہ علیہ والہ وسلم نے فرمایا کہ جو عمل (ذوالحج کےدس) دنوں میں کیا جائے گا اس کے مقابلے میں دوسرے دنوں کا کوئی عمل افضل نہیں ؛ لوگوں نے
پوچھا کیا جہاد بھی ان کے برابر نہیں آپ نے فرمایا؛ جہاد بھی ان کے برابر نہیں سوائے اس شخص کے جس نےاپنی جان اور آل کو خطرے میں ڈالا اور کوئی چیز واپس لے کر نہ لوٹا (صحیح بخاری)سبحان اللہ
پھر تو بڑا بد نصیب ہوگا۔وہ شخص جو ان معتبر راتوں سے محروم رہا، لہذا پورے خلوص و نیٹ سے اس عشرہ ذوالحج سےاپنے دامن کو سیراب کرنا چاہئے۔امت مسلمہ کے لئے عشرہ ذوالحج کے ان معتبر دنوں میں تمام عبادات کو ان دس دنوں میں سمیٹ دیا گیا ہے ،یعنی حج نماز روزہ صدقات اور تمام عبادات اور نیکیاں وغيره ؛ سبحان اللہ
ان دس معتبر دنوں میں بندگان خداکو حج کی سعادت بھی حاصل ہوتی ہے،یہ وہ معتبراور افضل عبادت ہے جس کی ادائیگی سے بندہ اس طرح گناہوں سے پاک ہو جاتاہے گویا ابھی اس نے ماں کی گود سے جنم لیا ہو ۔
حج کا فریضہ جو زندگی میں صاحب حیثیت پر ایک مرتبہ فرض کیا گیا ہے ،لیکن یہ زندگی بھر بندگان خدا کوگناہوں سےبچنے کی توفیق عطاکرسکتا ہے اور یہی حج مبرور کی علامت ہے اور دوسری طرف ہر حاجی زندگی بھر حج کے مناسک اور ان سحر انگیز روح پرور مناظر کی گرفت سے آزاد نہیں کرپاتا ۔یہ مناظر اسے اپنے رب سے بھی جوڑے رکھتے ہیں سبحان اللہ ،خصوصا اس ماہ مبارک کے شروع ہوتے ہی میں ان مناظر سے اپنے آپ کو جدا نہیں کر پاتی ۔۔ جوں جوں حج کے دن قریب آتے جارہیں ہیں بہت سی خوبصورت یادیں اور تصویریں آنکھوں کے سامنے آتی جارہیں ہیں۔
وہ لمحے وہ گھڑیاں میں کبھی بھلا نہیں سکتی، شاید ہی کوئی مسلمان حاجی ایسا ہوگا جوان گھڑیوں کے سحر میں گرفتار نہ ہوا ہو ،خصوصاً مناسک کے حج کے وہ مخصوص دن جب بندہ دنیا مافیہا سے بے خبر صرف اور صرف رب العالمین کی طرف راغب ہوتا ہے نہ گھر والوں کی فکر نہ گھر کی۔ یہی تو وہ لمحے ہیں جب اللہ رب العزت فرشتوں سے کہتا ہے کہ میرے یہ بندے میرےایک حکم پرحاضر ہیں مٹی اور گرد میں آٹے ہوئے ،ان کے بدن اور لباس اور لبیک اللہم لبیک کی صدائیں ،سبحان اللہ کیا روح پرور مناظر ہیں ۔اندھیرے میں سفید احرام پہنے یہ اللہ کے بندے میدانوں اور چھوٹی چھوٹی پہاڑیوں پر دنیا جہاں سے بے خبر اللہ کی حمد وثنا میں مصروف دور سے جگمگاتےقمقموں کی طرح نظر آتے ہیں میں یہ سطور لرزتے ہاتھوں اور اشکبار آنکھوں سے لکھتے ہوے انہی مناظر میں کھوئی ہوئی ہوں۔
یہ لمحے ہیں ہی ایسے کہ بندے کو اپنی گرفت میں لے لیتے ہیں ڈھلتا ہوا وہ اندھیرا صبح کی سپیدی کا پہر ان اندھیروں کی اوٹ سے جھانکتا ہوااجالا،پھر سب حجاج کا اگلی منزل کی طرف رواں ہونا س،بحان اللہ، ایسے دل کو اپنی گرفت میں لینے والے مناظر میں نے اس دھرتی پر اور ان خوش قسمت لمحوں میں صرف اور صرف یہیں دیکھیے ہیں جس کی تفصیل اور احساسات کے لیے میرے قلم میں اور نہ ہی میرے ہاتھ میں طاقت ہے، اس دھرتی پاک پر پہنچ کر بندہ عجیب سحر میں گرفتار ہو جاتا ہے۔ عید کا دن بھی آگیا اس دن کی خوشی کو بیان کرنے کے لئے میرے پاس الفاظ نہیں ہیں۔جیسے ہی اطلاع ملی کہ آپ کی طرف سے قربانی ادا کردی گئی ہے تو ہم سب بچوں کی طرح خوش ہوگئے مجھے اپنا بچپن یاد آگیا ۔ جب عید کی رات ہم بچے مہک اٹھتے تھے مگر نہیں،یہ خوشی تو دوسری نوعیت کی تھی چہروں پر طمانیت شادابی،یہ صرف میرے دل کی کیفیت نہیں تھی بلکہ چاروں طرف یہی مناظر نظر آرہے تھے غرض کہ بارہ تیرہ سال گزرنے کے باوجود میں اس سحر سے نکل نہیں پائی ہوں اور نہیں لگتا ہے کہ میں کبھی ان لمحوں کو خود سے جدا کر پاؤں گی بلکہ اس وقت میرے دل کی یہ کیفیت ہے کہ کاش اللہ تبارک تعالیٰ مجھے دوبارہ وہ ہمت اور طاقت عطا کرے کہ پھر ان لمحوں سے فیضیاب ہوسکوں ، اگر چہ معلوم ہے کہ حج کی ادائیگی زندگی میں ایک بار صاحب حیثیت پر فرض کی گئی ہے ،لیکن ایک دعا ہمیشہ خصوصا ًان معتبر دنوں میں لبوں پر گردش کرتی رہتی ہے کہ اللہ رب العزت میرے حج کو حج مبرور کا درجہ عطا کرنا ،اور اس سعادت کو حاصل کرنے کے لئے ہر بدی اور برائی سے بچا کر بھلائی کا راستہ اختیار کرنے کی توفیق عطا فرمانا ،آمین ثم آمین یا رب العالمین ?




































