
افروز عنایت
عید کے دن جیسے جیسے قریب آتے ہیں بچپن کے حسین یادگار دن بھی ہلکے ہلکے سے ذہن کےدریچوں پر دستک دیتے جاتے ہیں ۔یہ
صرف میرے دل کی کیفیت نہیں بلکہ اکثر لوگوں کےیہی احساسات ہوتے ہیں۔معصوم خواہشات پھر ان خواہشات کے پورے ہونے پر دلی مسرت ، اپنے عید کے جوڑے ، چوڑیوں وغیرہ کے پیکٹ کو بار بار کھول کر دیکھنا ،مہندی لگے ہاتھوں کو دیکھنا کہ کتنا رنگ چڑھا ہے اور پھر ساری رات ان چیزوں کو لئے حسین خواب دیکھنا ،یقینا آج بھی بچے ان دنوں میں خوشی محسوس کرتے ہیں لیکن اب بچوں کی پہلی ترجیح ان کا موبائل فون ہی ہے اس کی وجہ سے دوسری خواہشات اور خوشیاں ماند پڑ چکی ہیں ۔
بچپن گزر گیا تو جوانی میں قدم رکھا ۔شادی کےبعدعملی زندگی میں کتنی ہی مصروفیات یا مسائل کا سامنا کرنا پڑا لیکن اماں بابا کے گھر عید کا دوسرا دن نہ صرف ہم بہن بھائیوں بلکہ ہمارے بچوں کے لیے بھی ایک زبردست ایونٹ (تقریب) کی مانند ہوتا تھاجس کی تیاری کے لئے خاص اہتمام کیا جاتا ۔نہ صرف ہم بہن بھائی بلکہ ہماری کزنز بھی اس دن خاص اہتمام کے ساتھ آتیں اور ایک دوسرے سے مل کر جو خوشی محسوس ہوتی اس کو الفاظ بیان کرنے سے قاصر ہیں کیونکہ ہم سب کا بچپن بھی ایک ہی گھر میں گزرا تھا۔
(ان لمحات کے لئے میرے پاس الفاظ نہیں )چند دن پہلے میری چچازاد بہن بتول سے فون پر بات کرنے کا اتفاق ہوا،کہنےلگی باجی کتنے حسین دن تھے عید کے دوسرے دن بابا اماں(ہمارے والدین )کے گھر سب اکھٹے ہوتےتھے کتنی رونق ہوتی تھی اب تو سالوں بعد ملنا ہوتا ہے ۔
میری کزن نے غلط نہیں کہا تھا مجھے تو یوں لگتا ہےجیسے وہ حسین دن اور وہ محبت بھری ملاقاتیں ہم سے کہیں روٹھ گئی ہیں۔
مجھے آج بھی یاد ہے۔عید کے دوسرے دن ،اماں کا تین چار کمروں کا فلیٹ ہمارے قہقہوں سے گونج اٹھتا ، چاروں کمرے پچیس تیس لوگوں سے بھر جاتا ،جگہ کم لیکن دل کشادہ تھے ۔ بچے ایک دوسرے سے کھیلنے ،لڑتے اور مستیوں میں لگے ہوتے ، پورا دن ہنسنے بولنے میں گزر جاتا لیکن دل نہیں بھرتا بلکہ وقت گزرنے کااحساس ہی نہیں ہوتا،بیشک سب کے دل ایک دوسرے سے جڑے ہوئے تھے ۔
اب یوں محسوس ہوتا ہے کہ اماں بابا کے اس دنیا سے جانے کے بعد عید کے وہ حسین لمحے ہم سے بچھڑ گئے ہیں۔ اللہ رب العزت سب بہن بھائیوں کو اپنے اپنے گھروں میں اپنی اولاد کے ساتھ پاکستان میں اور بیرون ملک میں خوش وآباد رکھے (ادھا خاندان بیرون ملک رہائش پذیر ہے)
اب بھی ہم جب اکھٹے ہوتے ہیں تو ماضی کی ان حسین اور پرمسرت گھڑیوں کو ضرور دہراتے ہیں اور ہمارے چہرے ان یادوں سے دمک اٹھتے ہیں۔ بیشک ماں باپ کی رفاقت میں گزارے عید کے لمحات زندگی بھر فراموش نہیں کیے جاسکتے ۔اللہ رب العزت سب کے ماں باپ کو سلامت رکھے۔آمین ثم امین یا رب العالمین ?




































