
افروز عنایت
ناصر !-- بھائی صاحب آپ بھی عورتوں کی باتوں میں آگئے،ایسی نوکریاں تو خوش قسمتوں کوملتی ہیں اور ویسے بھی رشوت تو اب عام ہو
گئی ہے۔ اس مہنگائی کے دور میں اس کے بغیر گزارا ناممکن ہے ۔آپ نہیں لو گے تو آپ کا کوئی اور ساتھی لے گا ،یہ سلسلہ تو چلتا رہے گا اور بھابھی صاحبہ جو آپ کو یہ بھاشن دے رہی ہیں ۔انہیں کیا فائدہ پہنچ رہا ہے ۔ وہ صبح سات بجے گھر سے نکلتی ہیں نوکری کرنے ،خود بھی خوار ہورہی ہیں اور آپ کو بھی پریشان کر رہی ہیں۔ آرام سے بیٹھ کر کھائیں ۔اس نوکری میں تو لوگوں نے کوٹھیاں بنائیں ہیں۔
ساجد !-- ویسے انعم لوگ غلط نہیں کہہ رہے ، تمہاری بیکار کی ضد ہے کہ بچوں کی پرورش ہر صورت میں رزق حلال سے ہی کرنی ہے، ان پانچ بچوں کے تعلیمی اخراجات ، کہاں تک پورے کرسکیں گے ۔اگر دیکھا جائے تو اس سے زیادہ تکلیف تمہیں ہورہی ہے ۔ملازمت کے ساتھ گھر میں دس بچوں کو ٹیوشن دینا وغیرہ ۔اس کے بعد کیا تم گھر کو وقت دے سکو گی ؟؟
انعم !-- ساجد آپ گھر کی طرف سے پریشان نہ ہوں ۔ان شاءاللہ میں سنبھال لوں گی۔ آپ صرف میری یہ ایک بات مان لیں۔ ضرور ایک وقت ایسا آئے گا کہ جب اپ میری بات کی دل سے قدر کریں گے۔
انعم ایک خوشحال گھرانے سے تعلق رکھتی تھی لیکن اس کے ماں باپ نے رزق حلال کو ہمیشہ اہمیت دی تھی،یہی تعلیم انہوں نے اپنے بچوں کو بھی دی تھی۔جب سے اس کی شادی ہوئی تھی، اس نے ساجد کی ہر بات میں ہاں میں ہاں ملائی تھی کیونکہ اس کی ماں نے اس کی تربیت اسی طرح کی تھی لیکن اب اسے ساجد کی اس بات سے اختلاف تھا کہ گھر میں رشوت کی کمائی بھی آئے گی جس کی نہ صرف اس نے مخالفت کی بلکہ ساجد کو راضی بھی کیا کہ صرف اپنی حلال کمائی پر توکل کریں گے ۔
جبکہ ساجد کے دوستوں نےاور اس پاس کے لوگوں نےساجد کا مذاق اڑایا کہ کیا دقیانوسی سوچ رکھتے ہو اور کچھ نے تو اسےاحمق اوروقوف تک کہا لیکن انعم اپنے شوہر کی اس بات ماننے پر زندگی بھر مشکور رہی اور اکثر اپنے بچوں کے سامنے بھی اس کا فراغ دلی سے اظہار کرتی۔
وقت کے پہیے کو کس نے روکا ہے ،گزر ہی جاتا ہے ،اسی سفر میں انعم کےماہ وسال گزرتے گئے ۔ حکم الٰہی کے مطابق عمل کرنے سے اس کے راستے میں بہت سی دشواریاں آئیں لیکن اسے ذہنی سکون حاصل تھا اور سب اہم بات جو اس نے نوٹ کی کہ کل تک وہ جو ایک کمزور اور ناتوان سی خاتون تھی اور اس پاس کے لوگوں کی بھی اس کے بارے میں یہی رائے تھی۔ایسا ہر گز نہ تھا اللہ نے اسے بہت سی صلاحیتوں سے نوازا تھا اور وقت کے ساتھ ساتھ وہ صلاحیتیں سب کے سامنے آتی گئیں اور کل تک جو رزق حلال کے حصول کا سفر مشکل تھا وہ آساں ہوتا گیا سبحان اللہ۔
اور اس رزق حلال کی برکات بھی سامنے آنا شروع ہوگئی ۔
چھوٹا گھر ،کم آمدنی ،لیکن ذہنی اور دلی سکون سب کے چہروں سےعیاں تھا ۔پانچوں بچے نہ صرف ذہین بلکہ اپنی تعلیم کے لحاظ سے آگے تھے سب سے اہم بات یہ کہ اس پرفتن دور میں نیک صالح اور والدین کے فرمانبردار بھی تھے۔
شعیب !-- (مما کے دونوں ہاتھوں کو پکڑ کر ) بس مما بہت ہوگیا ۔الحمدللہ ہم دونوں بھائیوں کو بہت اچھی ملازمت مل گئی ہے اب اپ دونوں ، بابا اور آپ آرام کریں۔
دومنزلہ خوبصورت مکان کو دیکھ کر ساجد کی آنکھوں میں خوشی سے آنسو آگئے ۔ اج انعم اور ساجد کے پانچوں بچے نہ صرف تعلیم یافتہ اور اعلی عہدوں پر فائز ہیں بلکہ اس رزق حلال کا خوبصورت صلہ ان دونوں میاں بیوی کو یہ ملا ہے کہ بچے نیک اور فرمانبردار بھی ہیں جس پر آج وہ سب لوگ بھی رشک کر رہے ہیں، جنہوں نے ساجد کو بہکانے کی کوشش کی تھی ۔
ساجد جو کل تک انعم سے نالاں تھا ،آج اسے اپنی بیوی پر فخر ہے کہ اس نے نہ صرف اس کی دنیا کو بلکہ آخرت کو سنوارنے میں بھی تعاون کیا ۔الحمدللہ
بیشک رزق حلال کی برکتیں صرف یہ نہیں ہے کہ مال و زر میں اضافہ ہوتا ہے بلکہ کم مال کے باوجود اللہ صحت و تندرستی ،ذہنی سکون فرمانبردار اور نیک اولاد اور ہمت اور قوت سے بھی نوازتا ہے ۔




































