
افروز عنایت
امی !-- بیٹا اپ لوگوں کے پاس بھی گرمی ہوگی اپنا خیال رکھنا ۔
بیٹا !-- جی امی یہاں گرمی تو ہے لیکن الحمدللہ ہم تو سارا دن اے سی میں ہی ہوتے ہیں، اس لئے زیادہ احساس نہیں ہوتا لیکن امی اپ لوگ اپنا خیال رکھئے گا۔ ابو کو بھی باہر جانے سے روکیے گا بلکہ وہ ظہر کی نماز بھی گھر میں ہی پڑھ لیا کریں __اور لائٹ تو نہیں جارہی ہے؟؟؟
امی !-- بیٹا آج تمام رات نہ لائٹ تھی نہ گیس اور نہ پانی ۔
سنا کہ آج ایک ہفتے کے بعد پانی آئے گا ہم خوش تھے ۔ تو رات کے ایک بجے لائٹ چلی گئی ،جنریٹر بھی گیس نہ ہونے وجہ سے نہ چلا ،مجبورا صبح پانی کا ٹینکر ڈلوایا ،ٹینکر والوں نے بھی عوام کی مجبوری کا بھرپور فائدہ لیا ہے کہ یہ دگنی قیمت وصول کر رہے ہیں لیکن مجبوراً سب نے پانی کے ٹینکر دگنی قیمت میں ہی ڈلوائے ۔
ان دونوں ماں بیٹے کی گفتگو کوئی ڈرامے کے ڈائیلاگ نہیں بلکہ حقیقی زندگی کی ایک جھلک ہے ۔
یہ ہےکراچی کی موجودہ صورتحال جو پاکستان کا سب سے بڑا شہر ہے۔،کس سے کریں شکایت، کوئی پرسان حال نہیں۔ ساری سہولیات اور عیاشیاں حکمران طبقے کے لئے ہیں۔ ہمارے گھر میں اے سی ہے لیکن صرف دکھاوے کے لئے ،اگر مہینے میں ایک مرتبہ ادھا گھنٹہ چلا لیا تو بل دیکھ ہوش اڑ گئے۔ بیرون ممالک سے دونوں بیٹے بار بار تاکید کرتے ہیں کہ اے سی چلائے گا گرمی بہت ہے کراچی میں لیکن بجلی کے اضافی بل کا سوچ کر ویسے ہی پسینے چھوٹ جاتے ہیں،اور اگر اے سی چلایا تو۔الحمدللہ اس دیس میں دو وقت اچھا کھانے پینے کے قابل ہیں یہی رب العزت کا بڑا کرم ہے ۔
بہت سے لوگ تو اس سے بھی محروم ہیں ۔سوچنے کی بات یہ ہے کہ وطن کو ان چند سالوں میں کہاں پہنچادیا گیا ۔اس کا ذمہ دار کون ہے ؟؟؟؟




































