
افروز عنایت
امی !-- بیٹا تمہاری بھابھی کے لئے تین بچوں کےساتھ پہلی مرتبہ اکیلے ہوائی سفر کرنا مشکل ہوگا۔میں چاہتی ہوں تم دونوں بہنوں میں
سے ایک ساتھ چلی جائے ۔انعم کی تو ساس کی طبعیت کچھ ٹھیک نہیں ہے۔ تمہارے بچے تو ماشاءاللہ اپنے باپ کے ساتھ اکیلے بھی رہے جائیں گے ایک مہینے کے بعد واپسی ہوگی ،تمہارا بھی عمرہ ہو جائے گا اور ہاں اس سفر کا تمام خرچہ تمہارے بابا دیں گے ۔
ہا جرہ ایک خوش حال گھرانے سے تعلق رکھتی تھی لیکن شادی کے بعد کچھ معاشی مسائل کی وجہ سے مجبورا شوہر کا ساتھ دینے کے لئے اسے بھی ملازمت کرنی پڑ رہی تھی۔ بچے پرائیویٹ اسکولوں میں تعلیم حاصل کر رہے تھے ۔
الحمدللہ مشکل ہی سہی لیکن گزر بسر ہورہی تھی۔
اس وقت بچوں کے اسکول میں بھی تعطیلات تھیں لہذا اس نےسعودی عرب جانے پرحامی بھر لی۔
اس سر زمین پاک پر حاضری دینا ہر مسلمان کا خواب ہےاور ہاجرہ نےتو چھوٹی عمر میں سوتے ہوئے یہ خواب دیکھا تھا کہ وہ خانہ کعبہ کے خلاف کو پکڑے کھڑی ہے،۔سات یا آٹھ سال کی عمر میں دیکھا ہوا وہ خواب اس کے ذہن کے پردوں پر اج تک نقش تھا گرچہ دو دہائیوں سے زیادہ عرصہ گزر چکا تھا، آج جب امی نے اس سے بھابھی کے ساتھ جانے کی بات کی تو اسے اپنے خواب کی تعبیر پوری ہوتی نظر آئی۔
اور آج وہ جاگتی آنکھوں سے یہ اللہ کا گھر دیکھ رہی تھی ہاجرہ کے سامنے خانہ کعبہ کا حسین منظر تھا، اس کے قدم جیسے ساکت ہوگئے تھے ،وہ آنکھیں جھپکائے بغیر اللہ کے گھر کو دیکھ رہی تھی۔ ایسا ہی دلفریب منظر تواس کے خوابوں میں بسا ہوا تھا وہ ٹکٹکی باندھے نہ جانے کتنی دیر سے اس روح پرور منظر میں ڈوبی ہوئی تھی۔ بھائی کے آواز دینے پر بھی وہ اسی طرح مدہوش آنکھیں جھپکائے بغیر اس سحر کی گرفت میں تھی۔ اسے اپنی جماعت اول کی اسلامیات کی ٹیچر کی آواز کانوں میں گونجتی محسوس ہوئی کہ اس دھرتی پر اللہ کا پہلا گھر خانہ کعبہ ہے ۔ کیا میری اتنی اوقات ہے کہ آج اللہ کے گھر کو یوں روبرو دیکھ پارہی ہوں ۔ اللہ کا گھر ،اللہ کا گھر اللہ کا گھر،اس کی آنکھیں برس پڑیں ۔بھائی کے کندھے سے پکڑ کر جھنجھوڑنے پر وہ جیسے ہوش میں آگئی۔
بھائی !-- کہاں کھو گئی تھی ؟؟
ہاجرہ !-- بھائی ہم پہلی جماعت سے یہی پڑھتےآرہے ہیں کہ اللہ کا گھر خانہ کعبہ ہے اورآج اس گھرکومیری گناہگار آنکھیں اس حسین منظر کو جیتے جاگتے دیکھ رہی ہیں ۔جب وہ گھر سے اس سرزمین مقدس پر حاضری کے لئے نکل رہی تھی تو سب نے اسے کہا تھا کہ کعبہ پر پہلی نظر پڑے تو جو دعا مانگی جائے، وہ پوری ہوجائے گی وہ تو بس ٹکٹکی باندھے اس اللہ کے گھر کو دیکھنے میں مگن تھی لیکن اس کی اندر سے ایک آواز اٹھ رہی تھی ،اللہ مجھے اس در پر بار بار انا نصیب کر ۔ بیشک اللہ رب العزت جسے اس در پر بلانا چاہے اس کے لئے راستے بناہی دیتا ہے، اس طرح ہاجرہ کے خواب کو بھی تعبیر مل گئی۔
دن مہینوں میں اور مہینے سالوں میں بیت گئے ۔اس سفر مکہ ومدینہ کو گزرے ، دو دہائیاں بیت چکی تھیں لیکن وہ اللہ کے گھر کے ان ایمان افروز مناظر کو اج بھی اپنے دل و دماغ میں بسائے ہوئے تھی ۔اللہ رب العزت نے ہاجرہ کی کعبہ پر پڑی پہلی نظر والی دعا قبول فرمائی تھی۔
بیس سال کے بعد ذوالحج کے مہینے میں وہ اپنے بیٹے کے ساتھ اسی جگہ خانہ کعبہ کے سامنے کھڑی اشک بار آنکھوں سے اپنے رب سے سرگوشیوں میں ہم کلام تھی ،، بیشک میں گناہگار ہوں لیکن تیرا دربار ہم گناہگاروں کے لیے بھی ہمیشہ اسی طرح کھلا رہتا ہے، ان شاءاللہ اس در پر مانگی ہماری دعائیں ہماری بخشش کا ذریعہ بنیں گی اور ہمارے حج کو اللہ رب العزت حج مبرور کا درجہ عطا فرمائے گا ۔
آمین ثم امین یا رب العالمین




































