
افروز عنایت
صائمہ کواپنی ایک دوست کی بہن کی شادی میں جانے کا اتفاق ہوا۔ وہاں اس ہنستی مسکراتی اٹھارہ انیس سالہ لڑکی پر اس کی
نظر پڑیں ،پر نہ جانے کیوں اس کی مسکراہٹ اور ہنسنا مسکرانا اسے بناوٹی سا لگا ۔۔۔ خیر صائمہ اپنی دوست کے ساتھ باتوں میں مصروف ہوگئی۔ اس دوست سے پتہ چلا کہ وہ دلہا کی کزن ہے ۔
کچھ دنوں کے بعد اتفاقاً وہ لڑکی اسےایک خاتون کے ساتھ بازارمیں نظر ائی صائمہ نےایک سرسری سی نظر اس پر ڈالی وہ اسکے قریب سے گزر گئی ۔اس کے ساتھ جوخاتون دور سےکافی عمر رسیدہ لگ رہی تھی قریب سے دیکھا تو اتنی عمر رسیدہ نہیں تھی ،شاید زندگیوں کی تلخیوں نے اسے وقت سے پہلے بوڑھا کر دیا ہو ۔
ایک دن صائمہ فون پر اپنی دوست نگہت سے باتیں کر رہی تھی اتفاقاً اس لڑکی کا تذکرہ ہواتو نگہت نے امبر اور اس کی والدہ کی زندگی کے بارے میں اسے بتایا کہ امبر کی والدہ رقیہ اپنے چار بھائیوں کی اکلوتی بہن تھی نہ صرف والدین بلکہ چاروں بھائیوں کی بھی لاڈلی تھی ،اس لاڈ پیار نے اسے کافی حد تک خود سر اور ضدی بنادیا تھا جوانی میں قدم رکھا تو خوش شکل ہونے کے باوجود رشتے داروں میں سے کوئی اسے بہو بنانے کے لئے راضی نہ تھا ،چنانچہ غیروں میں رشتہ تلاش کیا گیا، اس طرح اس کا رشتہ نوید سے طے ہوگیا نوید کے گھر والے نچلے درمیانی طبقے سے تعلق رکھتے تھے گرچہ امبر کے والدین بھی بہت زیادہ دولت مند نہ تھے لیکن نوید کے گھر والوں سے بہت زیادہ خوشحال تھے ،اسی لئے نوید کے گھر والوں نے کوئی بات لڑکی والوں سے نہیں چھپائی ،لڑکے کی تعلیم اور تنخواہ ہر چیز واضح کردی۔
شادی کے چند دنوں کے اندر ہی رقیہ کی خامیاں سب کےسامنے آتی گئیں ۔وہ گھرکے کسی کام میں دلچسپی نہیں لیتی ۔اپنی مرضی سے سوتی ،اپنی مرضی سے اٹھتی ،گھر میں بوڑھے ساس سسر کب تک اس کے ناز اٹھا تے ۔یہاں تک کہ شوہر کے لیے صبح ناشتہ بنانا بھی اسے ناگوار گزرتا ۔اٹھتے بیٹھتے سب کے سامنے کہتی کہ اس گھر میں اکر مجھے مایوسی کے علاوہ کچھ نہیں ملا ۔ اس صورتحال کی وجہ سے دونوں میاں بیوی میں آئے دن لڑائی جھگڑے ہونے لگے ۔آخر اس نے الگ گھر کا مطالبہ کردیا ،ساس سسر نے بیٹے کا گھر بچانے کے لئے اس مطالبے کو بھی قبول کر لیا ۔الگ کرائے کا گھر ،بچی کی پیدائش کے بعد اس کی بھی ضروریات ،جس پر گھر میں روز روز لڑائی جھگڑے ہونے لگے۔ آخر وہ بچی کو لےکر ماں باپ کے گھر چلی گئی، بجائے بیٹی کو سمجھانے کے ماں باپ نے لڑکی کا ساتھ دیا اور طلاق ہوگئی۔طلاق کے بعد بچی ماں کے پاس رہی ،ماں نے کبھی بچی کو باپ سے ملنے نہ دیا اور نہ باپ نے ملنے کی ضد کی۔جب تک بھائیوں کی شادیاں نہیں ہوئیں تھیں، انہوں نے بچی اور بہن کو سر آنکھوں پر بٹھایا لیکن بھابھیوں کے آنے کے بعد گھر کے ماحول میں کافی فرق آگیا ،پہلے جیسی بات نہ رہی ۔
ماں باپ نے بیٹی کی دوسری جگہ شادی کروانی چاہی لیکن لڑکی کسی سمجھوتے پرراضی نہ تھی، کسی کے پہلی بیوی سے بچے تھے ،کسی کی آمدنی کم تھی، کسی کی فیملی زیادہ افراد پر مشتمل تھی ، غرض کہ وقت گزرتا گیا ۔ سب کی نظر میں اس طلاق میں لڑکی کا زیادہ قصور تھا ۔امبرا گرچہ نانا نانی کی چہتی تھی لیکن اس کے کانوں تک بھی ماں کی طلاق کی وجہ پہنچ چکی تھی ، کیوں کہ وہ کالج میں پڑھ رہی تھی اور چھوٹی بچی نہ تھی۔
مذکوورہ بالا قسم کے واقعات ہمارے معاشرے میں اکثرنظرآتے ہیں، کہیں لڑکےاور اس کے گھروالوں کا قصور ہوتا ہےاور کہیں لڑکی کا اور اس کے ماں وغیرہ کا لیکن ہمیشہ قصوروار لڑکی کو ہی سمجھا جاتا ہے، دوسری طرف طلاق کے منفی اثرات زیادہ تر لڑکی اور اس کی اولاد پر ہی پڑتے ہیں جیسا کہ مذکورہ بالا واقعہ سے ظاہر ہوتا ہے۔
اس سلسلے میں لڑکے اور لڑکی دونوں کے والدین کو ان کی شادی سے پہلے سمجھانا چاہیے بلکہ تربیت کرنی چاہیے کہ کس طرح سمجھوتہ کیا جاسکتا ہے اور اگر شادی کے بعد کوئی مسئلہ ہو تو انصاف اور ایمانداری سے لڑکے کے والدین لڑکے کو سمجھائیں اور لڑکی کے والدین لڑکی کو جبکہ عموما دیکھا گیا ہے کہ دونوں طرف کے والدین اپنے بچوں کو سامنے والے کے خلاف مزید بھڑکاتے ہیں اور قصور سامنے والے کا ہی نکالتے ہیں ،جس سے معاملہ سلجھنے کے بجائے الجھتاہی جاتا ہے _بیشک طلاق کواللہ رب العزت نے جائز قرار دیا ہے لیکن یہ اللہ کے نزدیک ناپسندیدہ فعل ہے ،جس کی وجوہات سے ہم سب آگاہ بھی ہیں ۔اس لئے کوشش کریں کہ آپ کے بیٹے اور بیٹیاں گھر کو گھربنائیے کی پوری کوشش کریں۔




































