
افروز عنایت
اسلامی سال کا آغاز محرم الحرام سے ہوتا ہے یعنی ہجری سال کا آغاز اس معتبرمہینے سےہوتا ہے جب آپ نے مکہ سے مدینہ ہجرت فرمائی
،یہ واقعہ ہجرت دراصل خود ایک جدوجہد، انقلابی نظریات اور عظیم قربانیوں پر مبنی ہے، ماہ محرم کی اہمیت کی صرف یہ ایک وجہ نہیں بلکہ یہ ان چار معتبر مہینوں میں سے ایک مہینہ ہے جنہیں رب کائنات نے حرام مہینے یا امن کے مہینے قرار دیا ہے ،جن میں مسلمانوں پر باہمی جنگ و جدل ،لڑائی جھگڑے قطعا حرام ہے ۔
آپ صلی اللہ علیہ والہ وسلم کی حیات طیبہ میں ہجرت کے بعد یہ ماہ مبارک 23 مرتبہ آ یاجس میں آپ کی سیرت مبارکہ اور تاریخ اسلامی کے بے شمار واقعات اور حادثات رونما ہوئے۔
سب سے اہم اور خاص واقعہ تو ہجرت کا ہی ہے جس کا ہر باب ایک منفرد اور سبق آموزتاریخ کو رقم کرتا ہے جس پر آج تک قلم و قرطاس کاسفر جاری ہے جب مکہ کے مسلمانوں نے بے سرو سامانی کی حالت میں اسلامی انقلاب کی منزل کی جانب پیش قدمی کی ،ریاست مدینہ کا قیام عمل پذیر ہوا اس اسلامی ریاست کی روشنیوں سے کفر اور جہالت کے اندھیرے دور دور تک ختم ہوئے اور اسلام کی شمع روشن ہوگئی۔
ہجری سال کی ایک اور منفرد حیثیت یہ بھی
ہے کہ دنیا بھر کے تمام اقوام کے سال شمسی مہینوں سے وجود میں آئےہیں ،واحد اسلامی سال کا آغاز قمری مہینوں سے تشکیل عمل میں آیا ہے، اس میں بھی رب العالمین کی مصلحت وحکمت نمایاں ہے کہ اسلام کی ساری عبادات سال کے بارہ مہینوں میں گردش کرتی رہتی ہیں ماہ رمضان سردیوں میں بھی آتا ہے اور گرمیوں میں بھی، اسی طرح حج کے مناسک کی ادائیگی کبھی سردیوں میں تو کبھی گرمیوں میں آتی ہے ،سبحان اللہ اس طرح تمام موسموں میں اس کی اہمیت اور افادیت کا احساس یقینی ہے ۔اس میں اللہ کی حکمت و مصلحت پوشیدہ ہے _
اس مہینے میں تاریخ اسلام کے یعنی اپ کی حیات طیبہ کی مناسبت سے بھی کچھ اہم واقعات پیش آئے جس میں شہادت حضرت عمر رضی تعالیٰ عنہ، غزوہ خیبر کا واقعہ ،ہجرت حبشہ کا واقعہ، ام المومنین حضرت صفیہ سے آپ صلی اللہ علیہ والہ وسلم کا نکاح،شعب ابی طالب میں آپ صلی اللہ علیہ والہ وسلم کے اہل عیال کی قید وبند اور بنو ہاشم کے اپ کے اہل عیال پر ظلم کا واقعہ، ،زکوٰۃ کی تنظیم قائم کی گئی اور نواسہ رسول صلی اللہ علیہ والہ وسلم حضرت امام حسین رضی تعالیٰ عنہ سرداران جنت کی شہادت ،کے واقعات شامل ہیں ۔ان تمام واقعات کے اسلامی تعلیمات پر نمایاں اور مستحکم اثرات کسی سے پوشیدہ نہیں ہے۔ آپ صلی اللہ علیہ والہ وسلم سے پہلے بھی مختلف انبیاء کرام کے ساتھ بھی کچھ واقعات محرم الحرام کے مہینے میں پیش آنے کے بارے بیان کیا جاتاہے ماشاءاللہ
المختصر اس معتبر مہینے میں رجوع الہی مومن کی شان ہے محرم الحرام میں عاشورہ کے روزے کی بھی بڑی فضیلت ہے غرض کہ اس ماہ میں ہر نیک عمل اور عبادت کو کرنے میں پیچھے نہیں رہنا چاہیے۔ بندگان خدا ان اعمال ، عبادات کے ذریعے اپنی زات کو زیادہ سے زیادہ مستفید کرسکتے ہیں جو اخرت کے لیے اللہ رب العزت کی رضا کا باعث بنے گے آمین ثم آمین یا رب العالمین




































