
افروز عنایت
نازنین !--بیٹی بھی ماں پر گئی ہے،سانولی ہے ۔
نورین !-- (نازنین کی خالہ زاد بہن)مجھے تو سانولی نہیں لگ رہی ہے ،ماشاءاللہ تمہاری بھتیجی تو بہت پیاری ہے ۔
خالہ !-- نورین بالکل صحیح کہہ رہی ہے،اصل میں تم خود بہت گوری ہو اس لئے تمہیں ایسا لگ رہا ہے _
نازنین !-- (منہ ٹیڑھا کرکے) مجھے تو سانولےرنگ کے لوگ بالکل زہر لگتے ہیں۔
نازنین کو اپنے حسن پر بڑا ناز تھا خصوصا ً اپنےگوری چٹی رنگت پر حالانکہ اس کےسب بھائی بہنوں کا رنگ صاف تھا لیکن وہ ان سب میں سے زیادہ خوبصورت تھی جس کا احساس اسے بچپن سے ہی تھا ۔جب بھابھی صفیہ اس گھر میں دلہن بنکر آئیں تو وہ اپنے گندمی رنگ کی وجہ سے بڑی پرکشش لگ رہی تھی ،لیکن نازنین کو وہ بالکل پسند نہیں آئی ،اکثر وبیشتر نازنین ہنسی مذاق میں بھابھی رقیہ کے رنگ کو تنقید اور مذاق کا نشانہ بناتی ،جس پر گھر کے کسی فرد نے رو ک ٹوک بھی نہیں کی اور اب تو وہ دوستوں اور کزنز وغیرہ کے سامنے بھی بھابھی کے گندمی رنگ کو سانولا کہنے لگی ،صرف یہی نہیں بلکہ بھابھی کے ہر کام میں بھی نقص نکالنا اپنا فرض سمجھتی۔ جب اس کی بھتیجی امبرین پیدا ہوئی تو اس کی گندمی رنگت کی وجہ کبھی اسے پیار تک نہ کیا اور اب دوسری بھتیجی پر اس نے ایک اور شوشہ چھوڑا ہماری بھابھی تو صرف سانولی سی بیٹیاں ہی پیدا کرتی جارہی ہے ،ویسے بھابھی رقبہ بڑی صبر وتحمل والی تھی اس لئے ۔ درگزر سے کام لے رہی تھی ۔ بڑے افسوس کی بات یہ تھی کہ نہ ماں نے اور نہ بڑی بہنوں نے اسے اس بات پر روکا۔
صرف گھر کے اندر تک اس کی یہ عادت قائم نہیں تھی بلکہ وہ گھرسے باہر بھی کہیں جاتی تو گندمی اور سانولے رنگ کے لوگوں کو حقارت سے دیکھتی ۔اب تو اس کی سہلیاں اسکو مذاق میں کہتی نازنین اگر تمہارا دلہا سانولے رنگ کا ہوا تو ،؟؟
نازنین غصے سے کہتی ،میں شادی ہال سے اٹھ کر چلی جاؤں گی۔
اس کے اس انداز سے اب تکبر کی بو آنے لگی تھی جسےگھر والے بھی نوٹ کرنےلگے ۔ خاص طور پر اپا ریحانہ نے اسےسمجھانے کی کوشش بھی کی کہ اب تم بڑی ہوگئی ہو ،اس لئے اب تمہیں اپنے طور طریقے بدلنے ہوں گے۔لیکن اسپر کوئی اثر نہیں ہوا ۔
اس نے گریجویشن مکمل کرلیا تھا، اب اماں کو اس کی شادی کی پریشانی تھی عموماً ان کی برادری میں اس عمر کی لڑکیوں کی شادی ہوجاتی تھی ،اس پاس کے لوگ اس کے ان طور طریقوں کی وجہ سے اس سے کترانے لگے تھے۔
اب تواماں کے ساتھ بہنیں بھی اس کے لئے رشتہ ڈھونڈنے میں مصروف ہوگئی، ہر رشتے میں سے یا تو نازنین نقص نکالتی یا سامنے والے اس کے انداز دیکھ کر پلٹ کر نہیں اتے ،اس طرح وقت ہاتھوں سے نکلتا جارہا تھا اخر باپ اور بھائیوں نے گھر والوں کو سختی سے کہا کہ مناسب رشتہ دیکھ کر ہاں کردو کہیں ایسا نہ ہو کہ پچھتانا پڑے _
بڑی مشکل سے عارف کا رشتہ نازنین کے ساتھ طے کر دیا گیا ،جب شادی ہال میں لوگوں نےعارف کو دیکھا تو حیران رہ گئے اس کا سانولا سا رنگ دیکھ کر اس کی سہیلیوں کے منہ سے تو بے اختیاریہ الفاظ نکل گئے کہ حور کے پہلو میں لنگور۔ مجبورا نازنین کو اب اسی مرد کے ساتھ سمجھوتہ کرنا پڑا کیونکہ اگے کا راستہ اندھیروں میں ڈوبا ہوا تھا ۔




































