
افروز عنایت
اس دھرتی پر واقعہ کربلا اپنی نوعیت کاعظیم اور منفرد واقعہ ہے جو ذاتی مفادات اوراقتدارکے لئےنہیں بلکہ تعلیمات اسلامی اور اصولوں
کی پاسداری اور پیروی کے لئےسر انجام دیا گیا، جس میں رہتی دنیا تک اور ہر دورکے لئے امت مسلمہ کے لئے سبق اورنصیحت موزن ہے۔ نواسہ رسول صلی اللہ علیہ والہ وسلم امام حسین جنہوں نے آغوش رحمت العالمین میں آنکھ کھولی اور سات سال آپ کی رفاقت میں گزارےاور شیر خدا حضرت علی رضی تعالیٰ عنہ اور لخت جگر حضور اکرم صلی اللہ علیہ والہ وسلم، فاطمہ زہرہ کے زیر سایہ پرورش پائی وہ کس طرح اقتدار کی خواہش رکھ سکتے ہیں۔ آپ تو مکمل طور پر تعلیمات اسلامی کےسانچے میں ڈھلے ہوئے تھے۔
آپ نے امت مسلمہ کے سامنےاس حق کےلیےآوازبلند کی کہ اگراسلامی ریاست میں غلط ہاتھوں میں حکومت آئی تواس کے خلاف آواز بلند کرنا یا جدوجہد کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے اور یہ پیغام اور جدوجہد رہتی دنیا تک امت مسلمہ کے لئے ایک پیغام اور نصیحت ہے کہ اسلامی ریاست میں عوام اور ریاست کے فلاح کے لئے حکمران وقت اسلامی شریعت پر نہ صرف خود عمل پیرا ہوگا بلکہ ریاست کو بھی اس شریعت کی پاسداری کا پابند بنایا جائے گا اور اقتدار وراثت نہیں بلکہ اہلیت کا حق ہے جیساکہ خود امام حسین رضی تعالیٰ عنہ نے ارشاد فرمایا کہ جو کوئی کسی ایسے بادشاہ کو دیکھتا ہے جو اللہ کی حلال کردہ چیزوں کو حرام کر رہا ہے اور اللہ سے کئے عہد کو توڑ رہا ہے اور نبی کریم صلی اللہ علیہ والہ وسلم کی سنت کو تمہیں نہیں کرنے دے رہا ہے، پھر بھی اس شخص کو غیرت نہ آئے نہ زبان سے اس کے خلاف آواز اٹھارہا ہے اور نہ عملی طور پر اس کے ظلم کے خلاف آواز اٹھاتا ہے تو خدا کو یہ حق حاصل ہے کہ اس ظالم بادشاہ کی جگہ اس شخص کو جہنم کی آگ میں جھونک دے ۔
بیشک اسی لئے امام حسین رضی تعالیٰ عنہ نے ظلم کے سامنے سر نہیں جھکایا اور آواز بلند کی اور اپنے پیاروں کے ساتھ شہادت کے مرتبے پر فائز ہوکر رہتی دنیا تک عظیم مثال بن گئے ۔یہ کوئی آسان بات نہ تھی کہ اپنے اہل عیال کے ساتھ ڈٹ گئے اور یزید کی بیت سے انکار کر کے مدینہ کی طرف واپسی کا سفر کیا ۔ امام حسین رضی تعالیٰ عنہ کا یہ عمل یزید کے لئے ضد بن گیا کیونکہ اس کی اصلیت لوگوں پر واضح ہوچکی تھی
اور اس نے آپ کا سرقلم کرنےکاحکم صادر کردیا،اس طرح آپ اورآپ کےعیال یزید کےظلم کا شکار ہوکر شہادت کے مرتبے پر فائز ہوگئے۔
حق وباطل کا یہ معرکہ شہادت حضرت حسین پر ختم نہیں ہوا بلکہ نواسہ رسول کا مرتبہ رہتی دنیا تک اور بلند ہوگیا۔یہ کوئی کہانی نہیں بلکہ وہ عظیم داستان جدوجہد ہے جو آج بھی اسلامی ریاستوں کے حکمرانوں اور باسیوں کو جھنجھوڑ نے کے لئے ہے، جہاں اسلامی شریعت سے چشم پوشی کرکے طاغوتی طاقتوں کو راضی کیا جارہا ہے ۔آج دیکھا جائے تو اسلامی ریاستوں میں جو انتشار اور بے راہ روی پھیلی ہوئی ہے ۔وہ اسلامی تعلیمات اور شریعت سے دوری ہے جس کے لئے آواز اٹھانا وقت کی اہم ضرورت ہے ۔مذکورہ بالا ارشاد امام حسین آج ہمیں اسی طرف توجہ دلا دیا ہے کہ ظلم اور شریعت کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف آواز اٹھاؤ۔




































