
افروزعنایت
کئی دنوں سے کوئی خوشی کی خبرسننےکےلئےکان ترس گئے تھے لیکن اس ہفتے ہمارے خوشی سے ترسے ہوئے کانوں
کو اچھی خبر سننے کو ملی ۔الحمدللہ۔ خبر یہ ہے کہ پاکستانی ایتھلیٹ نے اولمپکس میں ورلڈ ریکارڈ قائم کرکے پہلی پوزیشن کا تمغہ حاصل کرکے پوری قوم کا سر فخر سے بلند کردیا ہے ماشاءاللہ
آج ارشد ندیم کا تمغہ جیتنے پر پوری قوم خوشی سے سرشارہےاورہرطرف اس کی گونج ہے۔ گزشتہ دو دنوں سےیہ خبر میڈیا پر اور ہر خاص و عام کی زبان پر ہے ،جی ہاں چالیس سال کے بعد پاکستان کو یہ اعزاز ملنا سب کے لئے خوشی کا باعث ہے اور اس کڑے وقت میں پاکستانی عوام کے لئے باعث فخر ہے خصوصا نئی نسل بہت ہی خوش اور پر جوش نظر آرہی ہے ، قوم نے نہ صرف ارشد ندیم کو وطن کی سرزمین پر جوش خروش سے استقبال کیا ہے بلکہ ان کی حوصلہ افزائی کے لئے مختلف اداروں کی طرف سے انعامات کی بارش بھی کی گئی ہے۔ ماشاءاللہ
ہم اپنی نوجوان نسل سےکبھی بھی مایوس اورنا امید نہیں ہوئے ہیں،ماضی میں بھی ہمارے جوان اعزاز حاصل کرتے رہے ہیں لیکن گزشتہ چند سال سے ایسی خبریں سننے کے لئے کان ترس گئے تھے،آج ہم کیوں نہ ہم خوش ہوں یہ تو ہمارے ملک کے لئے اس مہینے اگست میں کامیابی کا وہ اعزاز ہے جو پوری قوم کے لئےآزادی کا تحفہ ہے۔ دوسری طرف جماعت اسلامی کی طرف سے کھل کر عوام کی تکالیف اور اسکے حل کے لئے آوازاٹھانا بھی قابل تحسین بات ہے۔ الحمدللہ
یہ دونوں واقعات وطن عزیزکے لئے نہایت اہم ہیں جس پر ہر خاص وعام سب خوش ہیں اورایک دوسرے کو مبارک بھی دے رہے ہیں ،کیوں؟؟
کیونکہ یہ خوشی کی خبریں ہمارے وطن عزیز اور ہم وطنوں سےتعلق رکھتی ہیں جو وطن کی عزت اور وقار کو بلند کرتی ہیں کہ یہ وطن ہمارا ہے، ہماری پہچان ہے ہم اس کی اچھائی اور برائی دونوں سے جڑے ہوئےہیں ،اس کے اثرات ہم پر پڑنا لازمی امر ہے اور ہمارے ہم وطنوں کی کامیابی بھی نہ صرف اس ملک کا نام روشن کرتی ہے بلکہ ہم وطن ہونے کے ناطے ہمارا بھی سر فخر سے بلند ہوجاتا ہے ،یہ صرف میری رائے نہیں ہے بلکہ ہر محب وطن کی رائے ہے اور یہی چیز ہمارے وطن سے ہماری محبت ، الفت ،وفاداری کی ضمانت ہے۔ ہم سب کی تمنا اور دعا ہے کہ
پاکستان کو اسی طرح ہمیشہ کامیابی اور عزت وقار ملتےرہیں اور ہماری نوجوان نسل ہر شعبے میں اسی طرح کامیابی کے جھنڈے گاڑھتی رہے ۔پاکستان کے عوام کی خوشحالی کے لئے آواز اٹھانے والے کامیابی سے ہمکنار ہوں تاکہ یہاں ایک ہر امن معاشرہ تشکیل عمل میں لایا جا سکے جس کی آج ہمیں اور خصوصاً ہماری آنے والی نسلوں کے لیے انتہائی ضروری ہے۔




































