
افروز عنایت
آج ہم مسلمان بڑادعویٰ کرتےہیں کہ ہمیں اپنےاللہ سےبڑاپیار ہے،ہم اپنے نبی سےبہت پیارکرتےہیں،یہ کیسا پیار ہے کہ جس
سے پیارکرتے ہیں اس کی مکمل پیروی نہیں کرتے یایوں کہیں کہ مکمل پیروی اوراطاعت نہیں کرتے۔
ایک معروف عالم دین کا ایک بیان سننےکا موقع ملاان کاایک جملہ تھا کہ پیارتو پیروی سےمنسوب ہے یعنی جس سے پیار کیا جاتا ہےاس کی پیروی لازم ہوجاتی ہے۔ زراغور طلب بات ہے کہ ہم دعوے تو بڑے کرتےہیں کہ ہم اپنے اللہ سے،اپنے نبی سےاورقرآن سےبہت پیارکرتے ہیں توکیا ہم اپنے نبی کریم صلی اللہ علیہ والہ وسلم کی مکمل طورپر پیروی واطاعت کر رہےہیں؟
آپ صلی اللہ علیہ والہ وسلم پراللہ رب العزت کی طرف سے نازل کی ہوئی کتاب کےاحکام پرعمل کر رہے ہیں ؟
قران پاک میں اللہ رب العزت نےجن گناہوں سےبچنے کی تاکید فرمائی ہے،ان گناہوں سے بچنے کی کوشش کر رہے ہیں ؟ جبکہ ان گناہوں میں مبتلا امتوں پر اللہ رب العزت کا عذاب نازل ہوا۔ ان کے ذکر کو تفصیل سےبیان کرنے کا مقصد بھی یہی ہےکہ ہم ان گناہوں سے اپنے آپ کو بچائیں لیکن فی زمانہ دیکھا جائے توآج ہم بہت سےان ہی گناہوں میں مبتلا ہیں ، جن کی وجہ سے گزشتہ امتوں پرعذاب نازل ہوا۔ اگر ہم اللہ کے رسول صلی اللہ علیہ والہ وسلم سے محبت کرتے ہیں تو ہمیں آپ کی مکمل پیروی کواپنےاوپرلاگو کرناچاہئے، نہ کہ کچھ احکام الہی پرجیسے تیسے عمل ہورہا ہے اورکچھ کوتو بالکل نظر اندازکردیا جاتا ہے،ویسےبھی دین میں تو مکمل داخل ہونےکی تاکید فرمائی گئی ہے۔
آج اگرچاروں طرف نظر دوڑائیں تو وہ تمام برائیاں آج ہمیں اس پاس نظرآرہی ہیں،زنا، بے حیائی، ہم جنس پرستی ، ان بڑے گناہوں کی وجہ ہی قوم لوط پرسب سے بڑا عذاب نازل ہوا اور ان کی پوری بستی کو الٹ دیا گیاجبکہ آج ہمارے معاشرے میں یہ برائی بڑی تیزی سے پھیل رہی ہے ،جس کے پھیلانے میں میڈیا، مخلوط محافل و تقریبات ،مخلوط تعلیمی اداروں میں سیروتفریح اورپکنک کے پروگرامزوغیرہ کا بڑا ہاتھ ہے،پھر ان ہی کی وجہ سے مردوں اور عورتوں میں تنہائی میں ملاقاتوں کا سلسلہ شروع ہو جاتا ہےجو زنا کا سبب بنتے ہیں جبکہ کہا گیا ہے کہ " ایک مرد ٓاور عورت تنہائی میں ہوں توان کے درمیان تیسرا شیطان ہوتاہے "اور یہی قربت زنا کی طرف لےجاتی ہے ۔
اج اگر کوئی اس چیزکے لئے آواز بلند کرتا ہےتو اسے دقیانوس کالقب دیا جاتا ہے اوراس کا مذاق اڑایا جاتا ہے۔ قرآنی تعلیمات توہمیں ہرفحاشی اوربے حیائی سےروکنے کا راستہ دکھاتی ہے۔ اسی لئے صرف عورت کے لئے نہیں بلکہ مردوں کے لئے کہا گیا ہے کہ آپ مومن مردوں سےکہہ دیں کہ وہ اپنی نگاہیں نیچی رکھا کریں اوراپنی شرم گاہوں کی حفاظت کریں ۔
اج معاشرہ جس بےحیائی کی طرف جارہا ہے،اس کے لئے ضروری ہے کہ ہم مکمل طورپرقرآن وسنت کی پیروی کریں یہی ہمارے نبی کریم صلی اللہ علیہ والہ وسلم سے ہماری محبت کی ضمانت ہوگی۔
جیسا کہ کسی شاعر نے کہا ہے کہ شرط ایمان مصطفی(صلی اللہ علیہ والہ وسلم ) سے والہانہ پیار ہے
پیار لیکن پیروی ہے
پیروی دشوار ہے




































