
افروز عنایت
آج چاروں طرف لڑکیاں شکوہ کرتی نظر آتی ہیں کہ انہیں سسرال میں نظر انداز کیا جاتا ہے یا ان سے اچھا سلوک نہیں
کیا جاتا ،کچھ لوگوں کی تو اس بارے میں یہ رائے ہے کہ لڑکیوں کی ڈیمانڈ بڑھتی جارہی ہیں جس کی وجہ سے وہ کہیں بھی سمجھوتہ کرنے کے لئے راضی نہیں ہوتیں ۔کچھ کہتے ہیں کہ ایسی لڑکیوں کو میکے کی طرف سے بھڑکایا جاتا ہے جس کی وجہ سے وہ ہر وقت سسرال اور شوہر سے نالاں رہتی ہیں۔ میں لوگوں کی مذکورہ بالا وجوہات سے انکار نہیں کر رہی ہوں لیکن ہر جگہ ضروری نہیں کہ بچیوں کا شکوہ بے بنیاد ہو ۔ تیس پنتیس فیصد لڑکیاں ضرور ایسی ہیں جو اپنے سسرال میں یقینا تکلیف کا شکار ہیں۔ اس سے انکار نہیں کیا جاسکتا اور ناممکن ہے کہ آپ لوگوں کی نظروں میں ایسی لڑکیاں نہ آئی ہوں ۔
مجھے افسوس اور دکھ اس بات پر ہوتا ہےکہ یہی لوگ جن کے گھروں میں بہو کے ساتھ ناروا سلوک برتا جاتا ہے ،وہ اپنی بیٹیوں کو سسرال میں پہنچنے والی معمولی تکلیف پر بھی چلا اٹھتے ہیں تو کیا ان کے گھر میں آئی ہوئی بہو کسی کی بیٹی نہیں ،جب آپ کو اپنی بیٹیاں عزیز ہیں تو دوسروں کی بیٹیوں کو بھی اتنا ہی عزیز رکھنا اور انہیں بھی عزت اور اہمیت دینا سسرال والوں اور شوہر کا فرض ہے ۔ اسی طرح رشتوں میں توازن اورحسن پیدا کیا جاسکتا ہے اور ایک اہم بات جو ہم سب جانتے ہیں لیکن اس پر عمل پچاس ساٹھ فیصد لوگ بھی نہیں کرتے جس کی وجہ سے ساس بہو کے رشتے میں دراڑ آجاتی ہے، وہ ہے بیرونی مداخلت ہے ،جی ہاں خصوصا ًشادی شدہ بیٹیوں اور رشتے داروں کی ، اگر ساس عقلمند ہوگی تو بیرونی مداخلت کو وہیں روک دے گی یا اسے اہمیت نہیں دے گی ۔
کچھ عرصے پہلےمیرااپنی ایک دوست کے گھرجانا ہوا جس کے بیٹےکی شادی کوکچھ ہی عرصہ ہواتھا۔وہاں میری دوست کی بہن بھی موجود تھی جو مسلسل اپنی بہن کو سمجھا رہی تھی کہ تم نے اپنی بہو کو بہت ڈھیل دے رکھی ہے ،کچن میں بھی تم اس کے ساتھ لگی رہتی ہو مجھے تو آپ پر رحم آتا ہے ۔اپنی بہن کی بات سن کر میری دوست نے جو جواب دیا وہ مجھے آج بھی ازبر ہے کہ معاف کرنا میری بہن لیکن یہ میرا اور صرف میری بہو کا معاملہ ہے ۔میں اپنی فیملی میں کسی کی مداخلت پسند نہیں کروں گی۔
ماشاءاللہ آج میری اس دوست کا گھرانہ قابل تعریف ہے۔ہاں اگر بہوسےکوئی شکایت ہو توساس کو ایک ماں کی طرح مناسب موقع پر اس کی اصلاح کرنا بھی فرض ہے بجائے یہ کہ وہ اس کے پیٹھ پیچھے لوگوں کے سامنے رونا روتی رہے۔یہاں میں ماؤں سے بھی کہوں گی کہ اپنی شادی شدہ بیٹیوں کواوراپنی بہنوں کو بہت عزت احترام دیں،با وقت ضرورت ان کی مدد بھی کریں، یہ ان کا ہے لیکن اپنے گھریلو معاملات میں مداخلت سے انہیں دور رکھیں اس طرح بھابھی اور نند کے رشتے میں بھی خوبصورتی اور مضبوطی پیدا ہوتی ہے ۔
میں یہاں اپنی تینوں بہوؤں اور اکلوتی بیٹی کی مثال ضروردوں گی کہ یہ چاروں آپس میں اچھی دوست ہیں،ساتھ سیر تفریح کرتی ہیں۔ فون پر ایک دوسرے کا حال احوال لیتی ہیں۔ مجھے میری بیٹی کے آنے کا معلوم نہیں ہوتا کہ وہ کب آئے گی جبکہ میری بہو کو اور پوتی کو معلوم ہوتا ہے کی عفت کس دن آئے گی ۔بیٹی جو پروفیسر ہے اور بہوئیں بھی تعلیم یافتہ ہیں لیکن ایک دوسرے کے نجی معاملات میں دخل اندازی سے پرہیز کرتی ہیں ۔اللہ رب العزت انہیں اسی طرح محبت اور اتفاق کے ساتھ رکھے ۔آمین یا رب العالمین
مختصر یہ کہ گھر سے باہر والوں کی مداخلت گھر کے اندر رہنے والوں کو ضرور متاثر کرتی ہے جس سے ہوشیار رہنا چاہیے ۔




































