
افروز عنایت
میں ائیر پورٹ کے لاونچ میں بیٹھی اپنے بیٹے سےفون پر بات کر رہی تھی کیونکہ فلائٹ میں ابھی کافی وقت تھا ،میرے
سامنے کچھ خواتین بچے اور مرد حضرات بھی بیٹھے تھے فون بند کرکے سامنے بیٹھی خواتین کی طرف نظر دوڑائی جن میں دوتین عبایہ میں اور دوتین مناسب پیرہن (لباس) زیب تن کیے ہوئے تھی ،ایک دو کے ساتھ بچے بھی تھے ،کونے والی کرسی پر ایک پینتیس چالیس سالہ درمیانے شکل صورت کی خاتون چہرے پر گہرا میک اپ کئے ہوئے، بغیر استین کی ٹی شرٹ اور ٹاوزر زیب تن کیے ہوئے تھی جس میں سے اس کی پنڈلیاں بھی نظر آرہی تھی جو سامنے بیٹھے ہوئے مردوں کی نظروں کا مرکز تھی ،کچھ تو نفرت سے منہ پھیر کر اپنے موبائل میں مصروف ہوگئے لیکن دو تین ہوس بھری نظروں سے اسے دیکھ رہے تھے اور اشارے بازیوں سے بھی باز نہیں آرہے تھے ، اور خاتون اس بات پر فخر محسوس کر رہی تھی کہ وہ آنے جانے والے لوگوں کی نگاہوں کا مرکز ہے ۔ ایک اور بات میں نے نوٹ کی کہ مکمل ستر پوشی میں اور باحجاب عورتوں کے لئے ان مردوں کی آنکھوں میں عزت دی تھی آنے جانے والے کی نظر ان پر پڑتی بھی تو فورا دوسری طرف نظر پھیر دیتے الحمدللہ
ان دوسری قسم کی خواتین کو دیکھ کر بہت افسوس ہوتا ہے جو اس طرح مختصر لباس میں گھروں سے نکلتی ہیں ۔حجاب ایک اڑ ہے دوسروں کی نگاہوں سے بچنے کے لیے ،جسکی اہمیت دن بدن کم ہوتی جارہی ہے ،
لیکن اس کی اہمیت کا اندازہ تو اسی بات سے ہوتا ہے کہ اللہ رب العزت نے قرآن پاک میں اسکے احکامات پر عمل کرنے کی تاکید فرمائی ہے ۔
سورہ النور میں ارشاد باری تعالٰی ہےکہ اوراے نبی (صلی اللہ علیہ والہ وسلم )مومن عورتوں سے کہہ دوکہ اپنی نظریں بچا کررکھیں اور اپنی شرم گاہوں کی حفاظت کریں اور اپنا بناو سنگھار نہ دکھائیں،بجز اس کے جوخود بخود ظاہر ہو جائے اور سینوں پر اپنی اوڑھنیوں کے انچل ڈالیے رہیں۔ وہ اپنا بناو سنگھار نہ ظاہر کریں مگر ان لوگوں کے سامنے شوہر، باپ ،شوہروں کے باپ، اپنے بیٹے ،بھائی، شوہروں کے بیٹے ، بھائی، بھائیوں کے بیٹے،بہنوں کے بیٹے،اپنے میل جول کی عورتیں ،اپنے مملوک، زیردست مرد جو کسی اور قسم کی غرض نہ رکھتے ہوں،اور وہ بچے جو عورتوں کی پوشیدہ باتوں سے واقف نہ ہوئے ہوں ۔ وہ اپنے پیر زمین پر مارتی ہوئی نہ چلا کریں کہ اپنی جو زینت چھپا کر رکھی ہو اسکا لوگوں کو علم ہو جائے ۔اے لوگوں تم سب ملکر توبہ کرو ،توقع ہے فلاح پاؤگے ۔
یہ ارشاد باری تعالٰی خواتین کے لئے ایک مکمل نصاب ہے،ایک مکمل طریقہ کار ہے کہ وہ کس قسم کا لباس پہنیں ،کس طرح بولیں ،کس طرح چلیں ، اپنے اس پاس کے تمام مرد رشتوں کےدرمیان اس کی حدود کیا ہونی چاہیے ،ہر چیز تو کھول کھول کر بیان کردی گئی ۔ اللہ اور اس کے رسول نے عورت کی حجاب اور حیا کو کیوں اتنی اہمیت دی ہے اسکے پیچھے کیا مصلحت ہے اس حقیقت سے تقریبا ہم سب ہی واقف ہیں ،آج ہمارے معاشرے میں پھیلی ہوئی گندگی بے حیائی کی بڑی وجہ یہی عورت کی عریانی اور بے حجابی ہے جسے فیشن کا نام دے کر مخصوص طبقے کی طرف سے اسے عزت سے بھی نوازا جارہا ہے۔پردہ اگر معمولی اور غیر ضروری ہوتا تو اللہ اسکے لئے قران پاک میں احکامات نازل نہ کرتا ۔
اکثر گھروں میں دیکھا جاتا ہے کہ بچیاں بڑی ہوری ہیں۔ وہ باپ بھائی ،گھر کے مردوں کےعلاوہ دوسرے نامحرم مردوں کے سامنے بھی بغیر دوپٹہ آزادی سے گھوم رہی ہیں لیکن ماؤں کو کوئی پروا نہیں اگر گھر کی نانی دادی اس سلسلے میں کجھ کہے تو نظر انداز کر دیا جاتا ہے کہ ہر بات پر روک ٹوک کرنا ان بوڑھوں کی تو عادت ہے ۔لہذا پھر بچے بھی بزرگوں کی نصیحتوں کو کوئی اہمیت نہیں دیتے۔اس سلسلے میں مسلمان ماؤں کا کردار بڑی اہمیت کا حامل ہے۔ وہ چھوٹی عمر سے ہی بچیوں کو مکمل ستر پوشی اور حجاب کی اہمیت دلائیں تاکہ وہ اس پر فتن دور میں اپنی مکمل حفاظت کر سکیں۔




































