
افروزعنایت
لاکھوں درود وسلام اللہ رب العزت کےآخری نبی صلی اللہ علیہ والہ وسلم کی زات اقدس پر،آپ صلی اللہ علیہ والہ وسلم کی حیات طیبہ امت مسلمہ کےلئے
مشعل راہ ہے،آپ نےاپنی امت کونہ صرف جینےکا ڈھنگ سکھایا بلکہ آنے والی نسلوں کی تربیت کرنےکا طریقے سے بھی ہمیں نوازاہے۔سبحان اللہ
یہ آنےوالی نسلیں نہ صرف ملک وقوم کی معمارہیں بلکہ ماں باپ کےلئےصدقہ جاریہ بھی ہوسکتی ہیں جیسا کہ حدیث مبارکہ سے واضح ہے،حضرت ابو ہریرہ رضی تعالٰیٰ عنہ سے روایت ہے کہ آپ صلی اللہ علیہ والہ وسلم نے فرمایا کہ بندہ جب مرجاتا ہےتو اس کے اعمال کا سلسلہ منقطع ہو جاتا ہےمگر تین چیزیں( ان کا ثواب برابرملتارہتا ہے) صدقہ، وہ علم جس سے نفع اٹھایاجاتا رہے،نیک صالح اولاد جو ان کے لئے دعاگو رہے،(ادب المفرد از امام بخاری )
ماں باپ کی دی ہوئی تعلیم وتربیت ان کی دنیا وآخرت بھی سنوارسکتی ہے۔ہاں یہ ضروری ہے کہ جس طرح دین اسلام نےہرمعاملے میں اعتدال اورتوازن کا راستہ اختیار کرنے کی تلقین و ہدایت فرمائی ہے،اسی طرح اس معاملے میں بھی والدین کو اعتدال کا رویہ اختیار کرنے کی ہدایت ہے ،بےجا لاڈ و پیاریا بے جا سختی سے بچے ماں باپ سے دور ہو جاتے ہیں اور اس کام سے بھی۔
آپ صلی اللہ علیہ والہ وسلم کا ارشاد ہےکہ مسلمانوں اللہ چاہتا ہےکہ تم اولاد کےساتھ برتاؤکرنےمیں انصاف کو ہاتھ سے نہ جانےدو (طبرانی)دین اسلام نے جس طرح اولاد کو والدین کے بارے میں ہدایات ونصیحت فرمائی ہے، اسی طرح والدین کے فرائض کو بھی واضح کردیا ہے۔
حضرت انس رضی تعالٰی عنہ سے روایت ہےکہ اپ صلی اللہ علیہ والہ وسلم نے فرمایا کہ اپنی اولاد کا اکرام کرو اور انہیں اداب سکھاؤ(سنن ابن ماجہ )
آپ صلی اللہ علیہ والہ وسلم بچوں سے پیار فرماتے اور توجہ دیتے۔اماں عائشہ رضی تعالٰی عنہا سےمروی ہے کہ ایک اعرابی نےآپ صلی اللہ علیہ والہ وسلم سے عرض کیا کہ اپ لوگ بچوں کو بوسہ دیتے ہیں، ہم انہیں بوسہ نہیں دیتے۔ آپ صلی اللہ علیہ والہ وسلم نے فرمایا کہ اللہ رب العزت نے تیرے دل سےمحبت نکال لی ہےتو میں کیا کروں (صحیح بخاری )
آپ صلی اللہ علیہ والہ وسلم نے اولاد اوروالدین دونوں کےحقوق بیان کیےہیں اولاد کا حق صرف تعلیم وتربیت دینےپرختم نہیں ہوتا بلکہ پیارومحبت کا ان سے برتاو کرنا بھی ان کےحقوق میں شامل ہےاور اعتدال کے راستے اور روئے سے ماں باپ اولاد کی صحیح تربیت کرسکتے خصوصاًاس پر فتن دور میں والدین کی ذمہ داریاں مزید بڑھ گئی ہیں،جس کے لئے اسلامی تعلیمات سے روشناس کرانا ،ان پرعمل پیرا کرانے کے لئے مناسب طریقے سے یعنی تھوڑی بہت سختی بھی کی بھی اجازت دی گئی ہے،جیسے نمازکے لئے ابتداء میں پیارومحبت سےراغب کرنے کی ہدایت ہےاورجب بچہ دس بارہ سال سے بڑاہوجائے تواس سلسلے میں سختی بھی کی جاسکتی ہے اورسب سے اہم بات جومیں اکثر کہتی ہوں کہ والدین اپنی ذات کو ان کے لئے رول ماڈل بنائیں تو ضرور کامیابی ہوگی۔




































