
افروز عنایت
ایک خبر میری نظروں سےگزری کہ کتب میلےمیں کتابوں کے اسٹالزپرنہیں بلکہ کھانے پینے کےاسٹالز پررش تھا۔
کالج میں منعقدہ اس کتاب میلےمیں صرف پینتس کتابیں فروخت ہوئیں جبکہ بارہ سوشوارمے،آٹھ سوبریانی کی پلیٹیں ، نوسو برگر ،اٹھارہ سو کولڈ ڈرنگ فروخت ہوئیں ،مجھے زیادہ تعجب نہیں ہواکیونکہ اب کتب بینی جو لوگوں کا ایک مشغلہ تھا، اب سمجھو ختم ہی ہوتا جا رہا ہے، کتابوں کی صحبت میں رہنے والے لوگوں کا اندازبیان اورطریقہ ہی منفرد تھا،اب ہم سب کے ہاتھوں میں کتاب کےبجائے موبائل آگیا ہے۔
ویسےتو وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ سب کچھ بدلتا جارہا ہے۔ہماری عادات،فیشن،زندگی گزارنےکا طریقہ جو ہمارے والدین کے زمانے میں تھا وہ ہمارے زمانے میں نہیں جو ہم نے دیکھا اس سے آج ہمارے بچےمحروم ہو گئے ہیں۔ غرض کہ زندگی کا تمام طریقہ کارہی بدل گیا ہے۔
اماں پڑھی لکھی نہیں تھی لیکن بابا کی صحبت میں انہوں نے پڑھنا سیکھ لیاتو گھرمیں آنےوالےاخبارات اوررسائل ہی نہیں بلکہ ہم بہن بھائیوں کی کتابیں بھی ہم سے پہلے اماں کےہاتھ میں نظر اتی تھیں۔ لازمی طورپراس کا اثر ہم تک توپہنچنا ہی تھا۔ اخبار کی حالت تو پوچھیں ہی نہیں۔ اس کا ایک ایک صفحہ الگ کرکے ہم اپنی دسترس میں لے لیتے۔ بابا ہمارے اس شوق کو پورا کرنے کے لئے ماہانہ مختلف رسالےاور میگزین منگواتے جو ہمارے فرصت کے لمحات کے ساتھی تھے،پھر یہ عادت کافی حد تک ہمارے بچوں میں بھی منتقل ہوگئی لیکن اب یہ چیزمجھے نظر نہیں آتی بلکہ میں نےاپنے آس پاس بھی نظردوڑائی توبڑی مایوسی ہوئی ،نہ جانےآگےآگےدیکھیے ہوتا ہے کیا ؟؟




































