
افروز عنایت
نوشین !-- (نوشین جونمرہ کی کزن اور دوست تھی) نمرہ بہت خوشی کی خبرہے ۔۔۔۔ اللہ رب العزت تمہیں بہت سی خوشیاں دے گا۔
سبین!-- لیکن بڑی فیملی ہے۔ زرا سنبھل کرچلنا بلکہ (قہقہہ لگاتے ہوئے )شوہرکو چالاکی سے مٹھی میں لینے کی کوشش کرنا۔ان ساس نندوں کو تو زیادہ لفٹ ہی نہ کرانا۔
نوشین !- ہر مرد کی طبعیت مختلف ہوتی ہے۔اسےپہلے سمجھو پھر اس کے مطابق آگے بڑھو اور ضروری نہیں کہ ساس نندیں بری ہوں ،اچھی بھی ہوتی ہیں۔ ہم پہلے ہی سے ان کے لئے رائے قائم کر کے فیصلے نہیں کرسکتے۔
نمرہ کی چند دنوں کے بعد شادی ہونے والی تھی۔دوست اور رشتہ دار اسے مختلف مشورے دے رہے تھے۔
اس کی والدہ نے اسے سمجھایا کہ بیٹا ہمارےآس پاس بہت سےدوست اورساتھی ہیں جو آپ کومختلف مواقع پر مشورے بھی دیتے ہیں، ان میں جو آپ کو صحیح بات گوش گزار کریں ،وہی آپ کےمخلص دوست کہے جاسکتے ہیں،ان کی ضرور قدر کرنا مثلاً اس وقت تمہارے آس پاس بہت سے لوگ تمہاری شادی کے حوالے سے بات کریں گے۔ان کے مشوروں اور ان کی باتون سےان کےعقلمند اورپرخلوص ہونےکا اندازہ بخوبی لگایا جاسکتا ہے۔
نمرہ نے شادی کے بعد نوٹ کیا کہ اس کا شوہر ان مردوں میں سے نہیں جسے وہ اپنی مرضی کے مطابق ڈھال سکے ،اسے اپنی دوست نوشین کی بات یاد آگئی ۔اسے یہی مناسب لگا کہ وہ پیار ومحبت سے سب کو اپنا بناسکتی ہے جبکہ چالاکی سے صرف شوہر کو اپنا بنانے کے لئے اسے نقصان بھی ہوسکتا ہے۔
جی ہاں فی زمانہ عقلمند اور مخلص دوست کا ملنا بہت بڑی نعمت ہے،ایسے مخلص اور دانا ساتھی آپ کو فائدہ نہ سہی لیکن کبھی نقصان پہنچانے کی کوشش بھی نہیں کریں گے بلکہ وقت ضرورت آپ کو کوئی مفید اور کارآمد بات بھی گوش گزار کریں گے ،ایسے دوستوں کی ان باتوں کو ضرور سنا کریں اور با وقت ضرورت ان کی ان باتوں کو اور مشوروں کو اپنی زندگی میں شامل کرنا پڑےتو ضرور اس پر عمل کرنا چاہیے۔
مجھے میری والدہ محترمہ نے ایک مرتبہ ایک جملہ کہا تھا کہ اب تم خود اپنے حالات سنبھال سکتی ہو،خودکوشش کرو کہاں تک کوئی تمہاراساتھ دے گاحالانکہ اس وقت یہ جملہ بڑا عجیب سا لگا تھا کہ شاید میرے گھر والےمیرا ساتھ نہیں دینا چاہتے ہیں۔
لیکن والدہ کے اس چھوٹے جملے نے مجھے احساس دلایا کہ صرف تکلیف برداشت ہی نہیں کرنی بلکہ اس کے خاتمے کے لئے دوسروں کی مدد لینے کے بجائے خود کمر کس لینی چاہیے،خود ہمت کرنی چاہیے۔ اس جملے نے میرے اندر ایک تبدیلی پیدا کی کہ جو کرنا ہے خودہی کرنا ہے۔ لہٰذا میں نے حقیقت میں کمر کس لی۔ رب العزت کی شکر گزار ہوں کہ جس نے مجھے گرنے نہیں دیا ۔یہ اماں کا جملہ میرے لئے آگے بڑھنے کے لئے راہیں ہموار کرتا گیا ۔ بعص اوقات مخلص لوگوں کے جملے و مشورے تکلیف دہ اور مناسب نہیں بھی لگتے لیکن درحقیقت وہ ہی مشورے یا جملے ہمارے لئے اگے جاکر مفید بھی ثابت ہوتے ہیں ۔




































