
نصرت شاہد
شام کاوقت تھا شفق کی لالی آسمان پر ہرسوپھیلی ہوٸی تھی،میں اور میری چھوٹی بیٹی کسی کی عیادت سے واپس آرہے تھے ۔ہم لوگ قریب ہی گئے
تھےتو اس وجہ سے پیدل ہی کاراستہ تھا ہم اپنی بلڈنگ کےقریب والے گیٹ پر پہنچے تو مخالف سمت سے ایک خوبرو حسین لڑکی آرہی تھی لباس اور بناٶ سنگھار سے آراستہ وپیراستہ ۔۔۔
اسے میں سامنے سے آتا دیکھ رہی تھی کافی خوش شکل تھی جب وہ میرے مقابل پہنچی تو میں نے رک کر اسے سلام کیا اس نے بڑی خوش دلی سے جواب دیا ۔ میں نے اس کہا کہ بیٹا ماشاءاللہ آپ کو اللّہ نے اچھی شکل و صورت کی نعمت سے نوازا ہے لیکن ساتھ ہی یہ حکم بھی دیا ہے کہ پردے کا خیال رکھا جاۓ ،پھر میں نے اسے بہت نرمی اور پیارسے مزید کہا کہ بیٹا امید ہے، آپ آٸندہ ان باتوں کا خیال رکھوگی ۔
ان شاء اللہ اس نے کہا ۔۔۔۔
پھر وہ اپنے راستے پہ روانہ ہوگئی اور میں بھی آگے بڑھ گٸی ۔۔۔
چند قدم کے فاصلے کے بعد میں نے پیچھے مڑ کر دیکھا تو ہم حیرت زدہ رہ گئے جو دوپٹہ اس کے گلےمیں جھول رہا تھا، وہ اب اس کے سر پر تھا ہمیں بہت خوشی ہوٸی اور اس امیدکےساتھ ہم نے اس کے لیےبہت دعا کی کہ اللّہ اسے اور ہم سب کو توفيق وہدایت عطا فرمائے، ہماری رہنمائی کرے کہ ہم زنگی کےہر معاملے میں ہر مرحلے میں اپنے حقیقی مالک و خالق کے حکم کی بجا آوری کرےاور شیطان لعین کی چالوں سے ہم سب کو اپنی پناہ میں رکھے آمین ۔
اس تیز رفتار زندگی کی دوڑ دھوپ میں اٹھتے بیٹھتے،سوتے جاگتے،چلتے پھرتے ہر لمحہ ،ہمارے دل ودماغ میں ہماری نیت ارادے میں ہماری فکر وذکرمیں یہ شامل ہو کہ اللّہ کی زمین میں اللّہ کے قوانين کی بالادستی ہو اور اس کی زمین میں اس کا قانون نافذ ہوجائے اور ہم ایسی ہی سوچ۔نیت اور ارادے وعمل کے ساتھ اس فانی دنیا سے رختِ سفر باندھیں ۔ ان شاء اللہ آمین ۔
بجائے اس کے انفرادی طور پر میں اپنا راستہ ٹھیک کرلوں اور ارد گرد کے لوگوں سے، ماحول سے بے فکراور لاتعلق رہوں ۔ہرگزاس کی اجازت نہیں ۔۔۔۔۔
اگر ہم ایسا کریں گے تو قرآن کریم کی نصیحت سبت کے قانون کی شکل میں ہمارےسامنے موجود ہے کہ نشان عبرت بننے والی قوم بھی اسی طرح بے حسی اور لاتعلقی کی بنا پر اللّہ کی پکڑ سے نہ بچ سکے ۔۔۔۔أَسْتَغْفِرُ اللّٰه
آج ھم اپنے حالات وخیالات پہ غور کریں یہ سب معاملات ہم بخوبی سمجھ سکتے ہیں ۔۔۔۔
آخر میں یہ بھی ضرور کہوں گی،پورے یقین واعتماد کی ساتھ کہ !
ذرا نم ہو تو یہ مٹی بڑی زرخیز ہے ساقی ۔۔۔۔۔



































