
عصمت اسامہ
دسمبر کی سخت سردی اورچھٹیاں عجیب ماحول بنادیتی ہیں۔ تقریباً ہرگھرانے میں بچے بڑے مہمان سب جمع ہیں۔ زیادہ بڑے گھرانوں میں مہمان بھی زیادہ
آتے ہیں۔ سب اپنی عمر اور صنف کے مطابق ساتھیوں میں تشریف رکھتے ہیں۔ اب چوں کہ سب کی دلچسپیاں اور مشاغل الگ الگ ہیں ،اس لئے سب کی پارٹیاں بن گئی ہیں فکر نہ کریں یہ سیاسی پارٹیاں نہیں،گھریلو پارٹیاں ہیں اوربہت اتفاق سے رہتی ہیں۔
بچہ پارٹی
چھوٹے بچے جو زیادہ تر اچھل کود ،بھاگ دوڑ کرتےرہتے ہیں۔ان کو کہیں پکڑ کے بٹھانا مشکل ہوتا ہے۔خصوصاً جب خواتین ٹرے سجا کے لے جارہی ہوں توکوئی نہ کوئی چھوٹا بچہ ٹکرا ہی جاتا ہے۔
کھاؤ پیو پارٹی
یہ وہ مخلوق ہے جسے ہر وقت کچھ کھانے کو چاہیے ۔ گھر میں جو کچھ پکایا جاتا ہے،یہ پارٹی اسے ختم کرتی جاتی ہے اور مزید کچھ کھانے کو مانگتی ہے بلکہ آرڈر بھی کرواکے کھاتی پیتی رہتی ہے۔
کھوں کھوں پارٹی
اس پارٹی کے افراد نزلہ زکام اور کھانسی میں مبتلا رہتے ہیں،وہ جس کمرے میں ہوتے ہیں کھوں کھوں کرکے اپنی موجودگی سے مطلع کرتے رہتے ہیں۔اس طرح ان کی لوکیشن معلوم ہوتی رہتی ہے۔
پھرنتو پارٹی
اس پارٹی میں وہ نوجوان ہیں جنہیں بلاوجہ کہیں گھومنے پھرنے کا شوق ستاتارہتا ہے۔ یہ کسی کے گھرجانا چاہتے ہیں، مان یا نہ مان ،میں تیرا مہمان۔ کسی ریسٹورنٹ جانا چاہتے ہیں۔یہاں تک کہ طوفانی بارشوں میں بھی انہیں باہر پھرنے کے لئے موسم سہانا لگتا ہے۔
موبائلی کیڑے
ہمارے زمانے میں لوگ کتابی کیڑے بنتے تھے مگر اب موبائلی کیڑے بن جاتے ہیں۔ ان کو جب دیکھو موبائل میں گم نظر آتے ہیں حتیٰ کہ انہیں بات سنانے کے لئے ان کے کان میں اونچا سا بولنا پڑتا ہے۔
کچن پارٹی
خاتون خانہ کے لئے چھٹیوں کا موسم بھی اوور ٹائم ورک میں تبدیل ہوجاتا ہے کیوں کہ انہیں معمول سے زیادہ کام کرنا پڑتا ہے۔ کھانے ،چائے ، قہوے کے لوازمات چلتے رہتے ہیں اور اتنی ہی تیزی سے برتن بھی جمع ہوتے جاتے ہیں۔ جب آپ کو برتن دھونے کی آواز ٹھاپٹخ کے ساتھ سنائی دینے لگے تو سمجھ جائیں کہ خاتون کے صبر کا پارہ لبریز ہونے ہی والا ہے۔
رضائی پارٹی
یہ لوگ زیادہ تر بڑی عمر کے افراد ہیں جو ایک دفعہ کمبل یا رضائی میں گھس جائیں تو باہر آنے کا نام نہیں لیتے اور سب کو آوازیں دے دے کر اپنے چھوٹے موٹے کام کرواتے رہتے ہیں۔
سپر وائزر پارٹی
اس پارٹی کے لوگ دوسروں کے کاموں کی نگرانی کرتےرہتے ہیں۔ان میں مرد حضرات کی تعداد زیادہ ہے۔ کس نے ہیٹر کتنی دیر سے جلایا ہوا ہے ،کون گیزر آن کرکے بند کرنا بھول گیا ہے ،کس نے ابھی تک نماز نہیں پڑھی ،کون دروازہ کھلا چھوڑ کر چلا گیا ہے ۔ ان کی ہوتی ہے ہر خبر پر نظر !
بائی دا وے ،آپ کا تعلق کس پارٹی سے ہے ؟




































