
عصمت اسامہ
کاشمیر کےبرفیلے پہاڑوں ، بلند وبالاسرخ چناروں اور ڈل جھیل کے پانی کا خمیرجس کی بنیاد میں شامل ہو ،اس سے پوچھو کہ اسے کیسا لگتا
ہے جب" یکجہتیء کاشمیر" کا دن آتا ہے
ہر باربچپن میں دادو جان سے سفر ہجرت کی کہانی سنتے ۔ دادا جان نے اپنا" بارہ ملاہ " کا محلہ چھوڑا تھا۔ اپنی جاگیر گھربار چھوڑ کے خاندان کے ساتھ ہجرت کرکے پاکستان آۓ تھے۔کبھی امی جان کاشمیری گلابی چاۓ تیار کرتے ہوئے بتایا کرتیں کہ ہمارے نانا جان کا تعلق جموں سے تھا اور نانو جان کی زندگی ڈل جھیل کے کنارے گذری۔گھر میں جب کوئی رشتے دار مہمان آتا تو ابوجان کہتے کہ بچو مہمان کو وقت دینا ہماری کاشمیری روایت ہے۔ بےشک خاطر تواضع زیادہ نہ کرپاؤ مگر مہمان کو عزت ضرور دیا کرو! کبھی کاشمیری کڑھائی والی چادریں دیکھتے اور کبھی بچپن میں کسی پڑوسن آنٹی کے سخت جملوں پر دل شکستہ ہوتے جو کہتیں کہ تم میرے بچوں کے ساتھ نہ کھیلا کرو ،تمہارے سامنے میرے بچوں کا رنگ ماند پڑ جاتا ہے!
یہ جو دکھ ہوتے ہیں ،یہ سب سے بڑے استاد ہوتے ہیں ،یہ وہ سبق سکھاتے ہیں جو کوئی نہیں سکھا سکتا۔جب اہل فلس طین کو دیکھا تو سمجھ آیا کہ کیسا لگتا ہے جب آپ کو آپ کے مقام سے کوئی غاصب قوت آکے نکال باہر کرے اور آپ خود کو اپنا حق لینے کی پوزیشن میں نہ پاتے ہوں!تب آزاد فضا میں سانس لینے کی ٹھنڈک روح کی گہرائی تک محسوس ہوتی ہے ۔پاکستان کے سبز ،چاند ستارے والے پرچم کو بلند رکھنے کی تمنا دعاؤں میں ڈھل جاتی ہے ۔اس زرخیز مٹی کی قدردانی ،قومی ترانوں کے ساتھ اشکوں کی جھڑی میں تبدیل ہوجاتی ہے، جب بھارت کی مسلمان اقلیت پر " جنتادل" کے غنڈوں کو دھاوا بولتے، "اکھنڈ بھارت" کے نعرے لگاتے سنتے ہیں،کسی مسجد کے بلند میناروں کو زمین بوس ہوتے دیکھتے ہیں تو جی چاہتا ہے کہ پاکستان کے نقشے پر آیت الکرسی پڑھ کے ایسا دم کردیں کہ یہ دھرتی ہر دشمن کی سازش سے محفوظ ہوجاۓ۔
کاشمیر کی مٹی کی کشش جب اپنی طرف کھینچتی ہے تو اپنا وجود کیسا محسوس ہوتا ہے،جب ظلم و جبر کے مناظر سامنے آتے ہیں تو بہت بےبسی محسوس ہوتی ہے کہ ہم سوائے ہر سال یکجہتی کا دن منانے کے ،کچھ بھی نہیں کرسکتے۔
بخت کے تخت سے یکلخت اتارا ہوا شخص
تُو نے دیکھا ہے کبھی جیت کے ہارا ہوا شخص
ہم تو مقتل میں بھی آتے ہیں بصد شوق و نیاز
جیسے آتا ہے محبت سے پکارا ہوا شخص!
(یارب شہدا کوقبول فرماکر آزادی کی نعمت عطا فرما،آمین)




































