
عصمت اسامہ
پانچ فروری یوم یکجہتیء کشمیر ہے۔ کشمیر پاکستان کی کھوئی ہوئی جنت ہے۔ جسے ہرصورت دوبارہ حاصل کرنا ہم پر فرض ہے-تقسیم ہندوستان کے
منصوبے کے مطابق کشمیر مسلم اکثریتی علاقہ تھا جسے پاکستان میں شامل ہونا تھا لیکن ایسا نہیں ہوسکا -اہلیان کشمیر نے19 جولائی 1947 کو الحاق پاکستان کی قرارداد منظور کر لی تھی لیکن 27 اکتوبر 1947 کو ہندوستانی افواج کشمیر میں گھس گئیں اور وہاں قبضہ کر لیا -اس وقت قائداعظم نے پاکستانی کمانڈر انچیف کو حکم دیا تھا کہ وہ پاک افواج کو کشمیر میں داخل کردے ! قائد کا فرمان ہے کہ کشمیر سیاسی اور قومی اعتبار سے پاکستان کی شہ رگ ہے۔یہ تکمیل پاکستان کا نامکمل ایجنڈا ہے -کشمیری دراصل دفاع پاکستان کی جنگ لڑ رہے ہیں - ہندوستان نے لاکھوں کی تعداد میں یہاں مسلح افواج داخل کر رکھی ہیں -روزانہ مقبوضہ کشمیر سےشہریوں اور فوجیوں کے مابین جھڑپوں کی اطلاعات موصول ہوتی ہیں -لاکھوں مسلمان حصول آزادی کی جدوجہد کرتے کرتے جام شہادت نوش کر گئے,نوجوانوں اور بچوں کو پکڑ پکڑ کے ان پر ٹارچر سیلوں میں روح فرسا تشدد کیا گیالیکن المیہ یہ ہے کہ عالمی برادری خاموش ہے۔
پانچ اگست 2019 کا دن تاریخ کے سیاہ باب کے طور پر یاد رکھا جائےگا جب بھارت نے مقبوضہ کشمیرکی بین الاقوامی طےشدہ متنازع حیثیت ختم کر کے اسے بھارت میں ضم کر لیا -اس اقدام کو اگرچہ بھارت کے اندر بھی غیرآئینی قرار دیا گیا اور یہ انٹرنیشنل قانون کی خلاف ورزی بھی ہے کیونکہ مسئلہ کشمیر کے تین فریق کشمیر ,پاکستان اور بھارت ہیں ۔بھارت یکطرفہ طور پر ایسا قدم اٹھانے کا مجاز نہیں- اس کےپیچھے بھارتی جنتا پارٹی کا وہی اکھنڈ بھارت کا خون آشام نظریہ ہے- مودی کا یہ کہنا کہ کشمیر پر آج یہ وقت آیاہے پاکستان پر کل یہ وقت آۓ گا۔ اسی متشدد نظریے کا اعلان ہے - بی جے پی کی متشدد اور متعصب حکومت نےآئین کے آرٹیکل 370 اور 35-A کا خاتمہ کر کے جو غیر آئینی اقدام کیا ہے۔اس کی رو سے مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثت ختم کردی گئی ہے۔ نیز بھارت کے لئے کشمیری زمین خریدنا اب کوئی مسئلہ نہیں رہا-بالکل اسی طرح جیسے فلسطینی مسلمانوں کے ساتھ اسرائیل میں ہوا۔صورتحال حکومت پاکستان سے عملی اقدام کی متقاضی ہے۔پاکستان اس وقت اقوام متحدہ میں نمایاں مقام حاصل کر چکا ہے اب اسے جارحانہ اقدام کی ضرورت ہے۔




































