
عصمت اسامہ
کبھی کبھار لوگوں کےروئیے دل دکھا دیتے ہیں۔ کبھی ان جانےمیں لوگ خود ہی کسی کے بارے میں کوئی اندازہ یا گمان بنالیتے ہیں ۔کبھی بغیر تحقیق کئے
کسی سنی سنائی بات پر یقین کرکے کسی کے ساتھ برا سلوک کرنے پر اتر آتے ہیں۔ ہم ہروقت لوگوں کی باتوں کا جواب نہیں دے سکتے، نہ انہیں قائل کر پاتے ہیں۔
کبھی زندگی کے روزمرہ مسائل ہمیں اتنا الجھادیتے ہیں کہ سمجھ نہیں آتی کہ بندہ کرے تو کرے کیا ؟ کس کو وضاحت دے ؟ کہاں خاموش رہے ؟ کسی امڈتے ہوۓ طوفان کو کس طرح روکے ؟ایسے میں نظر بس آسمان کی طرف جاتی ہے کہ وہاں کوئی رہتا ہے۔۔۔کوئی " اپنا" ہے نا! جو سب جانتا ہے ۔
ٹوٹے ہوۓ دلوں ،بغیر کہے الفاظ کو ۔۔۔شیشےجیسےاحساسات کی کرچیوں کو،بکھرے ہوۓ وجود کو سواۓاس ذات باری تعالیٰ کےہم کہیں نہیں لے جاسکتے۔۔۔۔ہاں اس کی صفت عدل پر پورا بھروسہ کرسکتے ہیں۔وہ ظلم کو ایک حد سے زیادہ بڑھنے نہیں دیتا ۔کبھی دنیا میں ہی انسانوں کے اعمال کو "مکافات" کی شکل میں سامنے لےآتا ہے اور آخرت میں ایسے لوگوں کی نیکیاں دوسروں میں بانٹ دی جائیں گی۔۔۔۔کیوں کہ وہ ظاہر اور باطن کو جاننے والا اور عدل کرنے والا ہے۔
وہ لوگ جو خواہ مخواہ دوسروں سےمقابلہ لگاۓ رکھتے ہیں ،چاہےدوسرا ان کے ساتھ کسی قطار شمار میں شامل ہی نہ ہو،ان کا کیا حل ہے ،سواۓ اس کے کہ معاملہ آسمان پر چھوڑ دیا جاۓ۔
کچھ دوسرے لوگ بھی ہیں جو ہمیں ہمیشہ اپنی دعاؤں میں یاد رکھتے ہیں۔۔ان کی دعاؤں کی پاورفل وائبز بھی ہم تک پہنچ جاتی ہیں۔ بہترین انسان وہ ہے جس کا وجود دوسروں کے لئے بہترین ہے۔ دعائیں کرنے والے ہاتھ سلامت رہیں ۔ ۔?




































