
عصمت اسامہ
گزشتہ دنوں بچوں کے پیپرز ختم ہوۓ تو ایک فیملی ریسٹورنٹ میں انہیں کھانا کھلانے کا سوچا۔کافی عرصے سے باہر نہیں گئے تھے تو بچے بھی فرمائش کر
رہے تھے( اگرچہ مہنگائی اتنی ہے کہ والدین بمشکل ضروریات ہی پوری کر پاتے ہیں۔ گرانی نے فرمائشیں سننے کے قابل نہیں چھوڑا). بہرحال یہ پاکستانی ریسٹورنٹ گھر کے قریب ہی تھا اور ڈیلز بھی مناسب تھیں،یہی اس ریسٹورنٹ کی وجہ انتخاب تھا۔
کھانے کے دوران یوں ہی سرسری سی نگاہ سامنے اسکرین پر پڑی جس پر کوئی عجیب و غریب سا اشتہار آرہا تھا۔ فاصلہ زیادہ ہونے کے سبب مجھے اشتہار کی آواز تو سنائی نہیں دے رہی تھی مگر جو مناظر تھے انہوں نے خون خشک کردیا۔سمجھ نہیں آرہی تھی کہ اس اشتہار کے دوران میں نوالہ کیسے توڑوں؟۔
اشتہار میں ایک مرد اور عورت اپنے بازو کسی پرندے کے پنکھ کی مانند بلند کرکے کچھ خوف ناک سی ہئیت بناۓ ہوۓ تھے ۔ان کا رقص گویا موت کا رقص تھا جس میں وہ ایک دوسرے سے لڑ بھی رہے تھے اور ایک دوسرے کو زخمی بھی کر رہے تھے۔ اندھیرا سا ماحول تھا۔ بیچ میں کوئی گلوکارہ سپاٹ چہرے سے کسی روبوٹ کی مانند لب ہلا رہی تھی۔ اشتہار کے آخر میں کوکا کولا کی لال سرخ بوتلیں اور کوک اسٹوڈیو کا نام دیکھا۔ او مائی گاڈ ۔۔۔۔یہ ساری پروڈکشن کس پیغام کی علامت تھی ؟ میں سر پکڑ کر بیٹھ گئی۔
یکا یک مجھے یاد آیا کہ گزشتہ برس کے ایف سی کا ایک اشتہار سوشل میڈیا پر آیا تھا جس نے پوری دنیا میں سنسنی پھیلادی تھی۔یہ اشتہار علامتی اشاروں سے بھرا ہوا تھا،اس میں ایک پراسرار ساجنگل تھا جس میں واضح طور پر آدم خور لوگ دکھاۓ گئے تھے، پھر ایک سنہری انڈہ منظر پر آتا ہے اور اس کی پوجا کی جاتی ہے۔ سالن یا گریوی کی جھیل نمودار ہوتی ہے پھر ایک آدمی اس میں ڈوبتا ہے اور فرائڈ چکن بن کے سامنے آتا ہے۔
مشاہدے کی آنکھ دیکھتی ہے تو انسانی شعور میں سوال ابھرتا ہے کہ کیا یورپی فوڈ کمپنیاں انسانی گوشت کو پراسیس کرکے بیچ رہی ہیں؟؟( ایبسٹین فائلز کے میڈیا انکشافات مدنظر رکھیے تو حقیقت بہت خوف ناک صورت میں سامنے آتی ہے!)۔ غزہ میں انسانی خون سے جیسے ہولی کھیلی گئی ہے،ان شیطانوں سے کچھ بعید بھی نہیں کہ غذا کے نام پر دنیا کو کیا کھلا رہے ہیں؟ ہم ان باتوں پر کب غور کریں گے؟ ہمیں بحیثیت مجموعی ان فوڈ چینز کا بائیکاٹ کرنا ہوگا۔
کے ایف سی، میکڈونلڈ اور کوکا کولا کا بائیکاٹ دراصل صارف کے اختیار، اجتماعی شعور اور فلسطین کے مظلوموں سے اظہارِ یکجہتی سے جڑا ہے ۔
دنیا کی تاریخ میں بعض اوقات انسان کے پاس کسی مظلوم کی مدد کے لیے نہ تو کوئی بڑا منصب ہوتا ہے، نہ اختیار و اقتدار اور نہ ہی وسائل کی فراوانی، لیکن اس کے پاس ایک ایسی قوت ضرور ہوتی ہے جسے اگر اجتماعی شعور کے ساتھ استعمال کیا جائے تو وہ بڑی بڑی تجارتی سلطنتوں سے ٹکر لے سکتی ہے۔ یہ قوت ہے، اس کا انتخاب، اس کا ضمیر اور اس کی قوتِ خرید ۔
آج جب فلسطین کی سرزمین پر انسانی المیے کی ایک طویل داستان رقم ہو رہی ہے، جب غزہ کے بچے سردی سے ٹھٹھر کر فریز ہورہے ہیں۔ والدین ملبے کے ڈھیر میں اپنے پیاروں کو تلاش کررہے ہیں۔ ہسپتالوں کی عمارتیں کھنڈرات میں تبدیل ہورہی ہیں اور جب بھوک، خوف اور بے بسی انسانیت کا نوحہ پڑھ رہے ہیں توایسے میں دنیا کے باشعور انسانوں کے سامنے ایک سوال کھڑا ہوتا ہے کہ وہ اس ظلم کے خلاف اپنا کردار کس طرح ادا کر سکتے ہیں؟ ہم جیسے عام انسان ایک کام ضرور کرسکتے ہیں اور وہ ہے اسرائیل کی مددگار کمپنیوں اور فوڈ چینز کا بائیکاٹ۔
گزشتہ برس ترکی میں ایسا ہی ہوا۔ برادر ملک ترکی میں بائیکاٹ کی زوردار ضرب سنائی دی ۔ امریکی فاسٹ فوڈ چین کے ایف سی نے ترکی میں اپنے تمام 537 آؤٹ لیٹس بند کرنے کا اعلان کر دیا۔ترکی میں کے ایف سی کے دیوالیہ ہونے کو بائیکاٹ مہم کی ایک بڑی کامیابی قرار دیا جا رہا ہے، جو فلسطین پر اسرائیلی مظالم کے خلاف شروع ہوئی تھی۔ عوامی دباؤ، سوشل میڈیا کمپینز اور فیلڈ میں عملی اقدامات کے نتیجے میں نہ صرف کے ایف سی کی آمدن میں شدید کمی واقع ہوئی، بلکہاقتصادی تجزیہ کاروں کے مطابق یہ واقعہ عالمی سطح تک اس پیغام کو پہنچانے کا ذریعہ بنا کہ صارفین جب متحد ہو جائیں تو وہ عالمی برانڈز کی بنیادیں ہلا سکتے ہیں۔سوال یہ ہے کہ :ہم عوامی اور حکومتی سطح پر پاکستان میں ایسا کب کریں گے؟ کب تک ہم محض تماشہ دیکھتے رہیں گے؟




































