
نگہت سلطانہ
آج میرے دیس کے کچھ لوگ رات کو نیند کی گولی کے بغیرسو جاتے ہیں توبالیقین وہ وہی ہیں جو ایمان وکردار میں پختہ ویکسو ہیں یا احساس
سے بالکل عاری ہیں۔ من موجی،مجذوب، مست مست یاان کا دل، دماغ اور آنکھیں اس قدر کمزورہیں یا کر دی گئی ہیں کہ وہ باوجود دیکھنے اورباوجود جاننے کے دیکھنا نہیں چاہتے جاننا نہیں چاہتے۔ باقی جو ہیں پریشان ہیں، بد دل ہیں یا مایوس ہیں۔
دوسری طرف خواہشات اور خوش امیدیوں کا کنٹینر ہےجس پر کبھی ایک کٹ پتلی سوار ہوتا ہے کبھی دوسرا، کنٹینر کا ریموٹ کنٹرول کسی اورکے ہاتھ میں ہے اور جو پپٹ ہیں انہیں بس کرسی چاہیے۔ یہ پتلی تماشا اس ملک میں جاری ہے۔
دفاعی پالیسی اورجوہری ترقی کی شاہراہ بھی اپنے پاس نہیں۔ محمد علی جناح رح ،جن کے فرمودات کومحض ایک دکھاوے کی مقدس چیزبنا کر رکھ دیا گیا ہے، سال بھر میں دو تین دن ایسے ہیں جب ٹی۔وی کی اسکرین پریہ فرمودات ابھرتے ہیں اور پھر غائب کر دیے جاتے ہیں۔جناح نے کہا تھا ”کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے اور کوئی بھی قوم اپنی شہ رگ دشمن کے قبضہ میں رہنے کی اجازت نہیں دے سکتی۔“
ہماری شہ رگ کو دشمن کے قبضہ میں دینےکے مجرم مہاراجہ ہری سنگھ، لارڈ ماؤنٹ بیٹن، مسٹر ریڈ کلف، نہروکس کس کی ہم قبرکھودیں اوردست قدرت کے ہاتھوں شدید تکلیف میں مبتلاء ان کی روحوں سے جاکر پوچھیں کہ کیوں تم نے وہ گھٹیا سازش رچائی کہ جس کے باعث آج بھی مقبوضہ وادی کے اندر لاک ڈاؤن، انسانی جان کی بےحرمتی ، انڈین آرمی کا مسلمانوں کو تنگ کرنا، صحت کی سہولیات کی عدم دستیابی، خواتین اور بچوں کی حالت زار، نوجوانوں کی پکڑ دھکڑ اورٹارچر سیلوں کے اندر بیہمانہ رویہ، انٹرنیٹ کی بندش کے ذریعہ کمیونیکیشن کے گوناگوں مسائل یہ تکلیف دہ مسائل ہیں۔
چشم فلک حیرت سے انگشت بدنداں ہےکہ اس قوم کے لیڈرز، سیاستدان، بیوروکریسی،ان دیکھا ہاتھ، اسٹبلشمنٹ، صحافی، ادیب، شعراء، میڈیاپرسنز، علمائےکرام، منبرومسجد کے مالکان کیسےسکھ کا سانس لے سکتے ہیں اور اپنی آنے والی نسلوں کے لیے کیا چھوڑ کرجانے والے ہیں کہ شہ رگ دشمن کے قبضہ میں ہے اور یہ چین کی بانسری بجاتے ہیں،یہ قوم کودیگر مسائل میں الجھاتے ہیں۔ قوم کو طفل تسلیاں دے کرمیٹھی راگنی سناتے ہیں اورسلا دیتے ہیں۔
کچھ ادارےجو پورے نظام کےاندرروح رواں کا کرداراداکرتے ہیں۔انتخابات کےنتائج تک ان کی مرضی کے بغیر نہیں فائنل ہوتے۔ہم حیران ہیں وہ ادارے، ان کے اندر بیٹھے افراد کیا سوچتے ہیں ۔
اپنی آنے والی نسلوں کے بارے؟ کیا ان کی آنےوالی نسلوں کو ایک ایک بچے کوامریکہ انگلینڈ، کینیڈاوالے ”زندگی“ کی گارنٹی دے دیں گے؟؟شدید حیرت ہےخواہشات سے سجے کنٹینر پر بیٹھے پرانے اور نئے کٹھ پتلی کی بےحمیتی پر۔
کس دیدہ دلیری سے قوم کی آنکھوں میں دھول جھونکتے ہیں۔ کس قدر بےحس ہیں یہ لوگ کہ ہر ادارے کو لوٹ ڈالا۔ ہر صنعت کوبرباد کر ڈالا پھر بھی عوام کے ”پیارے“ ہیں۔ خواہشات اور لولی پاپس کے ایک ذخیرہ سےسجے کنٹینر پر بیٹھنے والے نئے چہرے بھی کس قدر بے شرم ہیں کہ اپنے پیش رو کی پالیسیوں کو ہی لے کر چلنا چاہتے ہیں مگر نعرہ تبدیلی کا لگاتے ہیں۔ بات قبروں کے اندر قدرت کے ہاتھوں اپنے انجام سے دوچار مردوں کی ہو، تاریخ کی ہو یا کنٹینر کی۔ پاکستان سے محبت کرنے والے طالب علم یہ سوال کرتے ہیں کہ شہ رگ دشمن کے قبضہ میں رہے توآخرہماری قومی زندگی کی گارنٹی کیا ہے؟
ہمارا جواب ہر طالب علم کے لئےاورہر جوان کے لئے یہ ہے کہ قوموں کی پہچان ان کی جدا گانہ نظریہ سےہوتی ہے۔ پھر یہ کہ ہر قوم کی تاریخ ہوتی ہے۔ ہر قوم کے لئے ضروری ہوتا ہے کہ اپنی تاریخ کا ہر باب پڑھے، تجزیہ کرے، روشنی لے، سبق لے، اصول وضع کرکے اپنی شاہراہ زندگی پر اپنی رفتارتیز کرے۔
آپ کو معلوم ہونا چاہیے کہ ہماری تاریخ غار حرامیں نورکی پہلی کرن پھوٹنے سے شروع ہوتی ہے۔راجہ داہر جیسے ظالم کا محمد بن قاسم کے ہاتھوں ہلاک ہونا ہمارے اس خطے کی تاریخ کا انتہائی روشن باب اور حرف آغاز ہے۔پھر جوں جوں ہم آگے بڑھے قوم کی ذہن سازی نظری تربیت میں خلل بھی آیا اور میرجعفرو میرصادق بھی ہماری تاریخ کے کچھ ابواب کو سیاہ کرنے کی خاطر پیدا ہوئے۔پھر ہم نے بحیثیت قوم جب اپنا محاسبہ نہیں کیا۔ اپنی تشکیل و تعمیرِ نو کی بنیاد میں ایمان و نظریہ کو نہیں شامل کیا۔
بنیادی اصول فراموش کر دیے توکیا ہوا۔ نہرو، ریڈ کلف اورماؤنٹ بیٹن ہمارے ساتھ بہت بڑا کھیل کھیل گئے بعد میں بھی ہمیں دھوکے دئے گئے مگر وطن عزیز کی بنیاد میں کلمہ طیبہ تھی شاید اس کی برکت تھی کہ قدرت نے ہمیں بار بارسنبھلنے کا موقع دیا۔ سنبھلنا تو خود تھا نا سبق تو خود لینا تھا حوادث و سانحات سے اور پھرانڈیا نے کوئی موقع ہاتھ سے جانے نہ دیا کہ جس کے ذریعے پاکستان کو کمزور کرے۔ مگر ہمارے حکمرانوں کی ہمیشہ یہی کوشش رہی کہ انڈیا کے ساتھ دوستی کی پینگیں بڑھائی جائیں۔ سکھوں کو انسان دوست ثابت کیا جائے۔ بلا شبہ راقم کو بھی ”دوستی“ ”محبت“ ”امن“ کے الفاظ میں بہت کشش محسوس ہوتی ہے مگر ہم زمینی حقائق کو کیسے ٹھکرا سکتے ہیں ؟
ایک فرد یا طبقہ زبان سے آپ کے ساتھ دوستی کے دعوے کرے۔ محبت کے نغمے گائے۔ امن کے معاہدے کرےمگر آپ کی پیٹھ میں چھرا گھونپنےکا کوئی موقع ہاتھ سےجانے نہ دے۔ آپ کے ملک کی بنیادوں میں اس نے خون آشام لاشوں کے ڈھیر بھررکھے ہوں تو بتائیے کیاکریں گےآپ ؟ آپ کو یہ حقیقت تسلیم کرنا پڑے گی کہ :
ہے جرم ضعیفی کی سزا مرگ مفاجات
قصہ مختصر ہم چونکہ کائنات کی سب سے بڑی سچائی( اللہ کی واحدانیت و حاکمیت ) پر یقین رکھتے ہیں لہٰذا دنیا بھر کے ظالم، منافق، بد طنیت، استعماریت کے علمبردار، ہندوتوا کے علمبردار ہمارے مخالف ہیں۔ مان جائیے یہ سب آپ سے ہزار معاہدے امن کے کریں گے، سینکڑوں دعوے ¹محبت کے، بےشمار معاملات تجارت کے باندھیں گےمگر سب میں اپنا مفاد مقدم رکھیں گے۔ آپ کے بد خواہ ہی ہوں گے خیر خواہ ثابت نہیں ہوں گے۔کیا ہمارا میڈیا اور بی بی سی اور سی این این اوروائس آف امریکہ اندھے ہیں،جاہل ہیں۔ انہیں نہیں معلوم کہ 27 اکتوبر 1947 کو بھارت نے کشمیر میں فوجیں اتاریں تھیں اور آج تک کشمیری عوام اس فوج کے ظلم کا شکار ہیں ہرسات کشمیریوں پر ایک بھارتی فوجی تعینات ہے۔
کیا ہمارے مقامی اورعالمی مبصرین نہیں جانتےکہ امریکہ دنیا میں کہیں بھی دو پڑوسی ممالک کوآپس میں خوش گوارتعلقات کی زنجیر میں بندھنے نہیں دینا چاہتااور یہ کہ امریکہ کو بس اپنے اسلحہ کے ڈیلر چاہئیں اوریہ کہ جہاں معاملہ ہو مسلمانوں سےغیرمسلموں کی آزادی کا وہاں امریکہ بہادر کس قدر پھر تیلے بن جاتے ہیں مشرقی تیمور کی مثال آپ کے سامنے نہیں کیا؟ اور جہاں معاملہ ہو غیر مسلموں کے ظلم سے مسلمانوں کی نجات کا وہاں امریکہ اس غیر مسلم کی خوب امداد کرے گا۔ یہی معاملہ ہے کشمیر میں اور پھر یہ بھی کہ امریکہ ہمارے خطے میں بھارت کو چین کے مقابل کھڑا کرنا چاہتا ہے۔اس ساری بحث کے بعد سوال اٹھتا ہے کہ پھر حل کیا ہو؟؟؟
کچھ مبصرین اورماہرین کا خیال ہے کہ بھارت میں قدیم سنسکرت کےدورکے شانتی اورسیوا کے امن کے نظریات اور اسلام میں صوفیانہ سوچ کا نظریہ "صلح کل" ان دونوں کو عمل میں ڈھالا جائے۔
قطع نظراس سے کہ اس نام نہاد صوفی ازم کا تعلق اسلام سےہے بھی کہ نہیں۔ ہم عرض کرنا چاہیں گے کہ یہ سب بھی ہمارے حکمران، ہمارے آرٹسٹ، ہمارے صنعتی اسٹیک ہولڈرز کر چکے ہیں اور نتیجہ؟؟ 75 سال سے بھارتی فوج کے ہاتھوں نہتے کشمیری ظلم سہہ ہی رہے تھے، مودی سرکارنے5 اگست 2019 کو اپنے آئین سے آرٹیکل 370 اور 35'اے کو ختم کر کے کشمیر میں آبادی کے تناسب کو اپنی منشاء کے مطابق ڈھالنے کی سازش کا آغاز کر دیا۔
اس وقت کے وزیراعظم عمران خان نے اقوام متحدہ میں اس کےخلاف آواز اٹھائی مگر حقیقت یہ ہےکہ جب آپ نظریہ اورروٹی دال بھی دنیا سے مانگ مانگ کر گزارا کر رہے ہوں تو کون آپ کی صدا سنے گا کون آپ کو وقعت دے گا ، لہذا یہی ہوا ستمبر 2019ء میں جنرل اسمبلی میں عمران خان کی گرج برس ( گزشتہ حکمرانوں کی طرح ) اسمبلی کے ریکارڈ کا حصہ بنی اور ستمبر 2019ء ہی سے بھارت مسلسل جبر کی داستانیں رقم کر رہا ہے وادی میں۔
حریت رہنماؤں سید علی گیلانی، میرواعظ عمر فاروق اور دیگرسیاسی کارکنوں کی گرفتاریاں، مظاہرین پر فائرنگ، نوجوانوں کی شہادت، محاصرہ کے دوران نہتے کشمیریوں کا قتل،خواتین کی عصمت دری ،یہ سلسلہ رکا نہیں ہے۔
آپ سال میں ایک دو بارٹی۔وی پہ کشمیر کے بارے میں ڈرامے دکھا دیں یہ بھی مسئلہ کا حل نہیں۔
حل کیا ہے ؟؟اکتوبر 1947ء میں ہماری فوج جو تنظیم،اسلحہ، عالمی حمایت سب کچھ سے تہی دامن تھی نےمردانِ کوہستان کےہمراہ کشمیر کا کچھ حصہ آزاد کرا لیا تھا کیونکہ لاتوں کے بھوت باتوں سے نہیں مانتے۔بھینس کے آگے قیامت تک بین بجاتے رہیں اس عقل کی موٹی کے پلے کیا پڑے گا ؟آج پاک آرمی دنیا کی بہترین افواج میں شمار ہوتی ہے۔ اب تو عام آدمی یہ پوچھتا ہے
ہماری فوج انڈیا سے کشمیر نہیں لے سکتی۔شانتی اورسیوا اور امن امن کی راگنی اورمذاکرات کے ڈھکوسلے اور دنیا سے کٹے ہوئے صوفیوں اور گوشہ نشینوں نے آج تک مسائل و حالات کو حل کیا ہے نہ کر پائیں گے۔ یہ چوں چوں کا مربہ وقت گزاری کی حد تک تو ٹھیک ہے۔تاہم مسئلہ کشمیر کا حل ہمیں اسی رہنما کتاب سے ملے گا جو آئین پاکستان کا حرف آغازبھی ہے۔ اسی کتاب کو رہنما بنا لینےسے کھویا ہوا وقار بحال ہوسکتا ہے۔ چھینے ہوئے علاقے واپس مل سکتے ہیں۔
عملی طور پر 1947ء کے مجاہدینِ آزادی کی اداؤں کو اپنانا ہوگا۔میڈیا قوم کی سوچ بنانے میں اہم کردار اداکرتاہے۔میڈیا مالکان سےدرخواست ہے کہ ملک کی کشمیرپالیسی کے حق میں ساراسال فضا بنائی جائے۔ 5فروری توخاص طورپہ ایک تاریخ طے کی گئی کہ جس میں مسئلہ کشمیر کوخصوصیت کے ساتھ اجاگرکیاجائے۔عام آدمی سے ہماری اپیل ہےکہ فکرمعاش زندگی کا مقصد نہیں ہوتا۔وطن ، ملت ، قومی مقاصد بھی تو زندگی کاحقیقی اثاثہ ہیں۔
کاش کہ عوام وخواص ہوش کےناخن لیں اوردنیامیں وقارواعتمادکےساتھ جینے کا گر پالیں تو بعید نہیں کہ مقبوضہ کشمیر پاکستان کے نقشے میں شامل ہوجائے۔


































