
نگہت سلطانہ
ماہ فروری میں ہر سال یوم یکجہتی کشمیر جوش و جذبے سے منایا جاتا ہے تو راقم کو ضروری لگا کہ تحریک جہاد کشمیر کے ایک گمنام ہیرو کی کچھ یادیں
تازہ کی جائیں۔
آئیے پہلے ایک کتاب پر امجد اسلام امجد کے لکھے تاثرات میں سے چند فقرے پڑھتے ہیں۔
"_ حیرت کی بات ہے کہ ان سب باتوں کے باوجود ان کا شاعر، سلیم ناز بریلوی ایک نیم گمنام حیثیت رکھتا ہے۔ نہ اخبارات ورسائل میں اس کی تصویریں نظر آتی ہیں اور نہ ہی وہ مشاعروں یا ادبی محفلوں میں کہیں دکھائی دیتا ہے۔ میڈیا کے اس دور میں ایک ایسے مشہور آدمی کا گمنام رہ جانا اپنی جگہ پر ایک دلچسپ اور قابل غور سوال ہے اور یہ سوال جماعت اسلامی کے لئے تو سب سے بڑھ کر قابل غور ہونا چاہئے تھا۔ سلیم ناز دیکھنے میں اتنا عام سا اور گفتگو میں اس قدر منکسر المزاج ہے کہ اس سے ملنے کے بعد بھی اس پر "شاعر" ہونے کا گمان نہیں گزرتا۔ وہ اپنے فکر اور موضوع سے اتنا کمٹڈ اور وابستہ ہے کہ شاید اسے اس طرح رہنے کی فرصت ہی نہیں ملتی جسے ہم زمانے کا دستور کہتے ہیں __"
یہ الفاظ ملک کےنامور ادیب و شاعر امجد اسلام امجد نے سلیم ناز بریلوی کی کتاب " جنگ جاری رہے " پر اپنےتاثرات میں لکھے تھے۔
قارئین امجد اسلام امجد کی طرح ہمیں بھی حیرت ہے، بلکہ دکھ ہے، شکوہ ہے وہ جو ڈالروں کے عوض بک گئے، ڈالروں کے عوض ٹریک 2 پالیسی سے بھی پسپائی اختیار کر کے ، مسئلہ کشمیر کو رول بیک کر بیٹھے ۔
دیس کے ان 'محسنوں' سے کیا شکوہ کہ رول بیک کرنے کے بعد قوم کو یہ سبق پڑھایا کہ
" جہاد یہ ہے کہ آپ لوگ جہالت کے خلاف جدو جہد کریں "
اور ساتھ ہی قوم کو جہالت کی گہری کھائی میں پھینک دیا۔ اب ان سے ہم شکوہ کریں؟
انہوں نے تحریک جہاد کشمیر ،
تحریک حریت کشمیر ، مزاحمتی تحریک کے ہیروز کو بھی گمنام کرنے میں اہم کردار ادا کیا۔
اب_ ان کی سانسیں تک ان کے لئے شکوہ بن چکی ہیں۔ فااعتبرو آیااولی الابصار"
ہمیں تو شکوہ ہے محب وطن حلقوں سے ہمیں شکوہ ہے۔ وادی کشمیر کے گیت گاتے جھرنوں، نغمہ خواں آبشاروں، بل کھاتی جھیلوں کے حسن کے اسیر ان دیوانوں سے جن کے لئے وادی کی یہ ادائیں دل کی زندگی اور روح کی غذا تھیں۔ ان لوگوں نے بھی اپنے جذبات کو کچھ کچھ ٹھنڈا کر دیا اور روحانی و قلبی تعلق وادی کے ساتھ، مستی و شوق کی وہ بو، وادی میں ظلم سہتے نہتے کشمیریوں کا درد انہوں نے اپنی نسل میں منتقل نہیں کیا۔
جماعت اسلامی سے آپ ہزار اختلاف رائے رکھیں تاہم اس حقیقت کو کوئی رد نہیں کر سکتا کہ جماعت اسلامی نے مسئلہ کشمیر کے لئے تن بھی دیا، من بھی اور دھن بھی۔ بلا شبہ آج بھی جماعت اسلامی مسئلہ کشمیر پر ٹھوس پالیسی رکھتی ہے۔ مگر __ خود جماعت کے حلقوں میں اس مسئلے کے ساتھ جذباتی وابستگی میں کچھ کمی آئی ہے اور اسی کی طرف اشارہ کیا امجد اسلام امجد نے۔
ہم جانتے ہیں جہاں آپ کے پاؤں میں زنجیریں پہنا دی جائیں وہاں آپ مجبور ہیں مگر روح اور دل کو آج تک کوئی زنجیریں پہنا سکا ہے کیا ؟؟؟
ہم بات کر رہے تھے سلیم ناز بریلوی کی ہمارے بچوں کو، پاکستانی بچوں کو معلوم ہونا چاہئے کہ سلیم ناز بریلوی پاکستان سے سچا پیار کرنے والا میدان عمل میں متحرک شاعر تھا۔محسوس کرو اس کی محبت
آزادی کے تین نشان
اللہ محمد اور قرآن
سب کشمیری مل کر بولو
جیوے جیوے پاکستان
آزادی آزادی آزادی آزادی
اور
آزادی کی للکاروں میں
تیروں، تیغوں، تلواروں میں
ہند پہ جاری یلغاروں میں
اور لاشوں کے انباروں میں
ہر کشمیری مست رہے گا
جب تک 14 اگست رہے گا
سلیم ناز کا جذبہ، ان کی خواہش ( کشمیر کے پاکستان کے ساتھ الحاق کی ) ان کی جدو جہد جب الفاظ میں ڈھلتی تو کچھ اس طرح کے گیت خود ان کی پرسوز آواز میں فضا میں اپنا جادو بکھیرتے تھے
~ہم تن من دھن واریں کشمیر کی وادی پر
ہر قطرہ خوں قربان تیری آزادی پر
تیری خاک کا ہر ذرہ دل و جان سے پیارا ہے
کشمیر ہمارا ہے کشمیر ہمارا ہے
"مہذب" دنیا کی "ثالثی" اور بھارت کی ہمہ جہت پراکسی وار اور اقوام متحدہ کی بے بسی و بے حسی کے نتیجے میں وطن عزیز میں پسپائی و ذہنی شکست خوردگی کے سٹاک ایکسچینج میں تیزی کے رجحان سے پہلے _ 1990ء کی دہائی میں _ جب مقبول علائی شہید، شمس الحق شہید، اشرف ڈار شہید کے تازہ گرم خون نے تحریک آزادی کشمیر کی آبیاری کی اور "سید علی گیلانی" کے جذبہ و استقامت کے سامنے ہمالیہ بھی سرنگوں ہو کر رہ گیا تھا تب سلیم ناز کی خوبصورت آواز میں یہ نغمہ پاک وطن کی فضاؤں میں ایسا گونجا گویا کہ بچے بچے کو زبانی یاد تھا۔ سکولوں میں بچے اس نغمے پر ٹیبلو اور خاکے پیش کرتے تھے، ریڈیو مظفر آباد اور ریڈیو تراڑ کھل پر دن میں کئی بار پیش کیا جاتا وہ مشہور نغمہ یہ تھا
پیاری ماں مجھ کوتیری دعا چاہئے
جب شہادت ملے مجھ کو کشمیر میں اور کیا چاہئے
پیاری ماں
آندھیوں سے لڑا
اپنے شہباز کو
سر پہ رکھ ہاتھ
پھر بھیج پرواز کو
اور دعائیں شہادت کی
دے ناز کو
پیاری ماں
لہو لہو وادی اور مظلوم کشمیریوں کا درد سلیم ناز جیسے حساس انسان کے لئے دل کا روگ بن گیا احباب نے مشورہ دیا علاج کا مگر سلیم ناز کے پاس کہاں فرصت تھی کہ وہ اپنی صحت کی طرف دھیان دیتے۔ شدید معاشی مشکلات سے دوچار کثیرالعیال اس دردمند دل والے نے تکمیل پاکستان کا جو خواب آنکھوں میں بسایا تھا اس کی تعبیر کی تلاش میں دن رات ایک کر دئیے دل کا سوز نغموں میں ڈھلتا رہا یہ نغمے قریہ قریہ کوچہ کوچہ سفر کرتے رہے۔ فضاؤں میں جذب ہوئے، پہاڑوں سے ٹکرائے
_ کوچہ کوچہ قریہ قریہ سفر کرتے رہے _
بقول جگ مومن سنگھ ( اس وقت کا مقبوضہ کشمیر کا گورنر )
یہ نغمے قبروں کے مردوں کو جگاتے رہے
اور پھر وہ جو دلِ دردمند رکھتا تھا، وادی کے بچوں، بوڑھوں، جوانوں، بہنوں بیٹیوں کی آواز تھا _ وہ جواں سال سلیم ناز _ چپکے سے 4 اکتوبر 1999 کو ابدی نیند سو گیا _
جبر کی رات کہتی ہے "اسے ڈھونڈ کے لاؤ کہیں سے __ "
صبح روشن کی امید کہتی ہے" اس کی روح تو بہشت کے آزاد پرندے کے قالب میں ڈھل چکی، وہ آزاد تھا، آزاد رہنا چاہتا تھا، غلامی سے جنم جنم کا بیر تھا اس کا آزاد ہو گیا، امر ہو گیا
ہاں مگ آدھے ادھورے دیس کے باسیو! اپنی جنت کو جہنم بننے سے بچا لوکہیں یہ شعلے تمہارے گھروں کو بھی بھسم نہ کر ڈالیں
اور سنو جاتے جاتے وہ آزاد پنچھی کیا کہہ گیا
میں ذرا وہاں چلا ہوں
کبھی یاد کرتے رہنا
میرے بعد میرے بیٹو یہ جہاد کرتے رہنا
میرے تن کا ذرہ ذرہ
جہاں جا کے کام آئے
میری خواہشِ شہادت
کوئی معجزہ دکھائے
نہ بہانا اشک جب بھی
میری نعش کوئی لائے
میں ذرا وہاں چلا ہوں
اب آخر میں حکومت پاکستان سے چند گزارشات
• سلیم ناز بریلوی کے حالات زندگی کو میٹرک کے مطالعہ پاکستان کے مضمون میں شامل کیا جائے
نیشنل میوزیم میں ایک کارنر کشمیریات کے لئے مختص کیا جائے جہاں کشمیر سے متعلق دوسری چیزوں کے علاؤہ سلیم ناز کی زیر استعمال اشیاء مثلاً قلم، ڈائری وغیرہ رکھی جائے۔
اہل علم و تحقیق کو سلیم ناز کے کام پر نقد و تحقیق کا موضوع دیا جائے۔
• مرحوم کے پسماندگان کی خبرگیری کا موثر بندوبست کیا جائے۔
اس گمنام ہیرو کی وصیت کہ "مجھے کورنگی (کراچی) میں امانتاً دفن کیا جائے اور جب کشمیر کا الحاق پاکستان سے ہو جائے تو میری تدفین سری نگر میں کی جائے" کو محفوظ کرنے کا سرکاری طور پر انتظام کیا جائے تاکہ آنے والے وقتوں میں جب پاکستان کی شہ رگ پاکستان کو واپس ملے تو حکومت اپنا یہ فرض پورا کرے۔
وہ جو پاکستان سے محبت کے عملی تقاضے کے طور پر خواہش رکھتے ہیں کہ ہمارے دیس کی شہ رگ ہمیں واپس آملے ان سے گزارش ہے کہ کم از کم یوم یکجہتی کشمیر کو اس گمنام ہیرو کی یادوں کو تازہ کیا کریں۔
ہم اپنی گفتگو کو گمنام ہیرو کی روح کو سلامِ عقیدت و دعا کے ساتھ ختم کرتے ہیں انہی کے الفاظ میں
تجھ سے ہے رنگ و خوشبو چمن در چمن
تو خزاں میں بھی ہے نوبہارِ وطن
جاں جاں غنچہ و گل ہیں، زخم بدن
تجھ سے وادی میں بادِ بہاری رہے
جنگ جاری رہے جنگ جاری رہے #


































