
نگہت سلطانہ
آپ نظام سقہ اورحبیب اللہ کلکلائی کا نام تو جانتے ہوں گے۔
کہتے ہیں ہمایوں اورشیرشاہ سوری جب آپس میں لڑرہے تھےاس دوران ایک رات ہمایوں اور اس کےسپاہیوں کو شام وشام نیند نےگھیر لیا۔ ہمارا خیال ہے اس شام فوجیوں نےچائے نہیں پی ہوگی۔ بس پھرکیا تھا اِدھر یہ نیند کی وادی میں کھو ہی چکے تھےکہ شیر شاہ سوری اور اس کے سپاہی ( جو ہماری رائے میں اس دن بڑے بڑے مگ چائےکے نوش فرما چکے تھے) آؤ دیکھا نہ تاؤگہری نیند سوئے ہمایوں اور اس کے سپاہیوں کی خبرلے ڈالی۔ ہمایوں لڑتا بھڑتا دریا کی طرف بھاگا تیرنا نہیں جانتا تھامگر چھلانگ لگا دی۔ دریا میں ایک سقہ/ماشکی نظام محمد سے ملاقات ہوگئی اس نے بادشاہ سلامت کو تیرنے میں مدد دی ۔ ہمایوں نے جانے یہ محاورہ "جان بچی سولاکھوں پائے" دل میں دہرایا یا زبان سے ہاں نظام سقہ کوشکرانے کے طور پر ایک دن کی حکومت دے ڈالی۔
حبیب اللہ کلکلائی عرف بچہ سقہ جنوری 1891ء میں کلکلان افغانستان میں پیدا ہوا۔ افغان بادشاہ امان اللہ خان اپنے خلاف چلنے والی بغاوت سےتنگ آکر ملک سے ہوا فرار اور حکومت دے ڈالی اپنے بھائی عنایت اللہ کو۔عنایت اللہ نے بھی چند روز نبھائی اور حوالے کر ڈالی حبیب اللہ کلکلائی عرف بچہ سقہ کو۔
کہیں آپ یہ تو نہیں سمجھ رہے کہ نظام سقہ اور بچہ سقہ کی فیس بک پر دوستی ہو گئی اور پھر انسٹاگرام پر بھی ایک دوسرے کے فالور بن گئے۔۔ ارے نہیں ۔۔۔ تب فیس بک نہیں پیدا ہوئی تھی۔ انسٹاگرام کا نام بھی کوئی نہیں جانتا تھا۔۔۔ بھئی یہ دونوں سقے ایک دوسرے کے کچھ نہیں لگتے تھے۔
نظام سقہ 1539ء میں اتنا جوان تھا کہ ڈوبتے بادشاہ کو بچا سکتا تھا۔ تاریخِ پیدائش ہمیں معلوم نہیں۔ بچہ سقہ کے بارے کہیں پڑھا ہے کہ جنوری 1891ء میں افغانستان میں پیدا ہوا ۔۔۔ اور ۔۔۔ اور پتہ ہے ہمارے صوبے کی وزیراعلیٰ اکتوبر 1973 میں پیدا ہوئی ہیں یہ درمیان ان کا اسم گرامی کہاں سے آگیا، صبر کیجئے ابھی بتاتے ہیں۔
بات چل رہی تھی نظام سقہ اور بچہ سقہ کی تو قارئین ان دونوں کے درمیان کچھ چیزیں مشترک ہیں مثلاً
ان دونوں کو حکمرانی بیٹھے بٹھائے مل گئی، مختصر مدت کیلئے ملی، ان دونوں کے "کارنامے" کسی خاص روشنائی سے لکھے جانے کے قابل ہیں۔ کہاں ؟ تاریخ میں ؟ نہیں جی جہاں چاہے لکھ لیں ہمیں تو ان دونوں سے مماثلت رکھنے والا ایک اور حکمران نظر آرہا ہے ۔۔۔ بلکہ آرہی ہے ۔۔۔ جی ہاں وہی جس کی تاریخِ پیدائش ۱۹۷۳ء بتائی جاتی ہے۔ بھئی آپ مانیں نہ مانیں مماثلت تو نظر آ رہی ہے دیکھئے۔
بغیر استحقاق کے مسند پر براجمان، مختصر مدت کے لئے ۔۔۔ اللہ توبہ ۔۔۔ یہ ہم کیا کہہ گئے ۔۔۔ ہم نجومی تھوڑا ہی ہیں بھئی ۔۔۔ ہم گزشتہ حکمرانوں کی حکمرانی کے دورانئے کے تناظر میں ایسا کہہ رہے ہیں۔ چلیں ذرا کارناموں کی بات ہو جائے۔ محترمہ کو قلمدان سنبھالے جمعہ جمعہ ہوئے ہیں کہ کئی عظیم کارنامے انجام دے دئیے ہیں مثلاً مختلف محکمہ جات کے طوفانی دورے جیسے میو ہسپتال کے طوفانی دورے کے دوران انہوں نے 2 مریض خواتین کی اشک شوئی کی اور پھر وہ پولیس جواسٹیشن پہ ۔۔۔ نہیں یہ بعد میں تذکرہ کریں گے پہلے تو ہم ایک اور "عظیم تاریخی کارنامہ دوہراتے چلیں ۔
جی ہاں پنجاب بھر میں میوزک فیسٹیولز، تعلیمی اداروں میں موسیقی کے مقابلہ جات کا فیصلہ، یہ وہ تاریخی فیصلہ ہے کہ جسے پنجاب کی وزارتِ اعلیٰ کے متمکن مریم نواز کے بعد انہی کی نسل سے جو جو کوئی اس عہدے پر بیٹھے گا/گی اسے سنہری حروف سے لکھے گا/گی ۔۔۔ ظاہر ہے یہ عہدوں کی بندر بانٹ اپنے ہی خاندان میں کرتا ہے یہ قبیلہ یہ عوام کے "ووٹوں سے منتخب" ہونے والا قبیلہ ۔۔۔
تو جناب ہم تو اپنی نوجوان نسل کے مستقبل میں بہت ٹھاٹھ دیکھ رہے ہیں موسیقی کے بھی کچھ قوائد و ضوابط ہیں انہیں ٹھاٹھ کہتے ہیں جب ہمارے نوجوان یہ سیکھ جائیں گے تو ان کے ٹھاٹھ بڑھ جائیں گے جب ٹھاٹھ بڑھیں گے تو آپ خود اپنے بچوں کو دیکھ کر کہیں گے بڑے ٹھاٹھ باٹھ ہیں بھئی ۔۔۔ !!
قارئین! ان ٹھاٹھوں سے نکلتے ہیں مختلف راگ مثلاً راگ بھوپالی، راگ ملتانی، راگ مالکوسنی میاں کی ٹوڈی ۔۔۔
ہمیں لگتا ہے پنجاب حکومت کا "نوجوان" "وزیرِ اعلیٰ" کے ویژن پر پورا اترنے کی ٹوڈی میں زیادہ دلچسپی لے گا کیونکہ یہ والا نعرہ تو پہلے ہی "زبان زدِ عام" ہے میاں دے نعرے وجن دے وجن دے ۔۔۔
رکئے رکئے قارئین! اتنے زیادہ نعرے نہ لگائیے کہ گلا خراب ہو جائے۔ ہم آپ کو بتا رہے ہیں کہ ہم مریم نواز بی بی کے ویژن کی عملی تصویر کچھ یوں دیکھ رہے ہیں ملاحظہ کیجئے
* ہائی سکول میں نہم کلاس میں کیمسٹری کا پیریئڈ شروع ہے استاد پوچھتے ہیں رولنمبر 36 اور رولنمبر 41 کہاں ہیں ؟
" سر وہ دونوں میوزک روم میں ریاض کر رہے ہیں ۔۔۔ "
* استانی صاحبہ بچوں کی کاپیاں چیک کرنے میں مگن ہیں کہ ایک مقدمہ ان کے سامنے پیش ہوتا ہے
مس! ۔۔۔ مس! ۔۔۔ "
"اوں" کاپیوں کے انبار سے سر اوپر اٹھا کر چشمے کو تھوڑا ماتھے پر چڑھا کر استانی صاحبہ پوچھتی ہیں ہیں "کیا مسئلہ ہے" ؟؟
"مس! ۔۔۔ مس! یہ لڑکی مجھے شرتی کہتی ہے میرا نام بگاڑتی ہے"
"تم ہو بھی توشرتی" ایک لڑکی نے بے ساختہ کہہ دیا
"دیکھا آپ نے مس یہ سب اس کی وجہ سے ہے یہ کتنی دیر سے یہی نام دہرائے جا رہی ہے ۔۔۔ "
"کیوں بھئی رضوانہ تم کیوں اتنی دیر اسے تنگ کر رہی ہو؟"
"میں ! میں تو موسیقی کی اصطلاحات یاد کر رہی ہوں"
"لیکن کیوں ؟"
"مقابلے میں حصہ لوں گی میں"
"اور وہ اصطلاحات کیا ہیں ؟"
"اوڈو، برن، سمپورن، کھاڈو اور شرتی ۔۔۔"
ساری کلاس ہنسنے لگ گئی
"اُف " مس نبیلہ نے چشمہ اتار کر میز پر رکھ دیا اور سر پکڑ کر بیٹھ گئیں۔
دور دراز گاؤں کا پرائمری سکول ایک ہی فرد ہیڈماسٹر بھی اورمعلم بھی تین سو بچوں پر مامور ایک فرد کے اعصاب کبھی کبھی شل بھی ہو جاتے ہیں شاید کچھ ایسی ہی صورتحال ہے کہ ماسٹر صاحب نے تین لڑکوں کو گراؤنڈ میں مرغا بنا رکھا ہے ان کی نگرانی پر مامور لڑکا بھاگا بھاگا آتا ہے
"ماسٹر جی! ماسٹر جی! وہ جو ارشد ہے نا کچھ کہہ رہا ہے مسلسل ایک ہی فقرہ دوہرا رہا ہے ۔۔۔"
ماسٹر خود گراؤنڈ میں آتے ہیں دیکھتے کیا ہیں کہ ارشد مرغا بنے مسلسل گائے جارہا ہے "ایک ستم اور میری جاں ابھی جان باقی ہے"
بہت ہوا مریم بی بی ! ہم مذاق ختم کر رہے ہیں۔ با دل نخواستہ آپ کے ،،اعلیٰ وژن ،، کی کچھ عملی وقوعے ہم نے نقل کردیےلیکن وزیر اعلی صاحبہ!ہم ہنسے بہت ہیں تو روئے بھی بڑا کیونکہ عجیب تماشا لگا رکھا ہے تم لوگوں نے۔ ایک طرف ہمارے قبلہ ء اول کے سائے تلے سفاک اسر_ائیل نے سینتیس ہزار عورت بچے جواں بوڑھے خون میں نہلادیے ، جق زندہ بچ گئے ان سے روٹی کالقمہ، علاج معالجہ کی سہولت، کسی محفوظ پناہ گاہ کی طرف کوچ کر جانے کاحق، سب کچھ چھین لیا۔۔
دوسری طرف تم لوگ ہو کہ راگ رنگ کےمقابلہ جات منعقد کروا رہے ہو
شرم تم کو مگر نہیں آتی۔۔
اب چند تجاویز پیش ہیں شاید کہ تھوڑی دیر کے لیے آپ کاضمیر آنکھیں کھولےاوریہ باتیں آپ کے دل میں اترجائیں۔۔۔۔۔۔ اچھی آواز عطیہ ء خداوندی ہے ۔آواز کی تلاش اچھا مقصد ہے۔۔۔۔لیکن۔۔۔۔ تجوید القرآن کے لیے۔۔۔ سوچیے اس پر۔
مریم بی بی ! قرآن کو نوجوانوں کااوڑھنا بچھونا بنا دیں پھر دیکھیے گا کیسی طاقت ، کیسی بجلی بھر جاتی ہے مٹی کے ان پتلوں میں۔ لیکن اگر آپ یہ چاہتی ہیں کہ مٹی کے پتلوں کی ناک موم کی بن جائے کہ عالمی بدمعاش اور مافیاز ان کو جدھر چاہیں موڑ لیں، تو آپ قائم رہیں اپنے فیصلے پہ لیکن کسی اور خطے میں چلی جائیں۔ یہاں تو آئین بھی آپ کو اس قبیح فعل کی اجازت نہیں دیتاہے۔ مزید برآں والدین اور اساتذہ پریشان ہیں متفکر ہیں۔کیا اس ملک میں آپ کے خاندان نے اپنے طویل دور حکومت کے دوران پہلے کم پریشانیاں بانٹی ہیں؟
نظام تعلیم میں نیک نیتی کے ساتھ اصلاحات کیجیے۔
بچے سکول سے باہر ہیں۔ یہ سب آپ کی ذمے داری ہیں۔لہٰذا نئے اسکولز بنانے کا منصوبہ تیارکیجیے۔۔
یہ جو طبقاتی نظام تعلیم ہے اس سے قوم کو نجات دلایے
سپریم کورٹ کا حکمنامہ اور قوم کے بچوں اور نوجوانوں کی صورتحال چیخ چیخ کے کہ رہی ہے کہ اردو کو جلد از جلد سرکاری زبان کےطور نافذ العمل کیا جائے۔۔
۔۔۔ وزیر اعلی صاحبہ!آپ اور آپ کے ساتھیوں کے لیے ایک اور تجویز ہے کہ شاعرمشرق (رحمہ اللہ علیہ)کے شائد کچھ اشعار آپ کو یاد ہوں ، تو اس شعر کو کسی استاد کے پاس بیٹھ کے سمجھیے اور اس پر کام کیجیے
آ تجھ کو بتاتا ہوں تقدیر امم کیا ہے
شمشیر و سناں اول طاوس و رباب آخر


































