
نگہت سلطانہ
جب ہر طرف دکھ کےڈیرےہوں توکون نہیں چاہے گاکہ خوشی کے نغمےاس کی سماعت سے ٹکرائیں پیارکےترانے اس کی
روح کوسیراب کریں چاہت کے فسانےاس کےلیےطمانیت وسکون کاسامان کریں ۔کچھ ایسی ہی آرزو لیے میں 14اگست کی صبح کا در کھولتی ہوں ۔۔۔۔۔
اور اب میرے سامنےیہ مناظر ہیں۔
یہ الہڑ دوشیزہ آلات موسیقی اٹھائے، تہذیب سےعاری لباس زیب تن کیے،ایک گانے کا بھاری معاوضہ طے کرنے کے بعد افلاس کی ماری، بھاری بلوں کے بوجھ تلے دبی خودکشیوں پہ مجبور قوم کے لیے ناچ رہی ہے اور گارہی ہے ،ہم زندہ قوم ہیں پائندہ قوم ہیں۔۔۔'
دوسرا منظر ملاحظہ کیجیے۔
ٹی وی سکرین پرچند ،دانشور،بیٹھےہیں اور قائداعظم کو ایک سیکولرپاکستان کا بانی ثابت کرنے کےلیے ایڑی چوٹی کا زور لگا رہے ہیں ۔ٹی وی کے سامنے پانچویں کلاس کا ایک بچہ اپنی درسی کتاب میں قائد کا یہ فرمان پڑھ رہا ہے 'مسلمانوں کی قومیت کی بنیاد صرف کلمہء توحید ہے نہ وطن ہے، نہ نسل۔ہندوستان کا پہلافرد جب مسلمان ہواتھا تووہ پہلی قوم کا فرد نہیں رہاتھا۔ وہ ایک الگ قوم کا فرد بن گیا تھا'۔۔
اس کی بہن جو ساتویں کلاس میں ہے اسے نئی کتاب دکھاتےہوئے بتا رہی ہے،بھیاپرانی کتاب کو چھوڑو یہ نئی دیکھو اس میںیہ فرمان نہیں ہے نئی کتاب خریدو۔
جی ہاں اب کے ،جشن آزادی، سے پہلے پہلےیہ کارنامہ انجام دیا حکمرانوں نے کہ قیام پاکستان کے مقصد کو واضح کرتے قائد کے فرامین ہی کو درسی کتب سے حذف کردیا۔۔
ایک اور منظر
ٹین ایج کچھ بچے بچیاں اسمارٹ ٹی وی کےسامنے بیٹھے ہیں،اسکول کالج سےچونکہ چھٹی ہےلہٰذا یہ لوگ تفریح کے موڈ میں ہیں۔ پیپسی کی کئی بوتلیں مکڈونلڈز آئیٹمز ان کے سامنے رکھے ہیں،یہ لوگ جشن آزادی مناتےہوئےبالی وڈ کی ایک مشہورمووی دیکھیں گے۔
مووی کے مناظر جو ہیں سو ہیں مگر ان بچےبچیوں کی بے ہنگم سرگرمیاں،مووی کے مناظرکے ساتھ ان کے اعصاب اور خیالات اور دل پہ وارد ہونے والے معاملات ان کی باہم گفتگو سے ظاہر ہو رہی ہیں۔۔۔
میں شرم سے نگاہ جھکا لیتی ہوں تفکرات گھیرلیتےہیں کہ بچوں کی آوازاپنی طرف متوجہ کرتی ہے۔
'امی جان مانا کہ ہمارے ٹیرس پہ جا کے ایک نئی دنیا دکھائی دیتی ہے مگر اب نیچےآئیں جلد تیار ہوجائیں آپ بھی،ہم تیار ہیں سب۔ پروگرام یہ ہے کہ
۔۔۔آپ کا ایک لیکچر ہوگا قیام پاکستان تشکیل پاکستان کےموضوع پراوریہ پروجیکٹرکےساتھ ہو گا۔ یونیورسٹیز کےطلبہ و طالبات کو اکٹھا کر لیا ہے ہم نے ہم اپنے دوستوں کے ساتھ ایک خاکہ پیش کریں گے بعنوان،تعمیر پاکستان کیوں اور کیسے" کے عنوان سے۔ آخر میں ہم سب دوست دس دس درخت لگائیں گے۔
بچوں کا عزم ان کی آنکھوں میں ایک انوکھی چمک کی صورت دکھائی دے رہا تھا ،اب جہاں اداسی و مایوسی کے ڈیرے تھے ،وہاں امید اور مسرت کے شادیانے بجنے لگے
صحن میں قدم رکھا توبچےسبز ہلالی پرچم لہرانے کی تقریب کےانعقاد میں مصروف تھے۔سبز ہلالی پرچم کا نظارہ روح کو مسرور نہ کرے ہو نہیں سکتا۔


































