
نگہت سلطانہ
عبداللہ عزام شہید نے ایک دفعہ کہا، تم کسی اسلامی جماعت سےمنسلک ہو اور پھرتمہارا یہ خیال ہے کہ جو کچھ اس میں ہے سب
حق ہے اور جو کچھ اس سے باہرسب باطل تو جان لو کہ یہ بدترین قسم کا تعصب ہے،تعصب انسان ہی کو نہیں جماعتوں کو بھی اندھا کردیتا ہے.سوچنے سمجھنے کی صلاحیتیں سلب ہوجایا کرتی ہیں اس وقت ہم جس جماعت کا تذکرہ کر رہے ہیں،وہ خود کواسلامی جماعت کہلایاجانا پسند کرتی ہےیانہیں ہاں ریاست مدینہ کا نعرہ ضرورلگایا،اس نےاوراس جماعت بارے ہم نےاپنی عادت کےعین مطابق ہمیشہ تعصب سےبالاتر ہو کرسوچا اس کی منتخب حکومت کو چلتا کرنےکی کبھی ہم نے حمایت نہیں کی بلکہ اسے ناانصافی سے تعبیر کیا، اس کےلیڈر کو جیل میں بند کرنے کی بھی ہم نے ہمیشہ مخالفت کی لیکن افسوس بلکہ دکھ ہوتا ہےکہ یہ جماعت تشدد پسندی پہ مبنی فیصلےکرتی ہے۔ ایک تاثر یہ پایا جاتا ہے کہ جیل سے باہرجو قیادت ہے وہ چاہتی ہی نہیں کہ عمران خان جیل سے باہر آئیں اور یہ جو 15 اکتوبر کے دن ڈی چوک پہ چڑھائی کرنےکا فیصلہ ہےاس تاثر کی تصدیق کرتا ہے۔ پی ٹی آئی کی اس قیادت نے جس اعلامیے کے ذریعے یہ فیصلہ کیا اس کےالفاظ یہ ہیں ،بانی پی ٹی ائی کی زندگی کو خطرات سے دو چار کرنے کے لیے بنیادی اور انسانی حقوق سلب کرلیےگئے ہیں ،ان کو بنیادی حقوق تک رسائی نہیں دی گئی تو پورا پاکستان 15 اکتوبر کو نکلے گا۔۔۔ہم نے اس سوال پہ بہت غور کیا کہ پورے پاکستان کو نکالنے کے لیے 15 اکتوبر ہی کا دن کیوں؟؟ آپ چین، روس ایران ،بھارت، بیلاروس کرغیزستان ،قازقستان، تاجکستان ،ازبکستان ، افغانستان اور منگولیا کو کیا پیغام دینا چاہتے ہیں یہی نا کہ آپ میں سےکچھ ممالک (مثلا بھارت) اگر پاکستان کے خلاف ادھارکھائے بیٹھے ہیں تواپنا سرمایہ ضائع نہیں کیجئےہم ہیں نا اس ملک کو کمزور کرنے کے لیے،ہم ہیں ناچڑھائی کرنے والے۔۔۔
بہت ہوچکا۔ للہ بہت ہو چکا ۔ برسر اقتدار جماعت کی پالیسیوں سےہمیں شدید اختلاف ہے۔آپ کےاوپرجھوٹے مقدمات بھی ڈالے گئے ، ہمیں اعتراف ہےمگر خدارااس سب کچھ کا بدلہ پاکستان سے نہ لیجئے۔ اس ملک سے بدلہ لینے والے تواس کے قیام کے ساتھ ہی پیدا ہو چکے تھے اوراب قد کاٹھ خوب نکال چکےہیں۔ آپ خود کو ان کی صف میں کھڑا نہیں کیجئے۔
شنگھائی تعاون تنظیم کے اجلاس کی کامیابی کسی ایک جماعت کی کامیابی نہیں اوراس اجلاس کی خدانخواستہ ناکامی کسی جماعت کی ناکامی نہیں ،اس کی کامیابی پاکستان کی کامیابی ہے اوراس کی ناکامی پاکستان کی ناکامی ، اس لیے ہم سمجھتے ہیں کہ ہر طرح کے تعصب سے بالاترہو کر صرف اورصرف وطن عزیز کی خاطرغیرجمہوری طورطریقے چھوڑ دینےچاہئیں اور اختلاف اوراحتجاج کا جمہوری اور آئینی راستہ اختیار کرنا چاہیے۔۔دوسری طرف حکومت پاکستان سے بھی ہمارا مطالبہ ہےکہ پی ٹی آئی کے معاملے کولےکرانصاف اورقانون کی عملداری اور آئینی تقاضوں کی تکمیل کا راستہ اختیارکیا جائے۔
اس ملک نے بہت زخم سہ لیےاب ہم سب کی ذمہ داری ہےکہ اس ملک کی خاطرایک ہو بیٹھیں اس سلسلےمیں حافظ نعیم الرحمن کی مثال آپ کے سامنے ہے،جماعت اسلامی نے احتجاج ریکارڈکروایا تو شدید گرمی اوردیگر مسائل قیادت اور کارکن نے خود برداشت کیے۔ ملک کو نقصان نہیں پہنچایا اور وام کو ریلیف لے کر دیا۔ ہر قسم کے تعصب سے خود کو بچایا اور حکومت پاکستان سے ہزار احتلاف کے باوجود آل پارٹیز کانفرنس کا مطالبہ کیا اورپھر اس کا انعقاد بھی عمل میں لایا گیا۔ اس طرح کی مثالیں جمہوریت اورآئین کی بالادستی کےراستے کو واضح کرتی ہیں اورملک اگے کی طرف رواں دواں ہوتا ہے ۔ پی ٹی آئی کوچاہیے کہ ہر طرح کے تعصب اور شدت پسندی اور حساس اداروں کے خلاف ہرزہ سرائی سے بازرہیں قیادت کارکنان کا خیال کرے ۔ کارکنان کے لیے ضابطہ اخلاق اور تربیتی نظام وضع کیا جائے۔ کارکنان کو معاشرے کی اور ملک کی خدمت پہ مامورکیا جائے، نہ کہ ان کو چڑھائی اور حملہ اور ملک بند کرنا۔ اس طرح کےطور طریقے سکھائے جائیں۔۔۔
یاد رکھیے! وطن عزیزسے پورے عالم اسلام کی امیدیں وابستہ ہیں۔آج کا مورخ آنے والے وقتوں میں اس عظیم مملکت کا ایک کلیدی اورتاریخی کردار دیکھ رہاہے۔۔آییے ہم سب مل کے اس کی تاریخ میں روشن ابواب کااضافہ کریں۔


































