
ماہ نور شاہد
پوچھا گیا کہ شاہرگ قطع ہونے سے کیا ہوتا ہے؟
جواب آیا
جسم مردہ ۔
اور اگر اس سے قطع کیا جائے جو شہ رگ سے بھی قریب ہے تو ،؟؟؟
جواب آیا
روح مردہ ۔
بے شک ہم انسان کی شہ رگ سے بھی زیادہ قریب ہیں(سورۃ ق)اگرچہ یہ آیت ہماری نظروں سے بہت مرتبہ گزری ہے لیکن کیا کبھی ہم نے غور کیا ہے کہ رب کائنات نے نے شہ رگ ہی کی مثال کیوں دی ہے ؟؟؟
اس نے دل یا کسی اورعضو کی مثال کیوں نہیں دی ؟
اس نے یہ کیوں نہیں کہا کہ میں انسان کے دل سے بھی زیادہ قریب ہوں؟
جانتے ہیں کیوں ؟
کے قلب کی زندگی حبل الورید سےہے۔شہ رگ کےبغیر دل کی زندگی ممکن نہیں اسی کےذریعے پورے جسم میں خون کی روانی ممکن ہے اور اس ہی کی وجہ سے جسم زندہ ہے۔
جس طرح شہ رگ قطع ہو جاتی ہے تو جسم مردہ ہوجاتا ہے اس ہی طرح جب اس ذات اقدس سے تعلق ختم کر دیا جاتا ہے ،اسے بھلا دیا جاتا ہے تو ہماری روح مردہ ہو جاتی ہے ۔جب اس رب نے کہہ دیا کہ میں تمہاری شہ رگ سے بھی زیادہ قریب ہوں تو اس سے تعلق بنائے بغیر اور اس سے دوستی لگائے بغیر روح کی تابندگی کیوں کر ممکن ہے ؟کیوں کہ روح اللہ کا امر ہے ۔
روح کا مردہ ہوجانا جانتے ہیں کیا ہوتا ہے؟
گناہ کا گناہ نہ لگنا اور نیکی کا دل نہ کرنا روح کے مر جانے کی علامت ہے۔
اکثر ہم کتنے ہی ایسے گناہ کر جاتے ہیں جن کا ہمیں ادراک تک نہیں ہوتا اور کتنی ہی نیکیاں نظرانداز کر دیتے ہیں جو ہمارے سامنے بکھری پڑی ہوتی ہیں۔
یہ روح کا مردہ ہو جانا نہیں ہے تو اور کیا ہے ؟
جسم کا مرنا تو ہمارے رب کریم کے ہاتھ میں ہے لیکن اپنی روح کومردہ ہم خود اپنے ہاتھوں سےکرتےہیں اپنے رب کو ناراض کرکے۔
اللہ نے سورہ ق میں فرمایا کہ میں تمہاری شہ رگ سے بھی "زیادہ" قریب ہوں اس نے یہ کیوں نہیں کہا میں تمہاری شاہ رگ" سے" قریب ہوں ؟
ہمارے وجود سے قریں تر ہماری بڑی رگ یعنی حبل الورید ہے وہ رب فرما رہا ہے کہ میں اس سے بھی زیادہ تمہارے قریب ہوں جانتے ہیں کیوں ؟
کیوں کہ شہ رگ کا تعلق محض زندگی سے ہےخدا کا ہم سے تعلق محض زندگی میں نہیں ہے وہ تھا ہے اور ہمیشہ رہے گا اور جسم مردہ ہو جانے کے بعد بھی وہ ہمارے ساتھ ہوگا۔
حیات وجود کی وجہ ختم ہوجاتی ہے مگر حیات روح کی وجہ تب بھی باقی رہتی ہے۔
خدا کا وجود اور خدا کا امر یعنی روح باقی رہتی ہے مگر جسم مردہ ہوجانے کے بعد زندگی میں خدا سے تعلق یہ بتاتا ہے کہ ہم نے روح کو کتنا دوام بخشا ہے اسکی زندگی اور تابندگی کے لیے ہم نے کیا عمل کیا ہے ۔
یہ خوبصورت آیت محض پڑھ کر گزر جانے کے لیے نہیں ہے اس پر غور کریں آپ کو نۓ دریچے کھلتے نظر آئیں گے۔انشاءاللہ۔





































