
ندا اسلام/ لاہور
جب دنیا بنی توجھگڑے کی ابتداء ہابیل وقابیل کےمشہورواقعےسےہوئی مگر وہ جھگڑا حق اورباطل میں اتنے واضح فرق سےہوا کہ بناء قاضی، قابیل کے ضمیر نے اسے پچھتاوے
میں ڈالا۔ غالباً، وقت کےساتھ جھگڑوں کی نزاکت کےسبب قاضیوں کے عہدے تخلیق ہوئےاورجج وہی منصف ٹھہرا جس نے غیر جانبداری سےکام لیااورجسےشرح صدر عطاء کر دیا گیا۔
روزمرہ کے معاملےجہاں قیامت کی یقین دہانی کرواتےہیں،وہیں ایک ایسے منصف کے ہونے پر بھی دلیل ہیں جو نیتوں کےحال جانتاہے،جو ظاہری قول اور عمل پر کسی کو کٹہرے میں کھڑا کر کے مجرم نہیں گردانے گاجو فریقین کے ہر معاملےکا گواہ ہو گالیکن سوال اٹھتا ہےکہ دنیا میں یوں ہی معاملات چلتےرہیں گے،کیا انسان ،انسان پر جو زیادتی کرتےہیں ،اس کے لئے آخرت کا انتظار کریں نہیں، بلکہ اللہ نے بعض اتھارٹیز انسان کو دی ہیں اور بعض صرف اپنے پاس رکھی ہیں اگر انسان ان میں سے لینے کی کوشش کرے گا تو گنہگار ہو گا، معتوب ٹھہرے گا۔خالق،رازق،معبود وہی ہے،کبراسی کی ردا ہے،بڑائی اس کےلئےہے۔ہوتا یہ ہےکہ دنیا میں معاملات کے سدھار کے لئے آسمانی کتابیں اورانبیاء بھیجےگئے،ان کی تعلیمات پر چلنے والے ایک دوسرے پر زیادتی سے بعض رہے لیکن کچھ لوگ جنہوں نے اللہ کی بڑائی میں سےحصہ لینا چاہاوہ دوسروں پر زیادتی کرنے لگے،بعض اوقات دونوں فریقین جو ایک دوسرے پر بڑائی حاصل کرنے کے خواہاں ہوتے ہیں ،آپس میں لڑنے لگتےہیں پھر کبھی ایک غالب آجاتا ہے کبھی دوسرا اور کبھی طاقتور کمزور کو کچل دیتا ہے۔
ہم فلسطین، شام پرہونےوالی عالمی سطح کی زیادتیوں سےپہلے روز مرہ کی زیادتی سےہی سبق سیکھ جاتےہیں کہ قیامت لازم وملزوم ہےاورانصاف ضروری ہے۔ہم عام انسان جب اللہ کی بڑائی میں حصہ لیتے ہیں نا تو اگلے پر گھیرا تنگ سے تنگ کردیتےہیں۔ہم ہاں اور ناں میں جواب چاہتے ہیں، ہم سیاق وسباق پر یک لخت قلم پھیر کر اپنے مطلب کے سوال پر فوکس کرتے ہیں، ہم دوسرے کی غلطی کی کھوج میں رہتے ہیں۔ ہم ذہنی ہراسمنٹ،ذہنی تشدد، ٹارچر کر کے دوسرے کی دماغی قوتوں کو سلب کرتے ہیں، دوسرے کو اشتعال دلاتے ہیں اور مشتعل ہو کر کی جانے والی حرکات پر اس بندے کو کٹہرے میں کھڑا کر لیتے ہیں۔غصے پر قابو کا درس دینے والی قوم ایسے ایسے قبیح اخلاقی افعال کرتی ہے جو انسانیت کو زیبا نہیں تو پھر ہم قیامت پر یقین کیوں نہ رکھیں اور اصل منصف کا کیوں نہ پکاریں اے لوگو!۔



































