
ندااسلام
میانہ روی ہرشے کو خوب صورت بناتی ہے،بہت سی قباحتیں اسی کی بدولت جنم لینے سےبچ جاتی ہیں۔اللہ نےدین گھرکے کسی ایک فرد کے
لئےنہیں اتارا کہ ہم اسے ہر طرف سے رویوں کی مارمار کرچیک کرتے رہیں کہ آیا یہ اب بھی ہمارے حقوق ادا کرتاہےکہ نہیں۔۔۔
بڑی تلخ حقیقت ہے کہ تربیت کا فقدان، مزاج کی بےاعتدالی اور طبیعت کی بےقابو اونچ نیچ ہم سے وہ وہ خطائیں سر زد کرواتی ہے اور ہمارے ہاتھوں دوسرے کی اتنی حق تلفی کرواتی ہے کہ الامان الحفیظ۔۔۔۔
پچیس سال تک ہم بیٹےکو پالتے ہیں، بہنیں لاڈ اٹھواتی ہیں یا اٹھاتی ہیں، پھروقت کروٹ لیتا ہے اور بھائی اوربیٹا شوہربھی بن جاتا ہے۔اب ناز اٹھوانے کواوراپنی منوانے کو ایک نیا فرد گھرمیں آجاتا ہے۔۔۔۔ ایک رویہ یہ ہےکہ مائیں، بہنیں مرد کی ایک ایک حرکت پر تنقیدی نظررکھ رکھ کراس کی حالت کٹہرے میں کھڑے مجرم کی سی کردیتی ہیں ،یہاں تک کہ خلوت کے اوقات میں بھی در ندازی جاری رہتی ہے۔ دوسری طرف یہ رویہ بھی بڑاعام ہے کہ مرد اپنی گھرہستی میں اتنا مگن ہو جاتا کہ بہنوں اورماؤں کے جذبات سے قطعی غافل ہوجاتا ہے۔ اس صورت میں بھی لاوا پک کرجب پھٹتا ہے تو بڑی تباہی لاتا ہے۔
یہاں ایک بات یہ ہےکہ انداز تخیل اورسوچ کی ایک لمبی عمرتک لاڈاٹھوانے والابھائی جب شادی کے بعد سنت پرعمل کرتے ہوئے گھریلو کاموں میں بیوی کا دست وبازو بنتا ہے تو بہنیں دل برداشتہ اورماں صدمے میں چلی جاتی ہیں،دوسری طرف ایسے شوہر بھی ہیں جو شادی کے بعد بیوی کو گھریلو معاملات میں مسلسل اپنی ماؤں، بہنوں (ساس، نند) کے تابع رکھنےکی روش پرچلتےہیں ۔ یہاں تک کہ ماؤں، بہنوں سے مشاورت کی کارنر میٹنگزکر کےبیوی کےجذبات سے تغافل برت کراسے دبو شخصیت بنا دیتے ہیں.
اب دیکھنا یہ ہےکہ اعتدال کی روش کیا ہے، میانہ روی کا تقاضا کیا ہے۔ میانہ روی یہ ہےکہ ایسی مشاورتی میٹنگز میں تمام اہل خانہ ہوں جن کا تعلق سب افراد سےہو،سب سے بڑھ کر اعتماد کی فضاء قائم کرنا گھر کے ہرفرد کی ذمہ داری ہے۔ سچائی اور دیانتداری سے ایک دوسرے سے معاملات ہی آپس میں اعتماد کی فضا پیدا کرتے ہیں۔۔۔۔
انتہائی ضروری امر یہ ہے کہ مائیں، بہنیں، زوجین کےرشتے کی نزاکت سمجھیں اورجانتی ہوں کہ بیوی اپنے شوہرکو ایک بھی بہن کی ٹریٹ کرے گی نہ ایک ماں جیسے اس کے اپنے شوہر کے متعلق جذبات ہوں گے، بیوی بھی سمجھ لے کہ اسے گھر داری میں معروف طریقے کےمطابق چلنا ہو گا۔ شوہر کے لئے اعتدال کی روش یہ ہے کہ وہ آنکھیں اور کان کھلے رکھتے ہوئےرشتوں کی نزاکت دیکھے اورسمجھے، اگر ایک گھر میں رہنا محال ہو جائے تو انصاف کی راہ اختیار کرے۔ اللہ ہمیں خانگی اور تمام معاملات میں اعتدال کی روش پر چلنے کی توفیق عطا فرمائے، آمین



































