
ثمین سجاد
ملک کی مسلسل گرتی ہوئی معیشیت اور لوگوں کی اسراف بھری شادیاں، دونوں ہی اپنے آپ میں ہمارے
تضاد اور دہرے معیار کو واضح کرتی ہیں ۔ مسلسل پسماندگی کی طرف گامزن یہ ملک جہاں تیسرے درجے کا ملک مانا جاتا ہے ۔وہیں اسی ملک میں شادیوں پر لاکھوں روپے صرف نمود و نمائش کی خاطر خرچ کر دیے جاتے ہیں۔
سوال یہ ہے کہ کیا یہ سب ہمیں زیب دیتا ہے؟ ہم ایک طرف اسلام پر چلنے کا دعویٰ کرتے ہیں اور دوسری طرف اپنے آپ کو اس طرح کی تقریبات میں بے بس پاتے ہیں۔ اسلام تو ہمیں میانہ روی اختیار کرنے کا حکم دیتا ہے ۔ میانہ روی کا مطلب ہے "درمیانہ راستہ" ہے ۔ پر المیہ یہ ہے کہ یہ درمیانہ راستہ ہی تو اختیار نہیں کیا جاتا۔ اس راستے کو اختیار کرنے کے بیچ میں کبھی نفسانی خواہشات تو کبھی معاشرہ آڑے آ جاتا ہے جس طرح ہم سڑک کے بیچ میں بس اس لئے نہیں چلتے کہ کہیں کوئی تیز رفتار گاڑی ہمیں آ کر مار ہی نہ دے ،اسی طرح آج کل ہم میانہ روی اس لئے اختیار نہیں کرتے کہ ہمیں معاشرے کا کوئی فرد آ کر طعنہ نہ مار دے کیونکہ اس دور میں میانہ روی کو غربت سمجھا جاتا ہے حالانکہ ہمارے اللہ اور پیارے نبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کو بھی وہی عمل پسند ہے جو اعتدال میں ہو۔
حضرت عائشہؓ سے روایت ہے:
“اللہ کو وہ عمل زیادہ پسند ہے جو اعتدال کے ساتھ اور مستقل کیا جائے، چاہے وہ تھوڑا ہی کیوں نہ ہو”۔
مگر افسوس تو اس بات کا ہے کہ ہم اپنی زندگی کے کسی بھی پہلو پر اس حقیقت کو واضح نہیں کرتے ۔ شادی ہمارے لئے صرف نمائش کا ذریعہ بن چکی ہے اور ہم اس بات کو بھولتے جارہے ہیں کہ اصل حسن تو سادگی میں ہے۔ ہمیں تو صرف نکاح اور پھر ولیمہ کا حکم دیا گیا ہے۔
یہ بات نا صرف شادی میں بلکہ زندگی کے ہر پہلو میں جائز ہے کیونکہ سادگی سے جو کام کیا جائے اس کا اپنا ہی حسن ہوتا ہے ۔ہمارے پیارے نبی حضرت محمد صلی علیہ وآلہ وسلم سادگی کے سب سے بڑے پیروکار تھے۔ انہوں نے اپنی پوری زندگی کو سادہ رکھا اور امت کو بھی یہی درس دیا ۔ انہوں نے فرمایا:
“جو شخص عاجزی اختیار کرتا ہے اللہ اسے بلند کر دیتا ہے”
ہمارے لئے یہ بہت ضروری ہے کہ ہم ایسی راہ اپنائیں جو ہمارے لئے آسان ہو اور سادگی سے بہتر کوئی راہ نہیں۔



































