
زہرہ یاسمین
ہر سال چودہ اگست کا دن جب آنے والا ہوتا ہے تو ہر دل سے پاکستان زندہ باد کی آواز نکلتی ہے۔ ہر دل سے آزادی کے
احساس علیحدہ وطن کی نعمت کےحصول پر شکر کےکلمات ادا ہونے لگتے ہیں ۔یہ پاک وطن ہم نے حاصل کیا تھا انگریزوں کی غلامی سے آزاد ہوکر ہندوؤں کی شر انگیزیوں سے بچ کر دین کے نفاذ اور اس پر عمل کے لیے اپنی مسلم شناخت کو قائم رکھنے کے لیے ہمارے بزرگوں کی جدوجہد اور قربانیوں کے عوض ہمیں ارض پاک عطا ہوا۔
پاکستان صرف ایک ملک ہی نہیں ہے بلکہ ایک سوچ اور نظریہ کا نام ہے جس کو حاصل کرنے کے لیے ایک عظیم تحریک کا آغاز قائد اعظم اور ان کے رفقا نے مسلم قوم کو متحد کرتے ہوئے تحریک پاکستان کے نام سے کیا۔ مسلم قوم نے مقصد کے حصول کے لیے یکجہتی ، ہمت ،حوصلےاور لگن سے طویل جدوجہد کی اس راہ میں جان و مال عزت و آبرو اور سگے خونی رشتوں سے بچھڑ کر قربانیوں کی لازوال ان مٹ خونچکاں داستان رقم ہوئی جس کے نتیجے میں آزادی اورمنزل مقصود تک رسائی ممکن ہوئی۔ اک خواب کو تعبیرملی آزاد وطن ارض پاکستان وجود میں آیا چودہ اگست پاکستان کا یوم آزادی ہے ۔
پاکستان دنیا کے نقشے پر اسلام کے نام پر حاصل کردہ واحدآزاد مسلم ریاست ہے،جہاں اسلام پر عمل ہونا تھا قرآن جس کا دستور ہونا تھا۔ لیکن مفاد پرست بد عنوان کرپٹ عناصر نے ایسا نہیں ہونے دیا مجبور پاکستانی عوام دن بہ دن قرضوں مسائل اور مہنگائی کی دلدل میں دھنستی چلی گئی اور آزاد خود مختار خوشحال سود سے پاک پاکستان کا خواب ابھی تک ادھورا ہے۔
ہمیں اپنے بزرگوں اور علامہ اقبال کے خواب اور قائد کی امنگوں کےمطابق اس وطن کو سنوارنا ہے۔اس کے لیے امانت و دیانت کے ساتھ احساس ذمہ داری سے کام لینے کے لیے انتھک محنت اور جدو جہد کرنی ہے۔ وطن عزیز کی ترقی اور خوشحالی کے لیے ہم سب کو مل کر اخلاص نیت کے ساتھ کسی بھی طرح کی خود غرضی مفاد پرستی اقربا پروری و تعصب سے بچتے ہوئے اپنی تمام تر اہلیتو ں اور صلاحیتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے ایک متحد قوم بن کر دن رات کام کرنا ہوگا۔
بے شک بگاڑ بہت پرانا ہے اسے دورکرنے کے لیے بہت سا وقت اورباہمی مدد و تعاون درکار ہوگا بہت سی قربانیاں بھی دینی پڑیں گی لیکن مجھے اللہ رب العالمین سےپوری امید ہے کہ ہم ان شا اللہ اپنا نصب العین پالیں گے۔ آئیے ہم سب عزم کریں کہ ہم سب مل کر اپنے وطن کو نظریہ پاکستان کے مطابق ترقی اور خوشحالی راہ میں گامزن کر یں گے۔




































