
زہرایاسمین
مجھ پہ رب کی ہیں نعمتیں کیا کیا ؟
عدیل نےاسکول سےآتےہی آوازلگائی۔
عدیل : امی جان آج کھانےمیں کیا پکایا ہے؟بہت بھوک لگی ہے۔
امی : بیٹا نہ سلام نہ دعا آج آتے ہی کھانا مانگ رہے ہوخیر تو ہے؟
عدیل :سوری امی السلام علیکم: دراصل آج میرے لنچ میں آپ نےجو آلو کا پراٹھاچٹنی کے ساتھ دیاتھاوہ میرےدوست مزےلے کرکھا گئےمیرے لیے بھی نہیں بچا جانے کیوں ان کے گھر میں ایسے کھانے بنتے ہی نہیں۔اسی لیے میں آج بھوکا رہا۔
امی : وعلیکم السلام ۔ کوئی بات نہیں ہمارے رزق میں اوروں کا بھی حصہ اللہ نےرکھا ہے،بیٹا آج تومیں نےدال چاول بنائے ہیں چٹنی اور کٹلٹس کے ساتھ۔
عدیل: واہ امی میں فریش ہوکرآتا ہوں۔
کھانے کے بعدعدیل نے بتایااس کےدوستوں کے گھر میں آلو کے پراٹھے،بیسنی روٹی، ہی نہیں بنتے۔ نہ ہی دال کی کچوریاں بنتی ہیں۔جبکہ ہمارے ہاں تو زیادہ ترمختلف دالیں اوردیگر دال کچوریاں، دال پالک، پچمیری(مکس دال)، کھڑی یا پھریری دال، کھچڑی، چنےکی دال کی قبولی(کھچڑی) مونگ کی دال کی منگوچیوں کاسالن آلواور سبزیوں کے کٹلٹس ۔ آلو کی قتلیاں، ترکاری، بھجیا،مکس سبزی،آلو گوبھی، آلو مٹر،آلو بینگن،آلو پالک، آلو میتھی، آلو کا رائتہ، آلودم مصالحےدار، کھٹےآلو، ساگ،
آلو والے چاول (تہاری)، سبزیوں کا پلاؤ اور بریانی
کبھی آلویابیسن کے پراٹھے پکا لیتے ہیں، کبھی انڈے آلووغیرہ لیکن سب مزیداراورتوانائی سے بھرپور ہوتا ہے۔ بریانی، پلاؤ، قورمہ، کڑاہی مرغی، مچھلی، گوشت کی ڈشیں ہفتے میں ایک دو بارضرور بنتی ہیں۔ میٹھے بھی بنتےہیں مختلف حلوے کھیر کسٹرڈ وغیرہ اور تقریباً روزانہ جو موسمی پھل میسرہو کھاتے ہیں خصوصاً جمعہ کو اور چھٹی والےدن جبکہ میرے دوستوں کے ہاں تقریباًروز ہی گوشت،مرغی یامچھلی کی ڈشیں بنتی ہیں مثلا بریانی،پلاؤ ، تکے کباب،قورمہ،ہانڈی،کڑاہی، فرائی گوشت یا روسٹ، آلو گوشت آلو چکن۔ چنے کی دال گوشت،سردیوں میں چائینیز سوپ، چائینیز و سنگاپورین رائس، پاسٹہ نوڈلز اور لزانیہ وغیرہ۔ لیکن انہیں اس سب کے باوجود میرے گھر کے کھانے پسند آتے ہیں۔ ایسا کیوں ہے امی؟ بیٹا سادہ اور متوازن غذا میں لذت اور ذائقہ ہوتا ہے غذائیت سے بھرپورکھانے ہوتے ہیں اور میں کھانا خود بہت محنت اور پیار سے بناتی ہو ں،انکے ہاں دال سبزی کم بنتی ہوگی اسی لیے وہ تمہارے گھر کے کھانے شوق سے کھاتے ہیں۔
عدیل: امی وہ لوگ ایسے کھانے کیوں نہیں بناتے یہ تو بہت غذائیت والےکھانے ہیں۔ بیٹا یہ سب اپنی سوچ اور اپنی پسند پر منحصر ہوتا ہےاور ممکن ہوان کے گھر والے سادہ کھانے اور سبزی دال وغیرہ کھانےکی رغبت نہ رکھتے ہوں۔امی میں ان کو کیسے سمجھاؤں؟ بیٹا سب سےپہلے ایک کام کرتےہیں میں تمہارے دوستوں کی امیوں کوجانتی ہوں۔
فبای الاء ربکما تکذبان
پس تم اپنےرب کی کن کن نعمتوں کو جھٹلاؤ گے
میں ایک تقریب رکھتی ہوں جس میں تمہاری تایازاد بہن فارینہ آپی (جوفوڈ اورنیوٹریشن سائنسزمیں ڈپلومہ ہولڈر ہونےکے ساتھ فوڈ اورنیوٹریشن کےحوالے سے ہسپتال اور اداروں میں ورکشاپس کرواتی ہیں) میں ان سے وقت لے کر ایک لیکچر اور ڈسکشن رکھواتی ہوں۔ اس تقریب میں سادہ اور غذائیت سے بھرپور ایسے کھانے پینے کے لوازمات رکھیں گے جس سبزیوں اوردالوں کی ڈشز کے ساتھ چکن اور گوشت بھی ہوگا۔
عدیل:مثلاً کیا کچھ ؟ ۔ امی: شامی کباب، چکن اورسبزیوں کےکٹلٹس،سفیداورکالےچنے، مونگ اورماش کی دال کےدہی بڑے اورایگ پڈنگ۔ واہ امی میرے تومنہ میں پانی آگیا۔
امی: تقریب میں تمہارے دوست بھی اپنی امی کے ساتھ آئیں گےتاکہ وہ بھی اپنی امی کے ساتھ مل کر فارینہ کی کار آمد باتیں اورتجاویز سن کرمتوازن اورغذائیت سے بھرپور کھانوں کی جانب اپنےگھروالوں کومائل کرسکیں۔
ماشاءاللہ امی۔۔۔۔ بہت اچھا آئیڈیاہے۔مجھےامید ہےکہ اللہ تعالیٰ ہمیں اپنے اس مشن میں کامیاب کرے گا۔
امی : آمین




































