
زہرا یاسمین/ کراچی
ثمینہ یوں تو بہت اچھے کھانے پکاتی تھی جو سب پسند کرتےتھےلیکن کچھ روزسے وہ کچھ نئے کم خرچ اور آسان کھانے بنانے کا سوچ رہی تھی اور
سوچتی ہی رہ جاتی کے کیا آج کچھ مختلف بنالیں جو نیا بھی ہو کم خرچ و آسان بھی اور سب کو پسند بھی آ جائے اپنی اس سوچ کو عملی جامہ پہنانے کے لیء اپنی دوست ندرت سے ڈسکس کیا تو اس نے یو ٹیوب پر کچن چینلز کا حوالہ دیا کہ وہاں سے ریسیپیز مل جائیں گی اور پھر ثمینہ نے یو ٹیوب پر کچن چینلز تلاش کرنا شروع کردیے۔ جلد ہی ڈھیروں چینلز سامنے آگئے۔اب جو ثمینہ نےریسیپیز دیکھنی شروع کیں تو مختلف ناموں کے ذیادہ تر یوٹیوب فوڈ چینلز پر ایک ہی طرح کی ریسیپیز اور کچھ ملتی جلتی کچھ مختلف آوازوں میں اور بعض الفاظ و جملوں کی تکرار اور کچھ ردو بدل و بدل کے ساتھ سامنے آئیں۔
پہلی ریسیپی۔
بہت مزے کی ریسیپی ہے کمال کی ریسیپی ہے گھرمیں موجود اشیا سے تیار ہونے والی بہت ہی آسان ریسیپی ہے ،کمال کی ریسیپی ہے ،منٹوں میں جھٹ پٹ بن جاتی ہے، بار اسی تکرار کے ساتھ ریسیپی چلتی رہی۔
سب سے پہلی ریسیپی
ڈیڑھ کپ تیل میں کھڑے یعنی ثابت گرم مصالحے زیرہ، دار چینی،لونگ ،الائچی بڑی وچھوٹی، تیز پتہ ثابت کالی مرچیں ڈال کر اچھی طرح بھنائی کریں۔
ایک پاؤ ،پیاز کاٹیں چوپ کرلیں پھر خوب اچھی طرح اس تیل میں فرائی کریں، پھر آدھا پاؤ ٹماٹر کاٹیں،سبزی ہو یا دال یا گوشت چکن، یہی مصالحے دس منٹ پھر ٹماٹر ادرک لہسن پیسٹ ڈال کر ٹماٹر گلنے تک خوب اچھی طرح بھونیں۔ دس بارہ منٹ تک بھنائی کریں اب نمک حسب ذائقہ اور ایک کھانے کا یا چائے کا چمچ سرخ مرچ، ہلدی پاؤڈر،پسا دھنیا، پسا گرم مصالحہ، کشمیری لال مرچ پاؤڈر، چلی فلیکس، ثابت پسا زیرہ، پسا ہوا گرم مصالحہ اور چاٹ مصالحہ، خوب ساری ہری مرچیں اور ایک کپ دہی ڈال کر خوب اچھی طرح بھنائی کریں دس بارہ منٹ تک پھر دال یا سبزی یا گوشت جو بھی ڈالنا ہے ڈال کر دس منٹ بھونیں پھر انکوگلنے تک پکائیں اور جب تیل اوپر آ جائے تو چولہا بند کردیں دیکھا کتنی کمال کی اور مزے دار سی ریسیپی ہے گھر کے مصالحوں سے جھٹ پٹ منٹوں میں تیارہونے والی آسان سی ریسیپی بہت مزے دار ہے۔ یہ دیکھ کر ثمینہ حیران پریشان رہ گئی گئی کہ دال اور سبزی میں دہی ٹماٹر دونوں ڈالے جائیں گے،اور ثابت( کھڑے) گرم مصالحے بھی اور پسا گرم مصالحہ پسی سرخ مرچ، کشمیری پسی لال مرچ، چلی فلیکس ہری مرچیں بھی اس طرح تو نہ صرف بجٹ آؤٹ ہو جائے گا، اوربہت ہی زیادہ چٹپٹا ہیوی سالن بنے گا مصالحے بھوننے میں ہی تقریبا گھنٹہ لگ جائے گا اور ایسا کھانا کون کھائے گا؟ ہم تو ایسے کھانوں کے عادی نہیں ہیں۔ ہم تو دال سبزی سچ مچ ہی میں منٹوں میں بنالیتے ہیں،پھریری یا کھڑی دال میں ٹماٹر نہیں ڈالتے بلکہ گاڑھی یا تھوڑی پتلی دال بنانی ہو تب ٹماٹر ڈالتے ہیں دال میں، دہی اور گرم مصالحے تو دال میں عموماً نہیں ڈالتے ہاں البتہ ثابت مسور (ملکہ مسور) ہری مونگ اور چنے کی دال میں ٹماٹر اور گرم مصالحے ڈالتے ہیں۔
بعض سبزیاں تو بنا ٹماٹر ہی بنالیتے ہیں اور ادرک لہسن پیسٹ ڈالنے بھی کی ضرورت نہیں پڑتی مثلاً آلو پالک آلو میتھی، ساگ۔ آلو ۔ ٹنڈوں اور گاجر وغیرہ کی بھجیا، جبکہ چائینیز سبزیاں تو نمک کالی مرچ تھوڑے سے ساسز ڈال کر بنالیتےہیں، یہ ریسیپیز تو نرا درد سر ہیں اس قدر بھنائی کریں گے اس سے وقت بھی ذیادہ لگے گا۔ دال پہلے سے بھگونے سے جلدی گل جاتی ہے اور سبزیاں بھی بھاپ میں گل جاتی ہیں بہت زیادہ بھوننے اور پکانے سے انکے اہم اجزا ختم ہوجاتے ہیں اور ذائقہ بھی بدل جاتا ہے۔ چلو ان ریسیپیز کوچھوڑتی ہوں اب کوئی اور ریسیپی دیکھتی ہوں، ثمینہ نے اب جو دوسری ریسیپیز دیکھیں وہ گوشت اور چکن کی ریسیپیز تھی ان میں بھی وہی تمام کھڑے ( ثابت گرم مصالحے)اور پسے ہوئے مصالحے جو پہلی تمام ریسیپیز میں شامل تھے ان تمام مصالحوں کے ساتھ خوب ساری پیازادرک لہسن پیسٹ ٹماٹر اور دہی کے ساتھ ایک کپ ملائی (کریم بالائی) بھی ڈالی گئی تھی اور یہاں بھی مسلسل یہی راگ الاپا جارہا تھا کہ کمال کی ریسیپی ہے بہت آسان منٹوں میں بن جانے والی گھر میں موجود سامان سے تیار ہونے والی کم خرچ ریسیپی ہے اب ہر وقت ہر کسی کے گھر میں ایک پاؤ دہی اور کریم یا بالائی تو موجود نہیں ہوتی، دہی کے ساتھ گوشت کا سالن الگ قسم کا بنتا ہے مثلاً قورمہ وغیرہ، وائٹ کڑہائی یا ہانڈی میں ملائی بالائی یا دہی ڈالتے ہیں۔ جبکہ دہی اور ٹماٹرایک ساتھ بریانی کے قورمے میں ڈالتے ہیں، حلیم اور نہاری میں تو ٹماٹر اور دہی ڈالنے کی ضرورت ہی نہیں پڑتی نہ بہت بھنائی کرنی پڑتی ہے۔ البتہ چکن مٹن یا بیف کڑاہی کے لیے ٹماٹروں کی بھنائی کرتے ہیں۔ پیاز ٹماٹر اس قدر مہنگے ہوگئے ہیں دہی اور بالائی بھی مہنگے ہیں، اس لیے بھئی ہم تو ہر ڈش بجٹ اور سب کی صحت کو سامنے رکھتے ہوئے بناتے ہیں اگر یہ تمام اجزا ڈال کر ہفتے میں ایک دو بار بھی یہ ڈشیں بنائیں تو صحت اور بجٹ دونوں ہی بگڑ جائیں گے۔
ثمینہ نے سر پکڑ لیا۔ اف خدا یہ کیا تماشا ہے ؟ اب کھانا پکانے کو بھی دردسر اور مشکل بنادیا گیا ہے۔ ہم تو باز آئے ان ریسیپیز سے ہم جو بھی پکاتے ہیں الحمدللہ ذائقہ دار ہوتا ہے اور جلدی بن جاتا ہے، سب شوق سے کھاتے ہیں۔ ہمارےاندر ان جھمیلوں میں پڑنے کی سکت نہیں ہے۔ اللہ بچائے ہمیں ایسی کمال کی نئی ریسیپیز سے۔ اب ثمینہ نے غصے میں سے ندرت کو کال کرکے یہ بات بتائی ندرت نےقہقہہ لگایا خدا کی پناہ ہر ریسیپی میں دہی ٹماٹر دونوں ڈالے جائیں گے،اور ثابت( کھڑے) گرم مصالحے بھی اور پسا گرم مصالحہ پسی سرخ مرچ، کشمیری پسی لال مرچ، چلی فلیکس ہری مرچیں ادرک لہسن پیسٹ اس طرح کی ریسیپیز تو ہمارے لیے ٹائم پاس تفریح کا ذریعہ تو ہو سکتی ہیں لیکن ہمارے اپنے بنائے کھانوں جو لذیذ ہونے کے ساتھ کم خرچ و بالا نشین ہیں ان سے بہتر نہیں ہوسکتیں،ہماری بہتری اسی میں ہے کہ ہم اپنا بجٹ اور صحت کو مد نظر رکھتے ہوئے کھانے پکائیں ثمینہ نے کہا ہاں بالکل ٹھیک کہا ہمیں اللہ بچائے ان نام نہاد کم خرچ آسان اور کمال کی ریسیپیز سے جو پیٹ کا صحت کا بجٹ کا بیڑہ غرق کردیں۔ ۔




































