
عظمٰی نسیم احمد
گزشتہ کل کی خبرنظروں سے گزری " غزہ میں شہید ہونے والوں کی تعداد اکیس ہزار ہوگئی" دل کو جیسے کسی نے مٹھی میں لےکے مسل دیا
یوں تومستقل فلسطین اور غزہ سے متعلق جاننے کی کوششوں میں لگے رہتے ہیں لیکن یہ تعداد پڑھ کردل کو محسوس ہوا کہ ایک ہی سیارے کی زمین پر موجود ایک ملک میں اس طرح کچھ طاقتوراورکچھ قابض ممالک اتنا ظلم و ستم ڈھا رہے ہیں اورساری دنیا خاموش تماشائی بنی ہوئی ہے جبکہ خاموش تماشائی ممالک بھی کم طاقتور نہیں ہیں۔
یہاں اشد ضرورت ہے،اس جذبے کی جس میں اپنے جیسےانسانوں کی تکلیف محسوس کرنےکی اپنی زمین اپنے گھرقابضین کےنرغےمیں چلے جانے کے دکھ کو محسوس کرنے کی صلاحیت ہو ' اور یہ انسانیت کے دکھ محسوس کی صلاحیت ہر ایک میں موجود نہیں ' آج ہم خود کو فلسطینیوں کی جگہ رکھ کر سوچیں کہ اگر کل کوئی ہم پر اسی طرح زبردستی قابض ہوجائےتو کیا یہ تماشائی ہماری مدد کو آئیں گےتو ذرا سا بھی امید کا دیا نہیں ٹمٹاتا 'ہمارے اپنے وطن کے حکمرانوں 'اکثریت سیاستدانوں و سیاسی جماعتوں کا یہ ہی حال ہے کہ سب خاموشی سے اس گریٹ گیم کا حصہ بنے ہوئے ہیں اورآخر میں ہمیں بھی ان کے حوالے کر دیں گے 'لیکن یہاں ایک کردار بطور مسلمان بطورپاکستانی ہمارا بھی بنتا ہےکہ ہم لوگ کس گروہ میں شامل ہیں کن لوگوں کو اپنے لئے اپنی زمین کی حفاظت کے لئےاپنے مذہب اسلام کے تحفظ کے لئے منتخب کر کے اپنا حکمران بناتے ہیں۔
ہم اپنے چندسو روپے بھی اگر کسی نیکی کے لئےخرچ کرنا چاہتےہیں تو ہزاروں اداروں کی پرکھ کرتےہیں کہ کہیں وہ ہمارے محنت سےکمائے چند سو روپے ہڑپ تو نہ کر جائیں گےلیکن جب اس انمول ارض پاک کی قیادت سونپنےکا وقت آتا ہےتو آنکھیں بند کرکے کبھی خاندانی سیاست والوں کو کبھی ملک کو بحران میں چھوڑ کر بھاگ جانے والوں کو کبھی سیلیبریٹیز کے نام دیکھ کر اندھی تقلید کرتے ہوئے اپنے سر پہ مسلط کر لیتے ہیں جبکہ اب ہمیں اپنی بصارت و بصیرت دونوں سے کام لیتے ہوئےایسے لوگوں کو اپنا رہنما اپنا حکمران منتخب کرنا چاہیےجو فلسطین میں ہونے والے اور دنیا میں کسی کےساتھ بھی ہونے والے ظلم پر آواز اٹھانے کی ہمت رکھتے ہوں، جنہیں امت کا قوم کا درد ہو جنہوں نے ہمیشہ قوم کو کچھ دیا ہو چاہے زلزلہ ہو سیلاب ہو کووڈ ہو،مصیبت کی گھڑی میں عوام کی بلارنگ ونسل بلا اورامتیاز خدمت کی ہو۔ عوام کو لوٹا نہ ہو بجلی ، پیٹرول اور اشیاء خورد و نوش کی قیمتیں بڑھا کر گیس و پانی کی قلت پیدا کر کے۔
خدارا اب درست فیصلہ کیجئےدرست افراد کا انتخاب کیجئے۔ اپنے لئے اپنےبچوں کے مستقبل کے لئےاب ایسا نہ ہوکہ صرف ایک پلیٹ بریانی یا ایک ٹھنڈی بوتل کے لئے ہماری قوم اپنے ایمان اپنی زمین اپنےگھروں اور اپنی اولاد کو بھی ان بےحس بے ضمیر سیاستدانوں کے ہاتھوں گنوا دے۔
نوٹ : ایڈیٹر کا بلاگر کے خیالات سے متفق ہونا ضروری نہیں ( ادارہ رنگ نو )


































