
روزینہ خورشید
بچے قدرت کاانمول تحفہ ہیں بہت معصوم،سادہ اور موم کی طرح نازک انہیں جس سانچے میں چاہے ڈھالا جا سکتا ہے۔ حدیث نبوی صلی اللہ علیہ وسلم ہے ۔
" ہر بچہ فطرت اسلام پر پیداہوتا ہےاور پھراس کےوالدین اسے یہودی یا نصرانی بنا دیتے ہیں"
یوں تو اولاد کی پرورش کی ذمہ داری باپ اور ماں دونوں پر ہی عائد ہوتی ہےلیکن فی زمانہ اولاد کی تربیت کی ساری ذمہ داری ماں کے کاندھوں پرآ گئی ہے کیونکہ ظاہر ہے باپ سارا دن کسب معاش کے سلسلے میں گھر سے باہر ہوتا ہے جب وہ گھر سے نکلتا ہےتو بچے سکول جانےکی تیاری کررہے ہوتے ہیں اور جب گھر واپس آتا ہے تو بچوں کے سونے کاوقت ہوجاتا ہے یا پھر اکثر مرد حضرات اولاد کے بہترمستقبل کی خاطر دیارغیر میں ملازمت کرتے ہیں۔ ایسی صورت میں ماں پر بڑی بھاری ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ بچوں کی تربیت میں کوئی کمی نہ رہنے دے جو مائیں اپنی یہ ذمہ داری احسن طریقے سے پوری کرتی ہیں۔ان کو سعادت مند اور خوشحال اولاد کا سکھ دیکھنا نصیب ہوتا ہے۔
عہد حاضرمیں تو ماؤں کی ذمہ داریاں کئی گنا بڑھ گئی ہیں کیونکہ ٹیکنالوجی کے انقلاب نے زندگی کے ہر میدان میں حشر برپا کر دیا ہے کوئی بھی اس سے محفوظ نہیں ہے خواہ وہ "ماں" جیسی ہستی ہی کیوں نہ ہو اب تو عام مشاہدے میں یہ بات آرہی ہے کہ زیادہ ترمائیں خود دن کا بیشترحصہ کمپیوٹر ،لیپ ٹاپ اور موبائل سے جڑی رہتی ہیں، ان کی زندگی میں فیس بک، انسٹا،واٹس ایپ، ٹویٹر،یوٹیوب اور دیگر ایکٹویٹیز کو ترجیح حاصل ہے جبکہ بچوں پر توجہ بعد میں ہوتی ہے۔
بچے جنہوں نے ابھی بیٹھنا بھی نہیں سیکھا ہوتا وہ بھی موبائل اسکرین کودیکھ کراسےایسےاہمیت دیتے ہیں جیسےکہ یہ کوئی کھلونا ہو اور جب یہ بچے تھوڑے بڑے ہوتے ہیں تومائیں خود اپنی جان چھڑانےکے لیےبچوں کو ٹیبلٹ اورموبائل پکڑا دیتی ہیں اور فخریہ انداز میں خاندان بھر میں بتاتی پھرتی ہیں کہ ابھی تو میرا بچہ دو سال کا ہے لیکن ٹیب چلاتا ہے وغیرہ وغیرہ -
یہ بات اچھی طرح ذہن نشین کرلیں کہ ہر بچے کے لیے اس کےماں باپ آئیڈیل ہوتےوہ انہیں جوکچھ کرتےہوئےدیکھتے ہیں خواہ وہ لوگوں کےساتھ تعلقات ہوں یا معاملات غیر محسوس طریقےسےوہ تمام عادات واطواراپنےاندرمحسوس کرتے چلے جاتے ہیں ،لہذا جب وہ دیکھیں گے کہ ان کی ماں دن میں کئی بار سیلفی لے کر فیس بک یا یا انسٹا پر اپلوڈ کررہی ہےتو وہ بھی یہی کچھ کریں گے۔
یاد رکھیں کوئی بھی ایجاد بذات خود بری نہیں ہوتی ،انحصارکرتا ہے کہ آپ اسے کیسےاستعمال کررہےہیں۔ اس سلسلے میں ماؤں کو اس بات کی آگاہی بہت ضروری ہے کہ موبائل کا استعمال کب اور کیسےکرنا ہے۔ اس میں بچوں کو کیا دکھانا ہے اور ان پر چیک اینڈ بیلنس کیسے رکھنا ہے۔
ماؤں کو چاہیےکہ چار، پانچ سال کی عمرسے ہی بچوں کوعقائد، عبادات اورمعاملات کے بارے میں نہایت ہلکےپھلکے اندازمیں بتانا شروع کر دیں ان کو اپنے ساتھ زیادہ سے زیادہ اٹیچ رکھیں ان کے ساتھ کھیلیں، انہیں سبق آموزاسلامی کہانیاں سنائیں ۔ خصوصاً رات کو سونے سے پہلے نبیوں کےقصے اورصحابہ کرام کے واقعات کو دلچسپ اندازمیں بچے کوسنائیں کوشش کریں کہ نئی کہانی یا قصہ شروع کرنے سے پہلے بچے سے پوچھیں۔
" بیٹا کل آپ نے کون سی کہانی سنی تھی یا کس نبی کا قصہ سنا تھا ،" اس سے بچے ساری کہانی دوبارہ یاد آجائے گی ۔بچوں کو اپنے بچپن کے واقعات سنائیں، بچوں کا اسکرین ٹائم کم سےکم رکھیں،ان کا روٹین ایسےسیٹ کریں کہ بچے آپ کی نظروں کے سامنے زیادہ سے زیادہ رہیں۔
حدیث نبوی صلی اللہ علیہ وسلم ہے
" باپ کا اپنی اولاد کو بہترین تحفہ اس کی بہترین تربیت ہے "
اسی طرح ایک اور جگہ ارشاد فرمایا
"بندہ جب مرجاتا ہےتو اس کےاعمال کا سلسلہ منقطع ہو جاتا ہےمگرتین چیزیں ایسی ہیں جن کا ثواب برابر ملتا رہتا
نمبر ایک ۔۔۔ صدقہ
نمبر دو۔۔۔۔۔وہ علم جس سے نفع اٹھایا جاتا رہے
نمبر تین ۔۔۔۔ صالح اور نیک اولاد جو ان کے لئے دعا گو رہے"
یاد رکھیں آج کےدور میں صرف ماں بچےکی تربیت نہیں کر رہی ہے بلکہ باہر کا معاشرہ،میڈیا، اسکول اوردوست احباب بھی بچے کی تربیت میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں لہذا بارہ سال کی عمر کو پہنچنے تک بچوں کوصحیح غلط اورحرام و حلال کی تمیز سکھانا ماں کی ذمہ داری ہے۔ اگر آپ یہ سوچیں گی کہ ابھی تو بچے چھوٹے ہیں ابھی سے ان کے ساتھ بلوغت کےمسائل یا ایسی باتوں کو ڈسکس نہ کیا جائے،جب وقت آئے گا تو خود سیکھ جائیں گےتو یہ آپ کی بھول ہے۔
اس سے پہلے کہ دوست احباب اس کوزمانے کی اونچ نیچ سکھائیں ، آپ اپنے بچوں کی بہترین دوست خودبن جائیں تاکہ وہ اپنی ہرالجھن، ہرپریشانی، ہرمسئلہ آپ کےعلم میں لائیں اورآپ حکمت سےکام لیتے ہوئے اس کے مسائل حل کرنے میں اس کی مدد کریں۔ اگر آپ نے بچےکے اندر اس عمر میں ایمان کی حرارت پیدا کر دی اور اعلیٰ اخلاقی اقداران کے اندرمنتقل کردیا تو یقین رکھیے فتنے اور حوادث ان کا کچھ نہیں بگاڑسکیں گے اور جب یہ نیک اور صالح بچے معاشرے کا بہترین فرد بن کر سامنے آئیں گے تو دین و دنیا دونوں کی بھلائیاں ان کے قدم چومیں گی اوریہی بچے آپ کے لئے صدقہ جاریہ بن جائیں گے۔
آخرمیں سب سے اہم بات کہ نمازمیں بچوں کے لئےخصوصی دعائیں مانگنا نہ بھولیں کیونکہ دعا مومن کا ہتھیار ہے،لہذا ہرنماز کے بعد لازمی یہ دعا ضرورمانگا کریں
ربنا ھب لنا من ازواجنا وذریاتنا قرۃ اعین وجعلنا للمتقین اماما
"اے ہمارے رب! ہمارے ازواج اور ہماری اولاد کو آنکھوں کی ٹھنڈک بنا اور انہیں متقیوں کا امام بنا"
اللہ ہم سب کا حامی و ناصر ہو



































