
روزینہ خورشید
ہمارے گھر کے سامنے قبرستان ہے اورقبرستان کے اندر لوگوں نے مزارات بنائے ہوئے ہیں جہاں ہرماہ باقاعدگی سے چاند کی بارہویں یا تیرہویں شب
کو قوالی کی محفل سجتی ہے جس میں دور دور سے لوگ آتے ہیں خاص کر رمضان المبارک میں تین دن میلے کا سماں ہوتا ہے کہنے کو تو یہ لوگ کسی بزرگ کا عرس مناتے ہیں مگر یہاں شرک و بدعت،شخصیت پرستی اور خرافات کی انتہا ہوتی ہے (الامان الحفیظ)
پاکستان میں اس طرح کے نہ جانے کتنے مزارات ہیں جہاں شرک اور بدعات عام ہوگئی ہیں مرد تو مرد خواتین بھی مزارات پر منتیں مانگتی ہیں،چڑھاوے چڑھاتی ہیں حتٰی کہ دھمال تک ڈالتی ہوئی نظر آتی ہیں اس کے علاوہ وہ بہت سے مزارات در پردہ منشیات فروشوں اور بردہ فروشوں کی آماجگاہ بن گئے ہیں
یہ سب صرف اور صرف دین سے دوری کا نتیجہ ہیں ان مزارات پر صرف غریب ہی نہیں بلکہ بڑی بڑی گاڑیوں میں بڑے بڑے بزنس مین اور خاصے پڑھے لکھے افراد بھی حاضری لگاتے ہیں دعائیں مانگتے ہیں اور ماتھا ٹیکتے ہوئے بھی نظر آتے ہیں جب کہ ارشاد باری تعالیٰ ہے۔
"اور جن لوگوں کو یہ اللہ کے سوا پکارتے ہیں وہ کوئی چیز بھی تو نہیں بنا سکتے بلکہ وہ خود بنائے جاتے ہیں وہ تو مردہ ہیں بےجان ۔ان کو تو یہ بھی معلوم نہیں کہ اٹھائے کب جائیں گے ۔
(سورہ النحل .20,21)
حضرت عائشہ رضی اللہ تعالی عنہ سے روایت ہے کہ رسول صلی اللہ علیہ وسلم نے مرض الموت میں فرمایا "اللہ یہود و نصاریٰ پر لعنت کرے جنہوں نے اپنے انبیاء کی قبروں کو سجدہ گاہ بنا لیا ".
اسی طرح ایک اور جگہ ارشاد فرمایا "خبردار تم سے پہلے لوگوں نے اپنے پیغمبروں اورنیک لوگوں کی قبروں کو سجدہ گاہ بنا لیا تھا قبروں کو سجدہ گاہ مت بناؤ میں تمہیں اس عمل سے روکتا ہوں"۔
افسوس صد افسوس آج قرآن کریم کی تعلیمات اور احادیث نبوی کی مکمل نفی کی جا رہی ہے اور کوئی روکنے ٹوکنے والا نہیں ہے یہ ملک جو کہ اسلام کے نام پر حاصل کیا گیا تھا آج یہاں شعائر اسلام کو مذاق بنا لیا گیا ہے جگہ جگہ مزارات کی کثرت اور ان میں ہونے والا شرک عذاب الہی کو دعوت دے رہا ہے لیکن حکمرانوں کے کانوں پر جوں تک نہیں رینگتی بلکہ وہ اس کی سرپرستی کرتے ہوئے نظر آتے ہیں۔
کار نبوت ختم ہو چکا لیکن مشن محمدی صلی اللہ علیہ وسلم قیامت تک جاری رہے گا ہم میں سے ہر ایک داعی ہے لہذا ہمیں چاہیے کہ شرک اور بدعت کے خاتمے کے لیے جہاں تک ہوسکے اپنا حصہ ضرور ڈالیں لوگوں میں شعور بیدار کریں کہ دعائیں سننے والی، نوازنےوالی، مرادیں پوری کرنے والی ذات صرف اور صرف اللہ رب العالمین کی ہے وہی ہمارا حاجت روا ہے، وہی ہمارا مشکل کشا ہے صرف وہی واحدویکتا ذات ہے جو مسجود خلائق ہےلہذا ہمارا سر جھکے تو صرف اسی مالک حقیقی کے سامنے جھکے جو ہے نیاز ہے وہ پھر ہمیں کسی کے آگے جھکنے نہیں دے گا
یہ ایک سجدہ جسے تو گراں سمجھتا ہے
ہزار سجدوں سے دیتا ہے آدمی کو نجات



































