
ساجدہ حسین
اردگرد پھیلے کپڑوں کے بیچ بیٹھی اپنے کپڑوں کا پیکٹ بنا تے سمے اس کی آنکھوں کا پانی گویامنجمد ہوگیا۔ان پانیوں کےدھند لکوں میں اس نے دیکھا پانی کا بہت شور تھا،گویا قدرت
نے ان پانیوں میں پورے جہاں کا غصہ بھر دیا ہو۔غصے میں بپھرے ہوئے ریلے نے اس سے ایک بڑے پتھر پر لاپٹخا۔وہ حواس باختہ سی ایک پتھر پر پڑی تھی۔پنڈلیاں گھٹنوں تک ننگی تھیں۔گیلے بال پورے چہرے اور گردن کے ساتھ چپکے ہوئے تھے ۔گریبان کندھے تک لٹکا ہوا اور دوپٹہ غائب۔اس نے دھیرے سے ڈرتے ہوئے آنکھیں گھمائیں ،بھپرا ہوا پانی اس کے پاؤں سے ٹکراتا اپنے سنگ بڑے بڑے پتھروں کو بہاتا ایک شور سے گزر رہا تھا،حلق خشک تھا،بابو! اس نے ادھر ادھر دیکھا اس کا چھوٹا بھائی،لالا اس کا باپ،بےبے۔۔ سب کے سب بہہ گئے؟اور وہ کیسے بچ گئی اس نے حیرانی سے سوچا؟
دور کہیں اسے کسی کا سر،کسی کے کپڑے،کوئی بہتا ہوا صندوق نظر آرہا تھااور وہ اس پتھرپہ لیٹی بےجان سی اپنی بڑی بڑی کھلی آنکھوں سے سارا منظر دیکھ رہی تھی۔
وہ تو اپنے گھر کہ صحن میں اپنےلالا،بےبےاوراپنے چھوٹے بھائی بابو کےساتھ بیٹھی باتیں کر رہی تھی کہ اچانک زور سےبارش شروع ہو گئی وہ بھاگ کے سب کے ساتھ کمرے میں جانے لگی کہ ایک گرج کے ساتھ نہ جانے اچانک کہاں سے پانی کا ایک زوردار ریلا آیا اور پھر اسے ہوش نہ رہا۔پتھر پہ ہراساں سی لیٹی اس کی آنکھوں کے سامنے گویا ایک فلم کا ٹریلر سا چل گیا اور پھر کچھ یاد نہ رہا۔تھوڑے سے حواس مجتمع کر کےوہ اپنی ہتھیلیوں کے بل اٹھ کر بیٹھی تو اس نےدیکھا کہ کچھ نوجوان پانیوں سے لوگوں کو بچا رہے تھے۔نارنجی جیکٹیں ارد گرد دور تک پھیلی تھیں ۔اسے تھوڑاحوصلہ ملا۔ یہ گویا سیلاب تھا وہ زیر لب بڑ بڑائی۔۔۔۔مگر میرے اپنے۔۔؟اس کے ساتھ ہی گویا آنسؤوں کا ایک ریلا پلکوں کا بند توڑ کر رخسار بھگو گیا۔
بی بی! اپنا ہاتھ دو۔۔۔۔۔ایک مردانہ آواز نے اسے چونکا دیا۔بی بی اپنا ہاتھ دو! دوبارا آواز پر وہ پلٹی ۔اس نے اپنے پاؤں کے پاس نیچے پانی میں کھڑے ایک نوجوان کو سنا۔۔۔ نہیں! اس نے اپنے پاؤں سکیڑ لیے۔ وہ ڈر کے مارے اور سمٹ گئی اور اپنے دونوں بازو اپنے سینے کےساتھ چپکا لیے ۔۔۔۔نہیں۔۔۔نہیں۔۔۔۔وہ بڑائی بڑائی۔او بی بی۔۔۔ ۔۔جلدی کرو پانی بہت تیز ہے ہم سب کو بچا رہے ہیں، ڈرو نہیں شاباش اپنا ہاتھ دو ۔نوجوان نے ایک قدم پتھر پر رکھ کر اپنا ہاتھ اس کی طرف بڑھایا ،جلدی کرو ابھی پانی سب کو بہا کر لے جائے گا ،وہ جلدی سے بولا مگر میرے لالا۔۔۔۔۔ وہ روتے ہوئے بولی۔تم آؤ ہم سب کو ڈھونڈ رہے ہیں ،فکر نہ کرو جلدی کرو نوجوان نے بڑھ کر مضبو طی سے اس کا ہاتھ اپنی طرف کھینچا۔وہ پورے جسم سے بھیگی ہوئی تھی۔دونوں ہاتھ میرے کندھوں پر رکھو۔۔۔ نوجوان نے جلدی سے کہا اور اس کی طرف پیٹھ موڑ کر کھڑا ہو گیا،اس نے ڈرتے ڈرتے اپنے دونوں ہاتھ اس کے کندھے پر رکھے اور اسے کندھے پر اٹھا کر پانی سے گزرنے لگا آنسو مسلسل بہہ کر پانی میں مل رہے تھے،کوئی دھیرے دھیرے پانی کو پار کر کے اسے دوسرے کنارے پر لے گیا اور آرام سے ایک خشک جگہ پر اتار دیا۔
سنو۔۔۔۔۔ ڈرو نہیں ہم فوجی جوان ہیں ہمارا کام لوگوں کی جان بچانا ہے ،ابھی گاڑیاں آ رہی ہیں، اس میں بیٹھ جانااورتمہیں محفوظ جگہ پرپہنچا دیا جائےگا۔وہ جلدی سےتفصیل بتا کر چلا گیااور وہ ہراساں سی ڈوبتے لوگوں کو دیکھنے لگیکہ اچانک ایک بڑی گاڑی اس کے پاس آ کر رکی لوگ جلدی جلدی جو پانی سے بچ گئےتھےانہیں گاڑی میں بٹھا رہے تھے، اسے بھی گاڑی میں بٹھایا گیا،بہت سے بچے آدمی اور عورتیں اس گاڑی میں تھے۔بھیگے جسم اور کپڑوں کی بساند گویا گاڑی میں بھر چکی تھی۔بچوں کے رونے کی آواز سے کان پھٹ رہے تھے،کچھ نیم مردہ جسم تھے، اس نے آنکھیں بند کر لیں ۔آخر کار گاڑی ایک بلڈنگ کےآگےرکی۔ سب کو نکالا گیا اور ایک بڑے ہال میں لایا گیا وہاں پہلے سے ہی سلاب زدگان موجود تھے۔ سب کو ایک لائن میں بٹھا کر ایک عورت پیکٹ تقسیم کر رہی تھی۔لو بی بی! اس کوایک پیکٹ پکڑا یا گیا ،اس میں کچھ کپڑے ہیں، ساتھ والے کمرے میں کپڑے تبدیل کر لو پھر کھانا بھی ملے گا۔اس نے پیکٹ پکڑا اور ساتھ والے کمرے میں کپڑے بدلنے چلی گئی،جب پیکٹ کھولا تو اس میں کچھ کپڑے، بسکٹ اور پانی کی بوتلیں تھیں۔ اس نے سب سے پہلے اپنے برہنہ جسم کو ڈھانپنے کے لیے ایک سوٹ کھولا اور پہننے لگی۔ اس کےسائز سےبڑی شلوار قمیض پہنتےہوئےاس کی آنکھوں سے آنسو کی جھڑی لگ گئی،کھلی سی قمیض اور بڑی سی شلوار پہنتے ہوئے خوب روئی ۔شلوارکواوپراڑیس لیااور دوپٹے کوسرپرجما کروہ باہر آ گئی،پیکٹ بانٹنے والی لڑکی نے اسے بغور دیکھا اوہ۔۔۔۔۔میں نے تمہیں غلط پیکٹ دے دیا ہے ،یہ لو۔۔۔یہ تمہارے سائز کا ہے، اس پہ 15 سال لکھا ہے۔نہیں ٹھیک ہے! اس نے بے دلی سے جواب دیا اور پیکٹ پکڑ کر آگے بڑھ گئی۔وہ اپنے گاؤں کی درزن سے سو سو بار اپنی قمیض ٹھیک کروا کر اپنے ناپ کی کرواتی تھی ۔کپڑوں کے بارے میں بہت محتاط تھی اور آج اترن پہنتے ہوئے اسے اپنے گاؤں کی ماسی بہت یاد آئی۔خیر ہے! کہتے سمےآنسو ٹپ ٹپ اس کی آنکھوں سے گرے اور وہ آگے بڑھ گئی ۔
سیلاب زدگان کے لیے پیکٹ بند کرتے ہوئے اس نےسوچا اگر یہی میرے ساتھ ہوتا تو کیا ہوتا اور ساتھ ہی اس کا گلا رندھ گیا۔یا اللہ ہمیں ناگہانی سے بچانا ،انہونی سے بچانا، اس نے دل ہی دل میں دعا مانگیں اور جلدی جلدی بقیہ پیکٹ بنانے لگ گئی۔


































