
ام حسن
خود شناسی سےمرادہےانسان کا اپنےمقام،صلاحیتوں اورذمہ داریوں کو پہچاننا۔ یہ غوروفکرکا وہ عمل ہےجوانسان کواپنےوجود کی حقیقت سے
روشناس کرواتا ہے۔ جب انسان یہ سوال کرتا ہے کہ ”میں اس دنیا میں کیوں آیا ہوں؟“ یا ”مجھے کس مقصد کے تحت پیدا کیا گیا ہے؟“ تو وہ خود شناسی کی طرف پہلا قدم اٹھا لیتا ہے۔
اللہ تعالیٰ نے انسان کو بے شمار صلاحیتوں سے نوازا ہے، اسی لیے اسے اشرف المخلوقات کا درجہ دیا گیا۔ مگر اس مقام کا ادراک تبھی ممکن ہے جب انسان اپنی ذات پر تدبر کرے۔
میری زندگی کا مقصد کیا ہے؟
میں اپنے نفس کوکتنا جانتا ہوں؟
میرے اور میرے رب کے درمیان کیارکاوٹیں ہیں؟
میں کن باتوں میں وقت ضائع کررہا ہوں؟ اور کن باتوں پر غور کرنا ہے ،میری اصل ضرورت ہے؟
خود شناسی کاسفرانسان کو خدا شناسی کی طرف لے جاتا ہےکیونکہ یہ دونوں ایک ہی حقیقت کے دو رُخ ہیں۔
حدیثِ نبوی ﷺ ہے:
"من عرف نفسہ فقد عرف ربہ"
"جس نےاپنےنفس کو پہچانا،اُس نےاپنے رب کو پہچانا۔"
"نفس" سے مراد انسان کی روح، نیت، ارادے اورخیالات ہیں۔ جب دل اللہ کی اطاعت میں خوشی محسوس کرےاوردنیاوی وابستگیوں سےہٹ کر خالق کی طرف رجوع کرے، تب بندہ حقیقتاً خدا شناس بن جاتا ہے۔
خود شناسی صرف ایک فکری کیفیت نہیں بلکہ مسلسل محاسبے، سچائی اوراپنےباطن کوپرکھنےکاعمل ہے۔یہ انسان میں عاجزی، تقویٰ اورفخرسے پاک بندگی پیدا کرتی ہے۔ ایسا انسان اپنی صلاحیتوں پر فخر نہیں کرتا بلکہ اللہ کا شکر ادا کرتا ہے خود شناسی کوئی وقتی جذبہ نہیں بلکہ مسلسل خود احتسابی کا نام ہے۔ یہی خود شناسی ہے۔




































