
ام حسن
زندگی میں کچھ رشتے خون کے رشتوں سے بڑھ کر ہوتے ہیں اور میرے لیے میرے شفیق سسر ایسے ہی تھے۔ جب میں شادی ہو کر اس گھر میں آئی تو اللہ
تعالیٰ نے مجھے ایک ایسے مہربان اور محبت کرنے والے سسر کی صورت میں باپ جیسا سایہ عطاء فرمایا جس کی کمی میں نے بچپن میں محسوس کی تھی۔
میں بچپن میں اپنے والد کے سائے سے محروم ہو گئی تھی، اس لیے زندگی میں باپ کی شفقت کی ایک خلش ہمیشہ دل میں موجود رہی لیکن شادی کے بعد اللہ تعالیٰ نے اس کمی کو کسی حد تک پورا کر دیا۔ میرے سسر محترم میرے لیے صرف سسر نہیں تھے بلکہ ایک شفیق باپ تھے۔ جن کی محبت، خلوص اور شفقت نے مجھے اپنی بیٹی ہونے کا احساس دلایا۔
وہ ایک بلند علمی مقام رکھنے والی شخصیت تھے۔ کراچی یونیورسٹی میں شعبہ آرٹس کے ”ڈین“اور شیخ زید میں ”ڈائریکٹر“ رہے۔ وہ ایک محقق تھے۔ علم حدیث اور خاص طور سے علم الرجال ان کا ایک محبوب میدان تھا۔ اس فن میں وہ ایک مستند استاد کی حیثیت رکھتے تھے۔ اپنی پوری زندگی انہوں نے علم دین کے حصول اور اشاعت میں صرف کی۔ دنیا کے مختلف ممالک کے طلبہ ان سے علم حدیث اور اسماء الرجال کے علم سے ان لائن مستفید ہوتے رہے۔ وہ علم بانٹنے میں کبھی بخل نہیں کرتے تھے، بلکہ اپنے شاگردوں کو نہایت محبت اور خلوص سے پڑھاتے تھے۔
اتنی علمی شخصیت ہونے کے باوجود ان کے مزاج میں عاجزی اور خودداری تھی۔ وہ اتنے بڑے سرکاری منصب پر فائض رہے لیکن کبھی انہوں نے ایمانداری کا دامن ہاتھ سے نہیں چھوڑا۔ وہ خوش مزاج انسان تھے۔ گھر میں ہنسی مذاق میں رہتے تھے اور بچوں کے دوست اور ہر دلعزیز دادا، نانا تھے۔ انہوں نے کبھی اپنے بچوں پر سختی نہیں کی بلکہ ہمیشہ دوستانہ انداز اختیار کیا۔
اللہ تعالیٰ نے انہیں مال و دولت سے نوازا تھا لیکن وہ دولت کو جمع کرنے کے بجائے خرچ کرنے میں خوشی محسوس کرتے تھے۔ اپنے بچوں، عزیزوں اور ضرورت مندوں پر فراخ دلی سے خرچ کرتے تھے۔ وہ اپنے پوتوں سے بہت محبت کرتے تھے۔ ان کی چھوٹی چھوٹی خوشیاں ان کے لیے بہت معنی رکھتی تھیں۔
زندگی کے آخری ایّام میں اللہ تعالیٰ نے ان سے دین کی بے شمار خدمات لیں۔ صرف ڈیڑھ سال کے عرصے میں انہیں تین مرتبہ عمرے کی سعادت نصیب ہوئی۔ آخری سال میں اگرچہ صحت اور عمر کے تقاضے موجود تھے لیکن پھر بھی رمضان کریم میں اللہ تعالی کے گھر کی حاضری کی تڑپ انہیں عمرے کے سفر پر لے گئی۔ شدید گرمی بڑھاپے اور روزے کی حالت کے باوجود انہوں نے کئی عمروں کی سعادت حاصل کی۔ یہ ان کا اللہ سے گہرے عشق اور تعلق کا ثبوت ہے۔
عید الاضحیٰ انہوں نے ہمارے ساتھ انتہائی خوشی اور محبت کے ماحول میں گزاری۔ ہم نہیں جانتے تھے کہ یہ ہمارے ساتھ ان کی آخری عید ہوگی۔ عید کے چند دن ہی بعد وہ ہم سب کو چھوڑ کر اپنے رب کے حضور حاضر ہو گئے۔ (انا للہ وانا الیہ راجعون۔)
ان کی جدائی نے ہمارے دلوں میں ایک ایسا خلا پیدا کر دیا ہے جسے بھرنا ممکن نہیں سوائے اللہ کی محبت کے۔
اللہ تعالی ان کو غریق رحمت کرے اور ان کی قبر کو نور سے بھر دے اور ہمیں ان کے لیے صدقہ جاریہ بنائے ہم سب کو جنت میں اکٹھا فرمائے آمین۔




































