
انیلا عمران / لاہور
قران کا سفر کائنات کا سب سے خوبصورت اور ہیجان انگیز سفر ہے۔ اس راستے کا ہر قدم انسان پر ایک نئی حقیقت آشکار کرتا ہے۔
منزل کی طلب اور جستجو کے لیے اس کے قدم تیز کرتا ہے اور اس کے سائے میں سفر کرتے ہوئے انسان اپنے اپ کو بہت بلندی پر محسوس کرتا ہے ،جہاں سے دنیا بہت حقیر اور مصنوعی نظر آتی ہے۔
اس راستے سے گزرنے والوں کے سامنے ایک واضح اور یقینی منزل ہوتی ہے جس طرح ایک ڈرائیونگ سیٹ پر بیٹھا ہوا فرد اپنے گرد و پیش کے مناظر سے آگاہ تو ہوتا ہے مگر اس کی توجہ مکمل طور پر اسی راستے پر مرکوز ہوتی ہے جس پر وہ سفر کر رہا ہوتا ہے ارد گرد کے مناظر دیکھنے اور ہر سٹیشن پر رک کر اپنا وقت ضائع نہیں کرتا کیونکہ یہ کوئی عام سفر نہیں ہوتا ا،س لیے اس کے راستے کی آزمائشیں بھی عام نہیں ہوتیں ۔
قران کا یہ معجزہ ہے کہ وہ اپنے مسافر کو کسی لمحے تنہا نہیں چھوڑتا ،ہر پل اس کی رہنمائی کے لیے اس کے ساتھ موجود رہتا ہے، بس شرط غور و فکر اور مشاہدے کی ہے۔ سورہ ال عمران کی آخری آیت اس سفر کے لیے بہترین زاد راہ ہے ۔۔۔۔
"اے لوگو جو ایمان لائے ہو صبر سے کام لو باطل پرستوں کے مقابلے میں پامردی دکھاؤ حق کی خدمت کے لیے کمر بستہ رہو اور اللہ سے ڈرتے رہو امید ہے فلاح پاؤ گے"
یہ ہے قران کی وہ کائناتی سچائی جس سے کوئی ذی شعور انسان انکار نہیں کر سکتا، یعنی کامیابی کی چار شرائط ہیں صبر ' استقامت ' منظم اجتماعی جہدوجہد ' تقویٰ۔۔۔یہ نہ صرف روحانی بلکہ اجتماعی سماجی جدوجہد حیات کے اصول ہیں اور کامیابی کے متلاشی افراد کے لیے بہترین فارمولا ہے ،یعنی ہر زمانے میں کامیابی کا سفر ہر صورت صبر ہی سے شروع ہوگا ،استقامت اس کی شرط ہوگی یعنی یقین سے شروع ہونے والا یہ سفر اپنے پیچھے سے انے والی کسی آواز پر پلٹ کر نہیں دیکھے گا کیونکہ پیچھے دیکھنے والے پتھر کے ہو جاتے ہیں ،اسی طرح کامیابی کی تیسری شرط ایک منظم اجتماعی جدوجہد اور پھر سب سے بڑھ کر اللہ کا وہ تقوی ٰجو اس پورے سفر کی نگرانی کرے گا ۔
کامیابی کے سفر کو اللہ رب العزت نے ان چار چیزوں کے ساتھ مشروط کر دیا اور جہاں ایک بھی ستون کم ہوا وہاں کامیابی یعنی فلاح حاصل نہ ہو پائےگی، اسی طرح جیسے کائنات کے اربعہ عناصر ہوا' پانی' مٹی اور روشنی مل کر ہی درخت سے پھل حاصل کرتے ہیں ،اسی طرح کامیابی کی یہ چار شرائط مل کر ہی فلاح جیسا پھل تیار کرتی ہیں، فلاح ایک دائمی کامیابی ہوتی ہے ۔یہ اس دنیا میں کبھی معراج کی شکل میں کبھی زمزم اور کبھی فتح مکہ کی شکل میں ملتی ہے اور سب سے بڑھ کر جنت کے ان بالا خانوں کی صورت میں جنہیں اندیشہ زوال نہیں۔
سورہ ال عمران " پس جو شخص آگ سے بچا لیا گیا اور جنت میں داخل کر دیا گیا وہی کامیاب ہوا "




































