
بشریٰ وٹو /منڈی بہاؤالدین
اس وقت میرےہاتھ میں اسمارٹ فون ہے۔جسےعرف عام میں موبائل فون بھی کہا جاتا ہے۔ ہم میں سےبہت سےلوگوں کے پاس موبائل فون ہیں۔ اسے
استعمال کرنا بھی خوب جانتےہیں لیکن بہت کم لوگ جانتے ہوں گےکہ یہ کب ایجاد ہوا اور اس کا موجد کون ہے؟
زیادہ تر لوگ سر الیگزینڈرگراہم بیل کو ہی موجد سمجھتے ہیں۔
الیگزینڈر گراہم بیل نے جو 1876 میں ٹیلی فون ایجاد کیا وہ تاروں کی مدد سے کام کرتا تھا۔ یہ فون کسی ایگ جگ پڑا رہتا تھا۔ وائر لیس فون بہت بعد میں 1973 کو امریکا کے شہر نیو یارک میں مارٹن کوپر نے ایجاد کیا۔
آج کل ہم جو اسمارٹ فون استعمال کرتے ہیں وہ اسی وائرلیس فون کی ترقی یافتہ شکل ہے۔مارٹن کوپر موٹرولا ریڈیو اور الیکٹرانکس کمپنی کا انجینئر تھا۔ اس نے پہلی بار بے تار فون کی ضرورت محسوس کی اور موٹرولا ٹیم کے ساتھ مل کر 1973 میں وائرلیس فون ایجاد کرنے میں کامیاب ہوا۔ یہ اینٹ نما پہلا وائرلیس فون تھا جس میں بھاری بیٹری سیل نصب تھے۔ اس کے بعد کی پیڈ اور چھوٹی سی اسکرین والے موبائل فون آ گئے۔ پھر ٹچ اسکرین موبائل فون آئے اور چھا گئے۔ آج مارٹن کوپر کو تو شاید ہی کوئی جانتا ہو لیکن اس کے ایجاد کردہ دستی فون کو بہت مقبولیت حاصل ہے۔
آجکل اسمارٹ فون ایک نہایت مفید ایجاد ہے جس نےہماری بہت سی مشکلات حل کردیں ہیں۔تقریباً ہرشعبہ کے لوگ اس سےاستفادہ کر رہے ہیں۔ اس کی بدولت ہم مختلف ایپس،ویب سائٹس اور سوشل میڈیا تک رسائی حاصل کر سکتے ہیں۔
موبائل فون کی مدد سے بیٹھے گھنٹوں کے کام منٹوں میں ہوجاتےہیں۔ان تمام فوائد کے ساتھ ساتھ اس کےنقصانات بھی ہیں۔مثلاً اس کا دیر تک استعمال بینائی کی کمزوری کا باعث بھی بن سکتا ہے۔ اس لئےاس ہمیں صرف بامقصد کام کے لیے اور بوقت ضرورت ہی استعمال کرنا چاہیے۔
بلا وجہ کی اسکرولنگ سے اجتناب کرنا چاہیے۔
اکثر مائیں اپنے بچوں کو گیمز ڈاؤن لوڈ کر دیتی ہیں اور وہ گھنٹوں کھیلتے رہتےہیں بعض گیمز کے لامحدود لیول ہونے کی بنا پر بچوں کو گیمز کھیلنے کی لت پڑ جاتی ہے۔ وہ جسمانی کھیل اور پڑھائی کو نظر انداز کر دیتے ہیں لہٰذا بچوں کو کبھی کوئی گیم ڈاؤن لوڈ نہ کر دیں۔ جسمانی کھیل کھیلنے میں انہیں مدد اور موقع فراہم کریں۔ اس سے ان کی صحت پر مثبت اثرات پڑیں گے۔ آپ انہیں پڑھائی یا کسی بھی دوسری سرگرمی کے لیے ایک دم چست و توانا پائیں گے۔
بچوں کا کارٹون دیکھنا بھی کوئی مثبت سرگرمی نہیں ۔
نیٹ استعمال کرتے ہوئے اکثر بے ہودہ قسم کے کمرشل سامنےآجاتےہیں جن سےپرہیزکےباوجودان سے بچ نہیں پاتےتواس سے بچنے کےلیے فوراً سامنے آنے والےسپیکر کے نشان پہ کلک کر کے کمرشل خاموش کر دیں۔ کچھ لمحوں کیلئے اسکرین سے نظر ہٹا لیں۔اس سے ایک تو ہماری نظر کو کچھ لمحے آرام ملے گا۔ دوسری طرف موسیقی کی آواز ہمارے کانوں میں نہیں پڑے گی اور ہم ایک گناہ سے بچ جائیں گے۔
یوٹیوب پر کوئی اہم لیکچر سنتے ہوئے اگر کوئی بے ہودہ ویڈیو سامنے آ جائے تو اس کی طرف توجہ نہ دیں بلکہ لیکچرآنکھوں سے نہیں کانوں سے سنیں۔
واٹس ایپ استعمال کرتے ہوئے موٹے فونٹس کا استعمال کریں اور نائٹ موڈ پر رکھیں۔
میسج ٹائپ کرتے ہوئے کی بورڈ پر سامنے آنے والے متوقع الفاظ سےفائدہ اٹھائیں،اس سےوقت کی بچت ہو گی۔
مطالعہ کے لیے موبائل پر کسی کتاب کا ایپ ڈاؤن لوڈ کرنے یا پی ڈی ایف سے مطالعہ کرنے کی بجائے کتاب کی ہارڈ کاپی کے استعمال کو ترجیح دیں۔
اپنے پیارے محرم رشتہ داروں کو میسج کی بجائے کال کریں اس سے محبت بڑھے گی۔
اپنوں میں بیٹھ کر موبائل کا استعمال کم سےکم کریں۔ البتہ آپ کوغیبت کا اندیشہ ہو تو آپ اس برائی سے بچنے کیلئے موبائل کا بامقصد استعمال کر سکتے ہیں۔
اسلامی گروپ میں شمولیت اختیار کرکےان کی خدمات سے ضروراستفادہ کریں۔
آپ خود اور اپنے بچوں کو بامقصد سرگرمیاں سیکھنے کے لیے گروپ جوائن کرنے میں مدد دیں۔
دین کی اشاعت کیلئے موبائل کا استعمال ایک بہترین صدقہ جاریہ کا ہے۔
رات کو موبائل کا استعمال کم سےکم کریں کیونکہ رات اللہ تعالیٰ نے نیند کے لیے بنائی ہے۔
رات کو موبائل استعمال کرنے کا سب سے بڑا نقصان یہ ہے کہ ہم موبائل استعمال کرتے کرتےسو جاتے ہیں جس کی بنا پہ ہم مسنون طریقہ سے نہیں سوتے۔ سونے سے پہلے اذکار پڑھنا بھول جاتے ہیں جس کی وجہ سے شیاطین حملہ آور ہوتے ہیں اور ڈراؤنے خواب آتے ہیں۔
لیٹ کر موبائل استعمال کرنا بصارت کی کمزوری کا باعث بنتا ہے۔
فضول گروپ اور سرگرمیوں سے پرہیز کریں کیونکہ مومن فضول اور لغو کاموں میں نہیں پڑتا۔
سورة المؤمنون آیت نمبر 3 میں ارشاد باری تعالیٰ ہے:۔
وَالَّذِیۡنَ ھمۡ عَنِ اللَّغۡوِ مُعۡرِضُوۡنَ ﴿ۙ۳﴾
”جو لغویات سے منہ موڑ لیتے ہیں ۔“
اسی طرح سورة الفرقان آیت نمبر 72 میں ارشاد ربانی ہے:۔
وَ الَّذِیۡنَ لَا یَشۡہَدُوۡنَ الزُّوۡرَ ۙ وَ اِذَا مَرُّوۡا بِاللَّغۡوِ مَرُّوۡا کِرَامًا ﴿۷۲﴾
”اور جو لوگ جھوٹی گواہی نہیں دیتے اور جب کسی لغو چیز پر ان کا گزر ہوتا ہے تو شرافت سے گزر جاتے ہیں ۔“
امید ہے میری تجاویز اچھی لگی ہوں گی۔ عمل کر کے ضرور دیکھیے گا۔



































