
بشریٰ وٹو/ منڈی بہاؤالدین
اِنَّ فِىۡ خَلۡقِ السَّمٰوٰتِ وَالۡاَرۡضِ وَاخۡتِلَافِ الَّيۡلِ وَالنَّهَارِ لَاٰيٰتٍ لِّاُولِى الۡاَلۡبَابِ ۞
بے شک آسمانوں اور زمین کی پیدائش اور رات اور دن کے بدل بدل کے آنے جانے میں عقل والوں کے لیے نشانیاں ہیں۔
(سورۃ آل عمران آیت 190)
موسم بھی اللہ تعالی کی نشانیوں میں سےایک نشانی ہے۔ اللہ کے بنائے ہوئے سارے موسم ہی اچھے ہیں۔ الحمدللہ اللہ تعالیﷻ نے ہمارے پاکستان کو چار خوبصورت موسموں سے نوازا ہے۔ ہر موسم کی اپنی اپنی خصوصیات ہیں۔ جب ہم گرمی سے اکتا جاتے ہیں تو اللہ سبحان و تعالی ہمیں خزاں اورسردی کا موسم دے دیتے ہیں۔ اور جب سردی سے دل بھرجاتا ہے تو اللہ سبحان و تعالی بہار اور پھر دوبارہ موسم گرما سے نوازتے ہیں۔ جس کے لیے ہم اللہ تعالی کا جتنا بھی شکر ادا کریں کم ہے۔ دراصل تمام موسم اللہ تعالی کی نعمت ہیں اور اپنے ساتھ ڈھیروں نعمتیں لاتے ہیں۔ اور ہم مسلمانوں کے لیے ہر موسم میں آزمائش ہے۔ سردیوں میں وضو کرنا اور نماز کے لیے اٹھنا اور خواتین کا سخت سردی میں برتن دھونا، کپڑے دھونا ایک نفس کو پامال کرنے والا کام ہے۔
سردیوں میں جب دھند پڑتی ہے تو ہمیں سورج اور دھوپ کی اہمیت کا احساس ہوتا ہے۔گرمیوں میں جب سخت گرمی ہوتی ہے تو ہم اللہ تعالی سے بارش اور ٹھنڈی ہواؤں کے لیے دعائیں مانگتے ہیں۔
اور شدید گرمی میں جب پسینےچھوٹ رہےہوتےہیں،ایسی صورت حال میں بجلی کا غائب رہنابھی کسی آزمائش سے کم نہیں ہے۔
سردیوں میں دن چھوٹے ہوتے ہیں اور راتیں لمبی، جوہمیں قیام اللیل کا موقع فراہم کرتی ہیں۔
اسی طرح گرمیوں میں دن لمبے اور راتیں چھوٹی ہوتی ہیں۔ اور اگر رمضان کے روزے گرمیوں میں آجائیں تو اس میں بھی انسان کے لیے امتحان ہے۔
غرض ہر موسم نعمت بھی ہے اور آزمائش بھی۔
زیادہ گرمی اور سردی کا سبب
سیدنا ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا
”جہنم نے اپنے رب کے حضور میں شکایت کی اور کہا کہ میرے رب! میرے ہی بعض حصےنےبعض کو کھا لیا ہے۔ اللہ تعالیٰ نے اسےدو سانسوں کی اجازت دی۔ ایک سانس جاڑے میں اور ایک گرمی میں۔ تم انتہائی گرمی اور انتہائی سردی جو ان موسموں میں دیکھتے ہو، اس کا یہی سبب ہے۔“ (صحیح البخاری: 3260)
”وَکَانَ الۡاِنۡسَانُ کَفُوۡرًا۔“
”اور انسان بڑا ہی ناشکرا ہے۔“ (سورة بنی اسراءیل آیت 67)
گرمیوں میں سردی انسان کا پسندیدہ موسم بن جاتا ہے تو سردیوں میں گرمی۔
موسم بہار اکثر لوگوں کا پسندیدہ موسم ہے۔ جو بہت کم دورانیہ کا ہے۔
مذکورہ آیت مبارکہ کے مطابق موسموں کے تغیر و تبدل پر غور کیا جائے تو پتہ چلتا ہے کہ دنیا کی یہ زندگی دکھ اورسکھ، پریشانی ،آسانی،غم اور خوشی کا امتزاج ہے۔ کسی ایک چیز کو بھی ثبات نہیں۔ نہ غم ہمیشہ رہتے ہیں اور نا ہی خوشی ہمیشہ کے لیے ہوتی ہے۔ جب انسان کچھ حاصل کر لیتا ہے تو اس کا اپنا وقت ہی ختم ہو جاتا ہے۔ اور وہ اس دنیا سے چل بستا ہے۔ انسانی طبیعت کے موافق اگر ہمیشہ کے لیے خوشگوار موسم ہوگا تو وہ جنت میں ہوگا۔
اس موسم کے حصول کے لیے دنیا کے ہر موسم کو اللہﷻ کی شکر گزاری میں گزار کر حاصل کیا جا سکتا ہے۔ وہ بھی ہم انسانوں کے لیے ہی ہے۔
جہاں تک میرے پسندیدہ موسم کا تعلق ہے تو وہ موسم بہار ہے۔ اس موسم میں ہرچیز درخت، بیل بوٹے، چرند پرند اور انسان اپنے جوبن پہ نظرآتےہیں۔ پھر موسم کا بہار سے گرمی کی طرف رخت سفر باندھنا اس بات کی علامت ہے کہ یہ جوبن چند دنوں کا ہوتا ہے۔ پھر اسفل سافلین کی طرف ۔
ثُمَّ رَدَدۡنٰهُ اَسۡفَلَ سَافِلِيۡنَۙ ۞
”پھر (رفتہ رفتہ) اس (کی حالت) کو (بدل کر) پست سے پست کر دیا۔“ (سورۃ التین آیت 5)
علامہ اقبال نے کیا خوب فرمایا ہے:
کچھ کر لو نوجوانوں اٹھتی جوانیاں ہیں
هُوَ الَّذِىۡ جَعَلَ الشَّمۡسَ ضِيَآءً وَّالۡقَمَرَ نُوۡرًا وَّقَدَّرَهٗ مَنَازِلَ لِتَعۡلَمُوۡا عَدَدَ السِّنِيۡنَ وَالۡحِسَابَؕ مَا خَلَقَ اللّٰهُ ذٰلِكَ اِلَّا بِالۡحَـقِّۚ يُفَصِّلُ الۡاٰيٰتِ لِقَوۡمٍ يَّعۡلَمُوۡنَ ۞
”وہی تو ہے جس نےسورج کو روشن اور چاند کومنور بنایا اورچاند کی منزلیں مقرر کیں تاکہ تم برسوں کا شمار اور (کاموں کا) حساب معلوم کرو۔ یہ (سب کچھ) خدا نے تدبیر سے پیدا کیا ہے۔ سمجھنے والوں کے لیے وہ اپنی آیتیں کھول کھول کربیان فرماتا ہے۔“
(سورۃ يونس آیت 5)



































