
ہما عدیل
کائنات مسلسل ارتقا میں ہے۔ ہر شے یہ مرحلہ طے کرتی نظر آتی ہے۔ ہر شے کی بقا اسی میں ہے کہ وہ ارتقائی مراحل سے لڑنے کے بجائے ان کے ساتھ ہم
آہنگ ہو جائے۔ میرا خیال ہے کہ انسانی زندگی کا حسن بھی اسی مسلسل ارتقا میں پنہاں ہے۔ مولانا جلال الدین رومی نے وجود کے اس مسلسل سفر کو اپنےصوفیانہ انداز میں کچھ یوں بیان کیا ہے۔
از جمادی مردم و نامی شدم
وز نما مردم به حیوان سر زدم
مردم از حیوانی و آدم شدم
پس چه ترسم کی ز مردن کم شدم
رومی یہاں وجود کے مختلف مدارج اور ایک حالت سے دوسری حالت کی سفر کا ذکر کرتے ہیں۔ اقبال کی شاعری بھی ہمیں اسی طرف توجہ دلاتی ہے۔ اپنی ذات کی پہچان، اپنی صلاحیتوں کے دریافت اور آگے بڑھتے رہنے کی امنگ۔ ہمیشہ سیکھتے رہنا، نئے تجربات سے گزرنا ، علم اور شعور میں اضافہ کرنا اور ان سب کے ساتھ ساتھ اپنے اندر اتنی گنجائش پیدا کرنا کہ اپنی پرانی سوچ اور پرانے سبق جو اب مزید ہمارا ساتھ نہیں دے سکتے ان پر نظر ثانی کرنا یہی انسانی شعور کا ارتقا ہے۔
تو شاہیں ہیں پرواز ہے کام تیرا
تیرے سامنے آسماں اور بھی ہیں
علامہ اقبال کا فلسفۂ خودی بھی ہمیں اپنی ذات کی پہچان، اپنی پوشیدہ صلاحیتوں کی دریافت اور مسلسل آگے بڑھتے رہنے کی تحریک دیتا ہے۔ اقبال کا شاہین محض بلند پرواز کی علامت نہیں بلکہ ایک ایسی خود آگاہ اور متحرک شخصیت کا استعارہ ہے جو کسی ایک منزل پر رک کر خود کو مکمل نہیں سمجھ لیتی۔ وہ اپنی موجودہ صلاحیتوں پر اکتفا نہیں کرتی بلکہ اپنے اندر موجود ان امکانات کی تلاش بھی جاری رکھتی ہے جن سے وہ ابھی پوری طرح واقف نہیں۔
میرا ماننا ہے کہ ہم میں سے ہر انسان کے اندر کئی ایسی صلاحیتیں، دلچسپیاں اور امکانات پوشیدہ ہوتے ہیں جنہیں دریافت کرنے کے لیے ہمیں خود کو وقت دینا پڑتا ہے۔ اپنے اندر جھانکنا، غور و فکر کرنا، اپنی ذات کے ان گوشوں کو تلاش کرنا جو ابھی ہماری اپنی نظروں سے بھی اوجھل ہیں، دراصل خود شناسی کا سفر ہے۔مسلسل متحرک رہنے، سیکھنے اور اپنی ذات کو نئے سرے سے دریافت کرنے ہی میں ارتقا ہے۔ زندگی کا حسن اسی میں ہے کہ ہم اپنی ذات میں چھپے گوشوں، اپنی چھپی صلاحیتوں کو ڈھونڈیں۔ کچھ نیا سیکھیں اور کچھ پرانا چھوڑیں۔
قناعت نہ کر عالم رنگ و بو پہ
چمن اور بھی اشیاں اور بھی ہیں
اقبال کے فلسفے کے مطابق شکر گزاری قناعت بری چیز نہیں ہے بلکہ ان کا فلسفہ ہمیں محدود امکانات پر مطمئن ہو کر رک جانے سے منع کرتا ہے۔
کبھی سیکھنا بند نہ کرو، کبھی بھول کر نئی سمجھ حاصل کرنا بند نہ کرو اور کبھی خود کو ایک بہتر انسان بنانے کا سفر نہ روکوکیونکہ خود کو دریافت کرنے کا سفر کبھی ختم نہیں ہونا چاہیے اور ہمارے سامنے ابھی بہت سے آسمان باقی ہیں۔


































